• Mon, 16 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

تلنگانہ: اسرائیل ٹی ہب تقریب سے قبل دو تنظیموں کے ذمہ داران گرفتار، بعدازاں رہا

Updated: November 16, 2026, 7:00 PM IST | Hyderabad

تلنگانہ حکومت کی جانب سے اسرائیل کی کمپنیوں کو ایک پروگرام میں مدعو کیا گیاہے۔ ایس آئی او اور اے پی سی آر کی جانب سے اس پروگرام کی مخالفت کی گئی، تاہم متعلقہ تنظیموں کے ذمہ داران سول سوسائٹی گروپس کی جانب سےمنعقد کی گئی ایک پریس کانفرنس میں بھی شریک ہوئے تھے۔ جس کے بعد دونوں تنظیموں کے ذمہ داران کو بغیر کسی وارنٹ، پیر کی صبح گرفتار کرلیا گیا، حالانکہ بعدازاں اے آئی ایم آئی ایم کے رکن اسمبلی کی مداخلت کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔

SIO Telangana leaders with MLA Mir Zulfiqar Ali after release by police. Photo: X
ایس آئی او تلنگانہ کے ذمہ داران رہائی کے بعد رکن اسمبلی میرذوالفقارعلی۔ تصویر: ایکس

حیدرآباد: تلنگانہ پولیس نے ٹی ہب میں اسرائیلی کمپنیوں کے پروگرام کی مخالفت کرنے والے ایس آئی او اور اے پی سی آر کے لیڈرز کو پیر کی علی الصبح بغیر کسی ایف آئی آر کے حراست میں لے لیا، جنہیں اے آئی ایم آئی ایم کے رکنِ اسمبلی میر ذوالفقار علی کی مداخلت کے بعد رہا کر دیا گیاہے۔ تلنگانہ پولیس نے حیدرآباد کے `ٹی ہب‘ میں اسرائیلی کمپنیوں کے پروگرام کی مخالفت میں اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (ایس آئی او) تلنگانہ اور اے پی سی آر (ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس) کے ریاستی ذمہ داروں کو پیر کی صبح حراست میں لے لیا۔ میر چوک پولیس نے ایس آئی او کے ریاستی سیکرٹریز محمد تاج اورتقی الدین زید کو حراست میں لیا، جبکہ اے پی سی آر کے ریاستی کوآرڈینیٹر عمر فاروق کو عادل آباد کے علاقے ایچوڑہ سے حراست میں لیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل: عرب کارکنوں کی گرفتاریوں میں نیتن یاہو کے کردار کی تحقیقات کا مطالبہ

تینوں لیڈرزاس پریس کانفرنس میں شریک تھے جس میں سول سوسائٹی گروپس نے ریاستی حکومت سے یہ پروگرام منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہیں پیر کی صبح آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے چارمینار سے رکنِ اسمبلی میر ذوالفقار علی کی مداخلت کے بعد رہا کر دیا گیا۔ ان کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی اور متعلقہ تنظیموں نے ان حراستوں کو انتقامی کارروائی قرار دیا۔ ایس آئی او تلنگانہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس (X)‘ پر کہا، ’’ضمیر کی آوازوں کو دبانے سے یقین، حوصلے اور انصاف پر مبنی کسی مقصد کو روکا نہیں جا سکتا۔ فلسطین کے ساتھ ہماری یکجہتی غیر متزلزل رہے گی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: این ویڈیا کے سابق سربراہ جینسن ہوانگ کی دوبارہ سی ای او بننے کی کوشش

سماجی کارکن ایس کیو مسعود نے ایکس پر لکھا، ’’یہ محض خوفزدہ کرنے کی کوشش اور اسرائیل کی اندھی حمایت کے سوا کچھ نہیں ہے اور ہم حیدرآباد سٹی پولیس کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت کا اسٹارٹ اپ انکیوبیٹر ٹی ہب ، نومبر۱۶؍ کو ۲۰؍ اسرائیلی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ایک وفد کی میزبانی کر رہا ہے۔ روزنامہ سیاست کی ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق، ان میں سے پانچ کمپنیاں ایسا ہارڈ ویئر، سافٹ ویئر یا خدمات فراہم کرتی ہیں جو مبینہ طور پر غزہ یا مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی مسلح افواج کے زیرِ استعمال ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK