Inquilab Logo

گجرات ٹائٹنس پلے آف میں داخل

Updated: May 12, 2022, 1:05 PM IST | Agency | Mumbai

آئی پی ایل میں گجرات نے لکھنؤ کو ۶۲؍رن سے شکست دےدی۔ پلے آف میں داخل ہونے والی پہلی ٹیم بنی

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 افغانستان  کے لیگ اسپنر راشد خان (۲۴؍ رن ۴؍ وکٹ) کی بہترین گیند بازی کے دم پر گجرات ٹائٹنس  نے منگل کو لکھنؤ سپر جائنٹس کو۶۲؍ رن سے دھول چٹاتے ہوئے آئی پی ایل۲۰۲۲ء کے پلے آف میں جگہ بنا لی ہے۔ گجرات نے ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۴۴؍ رن بنائے اور لکھنؤ کو۱۳ء۵؍ اوور میں صرف۸۲؍ رن  پر ڈھیر کردیا۔ یہ۱۲؍ میچوں میں گجرات کی ۹؍ ویں جیت ہے اور وہ۱۸؍ پوائنٹس کے ساتھ پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ لکھنؤ کو۱۲؍ میچوں میں چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن وہ۱۶؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ گجرات کی اننگز میں اوپنر شبھمن گل نے ۷؍ چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ۶۳؍ رن بنائے تاہم اس ذاتی اسکور کیلئے انہوں نے۴۹؍ گیندیں کھیلیں۔ اس کے علاوہ ردھیمان ساہا نے ۱۱؍ گیندوں پر۵؍ رن، میتھیو ویڈ نے ۷؍ گیندوں پر۱۰؍ اور کپتان ہاردک پانڈیا نے۱۳؍گیندوں پر۱۱؍رن بنائے۔ ڈیوڈ ملر کے۲۶؍رن  اور راہل تیوتیا کے ۲۲؍  رن  نے گجرات ٹائٹنس کو لکھنؤ کو ۱۴۵؍ رن کا ہدف دینے میں مدد کی۔ لکھنؤکی سخت گیند بازی کی بدولت گجرات اپنی اننگز میں صرف ایک چھکا ہی لگا سکی۔ سپر جائنٹس کے تیز گیندباز اویس خان نے اپنے ۴؍ اوورس میں۲۶؍ رن  دے کر ۲؍ وکٹ لئے ، جب کہ محسن خان نے اپنے ۴؍ اوورس میں ایک وکٹ کے عوض۱۸؍رن دئیے۔ کرونال پانڈیا نے ۴؍ اوورس کے اپنے کوٹے میں۲۴؍ رن  دئیے۔ لکھنؤ کی اکنامک بولنگ میں مہنگے ثابت ہونے والے جیسن ہولڈر نے۴۱؍ رن پر ایک وکٹ حاصل کیا۔  گجرات ٹائٹنس ٹیم نے دلیری سے۱۴۴؍ رن کا دفاع کیا اور پلے آف کیلئے  باضابطہ طور پر کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ منگل  کے میچ میں ان کے گیند بازوں نے جس انداز میں گیند بازی کی اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ گجرات کے تیز گیند بازوں نے پہلے پاور پلے میں تیز گیند بازی کرتے ہوئے وکٹ  لئے  اور پھر اپنا پہلا میچ کھیلنے والے راشدخان  اور سائی کشور نے باقی کا کام کیا۔ راشدخان  نے دیپک ہڈا، کرونال پانڈیا، جیسن ہولڈر اور اویس خان کے وکٹ  لئے۔ سائی کشور نے آیوش بدونی اور محسن خان کو آؤٹ کیا۔ محمد سمیع نے لکھنؤ کے کپتان لوکیش راہل کا وکٹ لیا۔ بلے باز دیپک ہڈا نے ۲۶؍ گیندوں پر۲۷؍ رن  بنائے جبکہ کوئنٹن ڈی کاک نے۱۱؍ اور اویس خان نے ۲؍ چھکوں کی مدد سے۱۲؍ رن بنائے۔ مارکس اسٹونیس ۲؍ رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ گجرات ٹائٹنس ٹیم کی جانب سے راشد خان نے ۴، الارا یش دیال اور سائی کشور نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ گجرات ٹائٹنس کے کپتان ہاردک پانڈیا  نے ٹیم کی۶۲؍ رن کی فتح  کے بعد کہا’’جس طرح سے سب نے بلے بازی کی، خاص طور پر شبھمن گل نے، مجھے لگا کہ۱۴۴؍ رن بنانے کے بعد ہمارے پاس اچھا موقع ہوگا۔ میرے خیال میں ان کے گیند بازوں نے تھوڑی شارٹ گیند بازی کی۔ فل لینتھ گیندوں پر اچھے نتائج آرہے تھے۔ ہم نے گروپ میں صرف ایک بات کی کہ وہ صرف دو شاٹس پر رن بناسکتے ہیں، اگر آپ بہت زیادہ فل لینتھ گیند کرتے ہیں تو کور ڈرائیوس پر اور اگر آپ وکٹ سے دور بولنگ کرتے ہیں توحریف ٹیم کی جانب سے رن بن سکتے ہیں۔‘‘ ہاردک پانڈیا نے کہا کہ اچھی حالت میں ہونے کے باوجود آخری میچ ہارنے کے بعد انہوں نے ساتھی کھلاڑیوں سے بات کی تھی۔انہوں نے کہا کہ گیندبازوں  نے توقع کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ہم نے کوئی غلطی نہیں کی۔ ۱۴؍ویں میچ سے قبل کوالیفائی کرنا بہت اچھا ہے، یہ ایک بہترین کوشش ہے اور ہمیں اپنے آپ پر فخر ہے۔ میں نے میدان میں اترنے سے پہلے اپنے ساتھیوں سے آخری میچ کے بارے میں بات چیت کی تھی۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم ہر میچ میں دباؤ میں تھے۔ آخری میچ واحد میچ تھا جس میں ہم اچھی حالت میں تھے اور جس طرح کے بلے باز ہمارے پاس تھے، ہمیں وہ میچ جیتنا چاہئے تھا۔ لیکن ایسا نہیں ہوا۔ اسی کے بارے میں ہم نے بات کی۔انہوںنےمزید کہاکہ میں ٹیم کی کارکردگی سے بہت  خوش ہوں اور چاہتا ہوں کہ ٹیم اگلے میچوں میں بھی ایسی کارکردگی دُہرائے اور ٹیم کو فائنل میں پہنچائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK