• Tue, 04 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سان فرانسسکو سے ایئر انڈیا کی پرواز تکنیکی خرابی کی وجہ سے منگولیا میں اتری

Updated: November 03, 2025, 7:42 PM IST | New Delhi

ٹاٹا گروپ کی فضائی کمپنی کی ایئر انڈیا کی پرواز کو تکنیکی خرابی کا سامنا کرنے کے بعد منگولیا میں اترنا پڑا۔ طیارے نے اتوار کو امریکہ کے سان فرانسسکو سے اڑان بھری تھی اور کولکاتا کے راستے دہلی واپس جانا تھا۔

Air India.Photo:INN
ایئر انڈیا۔ تصویر:آئی این این

ٹاٹا گروپ کی فضائی کمپنی کی ایئر انڈیا کی پرواز کو تکنیکی خرابی کا سامنا کرنے کے بعد منگولیا میں اترنا پڑا۔  طیارے نے اتوار کو امریکہ کے سان فرانسسکو سے اڑان بھری تھی اور کولکاتا کے راستے دہلی واپس جانا تھا۔ ایئرلائن کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ پروازاے آئی ۱۷۴؍ کے پائلٹس نے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے مشتبہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے منگولیا کے اولانبتار ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کا فیصلہ کیا۔ طیارہ اولانبتار میں بحفاظت اتر گیا اور اس وقت ضروری معائنہ کیا جا رہا ہے۔ 
ترجمان نے کہا کہ ایئرلائن مسافروں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنی منزل تک پہنچ جائیں۔  قابل ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں ایئر انڈیا کے طیاروں میں تکنیکی خرابی کے کئی معاملے سامنے آئے ہیں۔ کمپنی نے کئی مواقع پر کہا ہے کہ وہ تکنیکی خرابیوں کو کم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے اور ملک کے ایوی ایشن ریگولیٹر، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ 
ایمریٹس نے  تنزانیہ کے لیے پروازیں منسوخ کر دیں
 ایمریٹس نے ۴؍ نومبر ۲۰۲۵ءتک دارالسلام جانے اور آنے والی تمام پروازیں معطل کر دی ہیں کیونکہ شہری بےامنی تنزانیہ کے تجارتی دارالحکومت اور مقبول سیاحتی گیٹ وے کو متاثر کر رہی ہے۔ایمریٹس نے ایک ایڈوائزری میں کہا کہ ’’ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور اپنے صارفین کو ہونے والی کسی بھی تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں۔ متاثرہ پروازوں میں دبئی سے دارالسلام کے لیے ای کے ۷۲۵؍ اور واپسی کی ای کے ۷۲۶؍ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:ہندوستان کیلئے ہائر ایکٹ ،ایچ وَن بی ویزا سے بڑا خطرہ : رگھورام راجن

ایمریٹس اس روٹ پر روزانہ پروازیں چلاتا ہے جو متحدہ عرب امارات کے مسافروں کو تنزانیہ کے ساحلوں، سفاری مقامات اور زنجبار کے جزائر سے جوڑتا ہے۔مشرقی افریقی ملک تنزانیہ میں متنازع صدارتی انتخابات کے خلاف مظاہروں میں ۷۰۰؍ افراد ہلاک ہو گئے۔ مشتعل مظاہرین نے دارالسلام ایئرپورٹ پر دھاوا بول دیا، سڑکوں پر بسوں، پیٹرول پمپس اور پولیس اسٹیشنز کو بھی آگ لگا دی گئی اور کئی پولنگ مراکز تباہ کر دئیے۔  تنزانیہ کی اپوزیشن جماعت کے ترجمان کے مطابق دارالسلام میں ۳۵۰؍ اور موانزا میں ۲۰۰؍ سے زائد افراد مارے گئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار پارٹی کارکنان نے اسپتالوں اور طبی مراکز سے لاشوں کی گنتی کے بعد جمع کیے۔ جب کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق مصدقہ اطلاعات سے معلوم ہوا ہے کہ ۱۰۰؍ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK