ہاکی انڈیا نے جمعرات کوخواتین ایشیا کپ ۲۰۲۵ءکیلئے سلیمہ ٹیٹے کی قیادت میں ۲۰؍ رکنی ہندوستانی ہاکی ٹیم کا اعلان کیا۔
EPAPER
Updated: August 22, 2025, 1:06 PM IST | Agency | New Delhi
ہاکی انڈیا نے جمعرات کوخواتین ایشیا کپ ۲۰۲۵ءکیلئے سلیمہ ٹیٹے کی قیادت میں ۲۰؍ رکنی ہندوستانی ہاکی ٹیم کا اعلان کیا۔
ہاکی انڈیا نے جمعرات کوخواتین ایشیا کپ ۲۰۲۵ءکیلئے سلیمہ ٹیٹے کی قیادت میں ۲۰؍ رکنی ہندوستانی ہاکی ٹیم کا اعلان کیا۔ ۵؍سے ۱۴؍ستمبر تک چین کے شہر ہانگزو میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم ۲۰۲۶ء کے ایف آئی ایچ ویمنز ہاکی ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کر لے گی۔ہندوستان کو پول’ بی‘ میں رکھا گیا ہے جہاں اس کا مقابلہ جاپان، تھائی لینڈ اور سنگاپور سے ہوگا۔ ٹیم اپنی مہم کا آغاز ۵؍ ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی، اس کے بعد ۶؍ ستمبر کو جاپان سے۔ ہندوستان اپنا آخری پول مرحلے کا میچ ۸؍ستمبر کو سنگاپور کے خلاف کھیلے گا۔
سلیمہ ٹیٹے کی زیرقیادت ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج ہے۔ گول کیپر بنساری سولنکی اور بیچو دیوی کھریبا م گول کیپنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گی ۔ دفاع میں نکی پردھان اور ادیتا جیسی تجربہ کار کھلاڑی ہوں گی جنہیں نوجوان منیشا چوہان، جیوتی، سمن دیوی تھوڈم اور ایشیکا چودھری کا بھرپور ساتھ ملے گا۔
مڈ فیلڈ میں نیہا، کپتان سلیمہ ٹیٹے، لال ریمسیامی، شرمیلا دیوی، سنیتا ٹوپو اور ویشنوی وٹھل پھالکے جیسے مضبوط نام ہیں، جو تخلیقی صلاحیتوں اور استحکام دونوں کو یقینی بناتے ہیں۔ فارورڈ لائن میں تجربہ کار اور ابھرتی ہوئی اسٹار نونیت کور، سنگیتا کماری، ممتاز خان، دیپیکا، بیوٹی ڈنگ ڈونگ اور رتجا داداسو پسل کے نام شامل ہیں۔
ٹیم کے موقع پر ٹیم کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے ہندوستانی خواتین ٹیم کے چیف کوچ ہریندر سنگھ نے کہا’’ ہم ہانگزو میں ہونے والے ویمنز ایشیا کپ کیلئے منتخب ٹیم کے بارے میں بہت پُرجوش ہیں۔ ٹیم سخت ٹریننگ کر رہی ہے اور ہم نے تجربہ کار کھلاڑیوں اور نوجوان ٹیلنٹ کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا’’ویمنز ایشیا کپ نہ صرف ایک باوقار چمپئن شپ ہے بلکہ ۲۰۲۶ءکے ایف آئی ایچ ویمنز ہاکی ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائنگ ایونٹ بھی ہے۔ جیتنے والی ٹیم خود بخود ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لے گی۔ ہر میچ ہمارے صبر، فٹنس اور حکمت عملی پر عمل درآمد کا امتحان لے گا۔‘‘انہوں نے کہا کہ ہرکھلاڑی کو یقین ہے کہ وہ اپنی بہترین کارکردگی سے اپنا اور اپنے ملک کانام روشن کریں گی ۔