Inquilab Logo

یوئیفا نیشنز لیگ میں ہنگری نے انگلینڈ کو چاروں شانے چِت کردیا

Updated: June 16, 2022, 1:52 PM IST | Agency | Wolverhampton

ہنگری نے سابق عالمی چمپئن انگلینڈ کو صفر۔۴؍ گول سے شکست دے دی۔ انگلش فٹبال ٹیم کے اسٹونس کو ریڈ کارڈ ملا۔ رولینڈ سالائی نے ۲؍گول کئے

Roland Salai, who scored 2 goals for the Hungarian team, can be seen in the excitement.Picture:INN
ہنگری کی ٹیم کی جانب سے ۲؍گول کرنے والے رولینڈ سالائی کو جوش میں دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

 انگلینڈ کو ہنگری کے خلاف یوئیفا نیشنز لیگ  فٹبال ٹورنامنٹ میں صفر۔۴؍سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ۱۹۲۸ء کے بعد گھریلو سرزمین پر انگلینڈ کی یہ بدترین شکست قرار دی جارہی ہے۔ انگلینڈ کے اسٹونس کو ریڈکارڈ دکھایا گیا۔  گزشتہ سال یورپی چمپئن  شپ کے فائنل میں جگہ بنانے والے انگلینڈ کو ہنگری کے ہاتھوں شکست کے بعد اپنے مداحوں کے غیظ و غضب کا سامنا کرنا پڑاہے۔   انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے کہا کہ کئی برسوں میں یہ ہماری پہلی بڑی شکست ہے۔ ہمیں یہ بھول کر آگے بڑھنا  ہوگا۔ ہنگری نے۱۶؍ ویں منٹ میں رولینڈ سالائی کے گول سے برتری حاصل کرلی۔ سلائی نے پھر ۷۰؍ ویں منٹ میں اسکور صفر۔۲؍گول کردیا۔ تیسرا گول۱۰؍ منٹ بعد جسولٹ ناگی نے کیا جبکہ ہنگری کی جانب سے ڈینیل گزداگ نے چوتھا گول کیا۔۹۴؍ سال قبل اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں ۱۹۲۸ء کی۱۔۵؍ سے شکست کے بعد یہ انگلینڈ کی گھریلو سرزمین پر سب سے بڑی شکست ہے۔ اس سے قبل ہنگری نے۱۹۵۳ء میں انگلینڈ کے خلاف۳۔۶؍ کی بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔ گروپ سی کے بارے میں بات چیت  کریںتو ہنگری کے۴؍ میچوں کے بعد۷؍ پوائنٹس ہیں اور وہ ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ جرمنی۶؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور اٹلی ۵؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم کے ۴؍ میچوں میں صرف ۲؍ پوائنٹس ہیں اور وہ سب سے آخری نمبر۴؍  پر ہے۔ منگل کی دیر رات ہونے والے نیشنز لیگ کے ایک اور میچ میں نیدرلینڈس نے ویلز کو قریبی مقابلے میں ۲۔۳؍ گول سے شکست دے دی۔ لیگ اے کے گروپ ۴؍ میں نیدرلینڈس کے کھلاڑیوں نے اچھا فٹبال کھیلتے ہوئے ۳؍گول کئے ۔ ڈچ ٹیم کیلئے این لینگ، سی گیپکو اور میمفس ڈی پے نے ایک ایک گول کیا۔ ویلز کی جانب سے بی جانسن  اور گریتھ بیل نے ایک ایک گول کرکے اسکور۲۔۳؍ گول کردیا۔ نیدرلینڈس ٹیبل پر ۴؍ میچوں میں ۳؍فتح  اور ایک ڈرا کے بعد ۱۰؍ پوائنٹس اور وہ ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ بلجیم دوسرے نمبرپر ہے اور پولینڈ تیسرے نمبرپرہے۔ بیل کی ٹیم ویلز چوتھے نمبرپر ہے اور اس کے پاس ایک ہی پوائنٹ ہے ۔ ویلز کا ٹورنامنٹ سے باہر ہونا تقریباً ہے۔منگل کو اسی گروپ ایک اور میچ میں بلجیم نے پولینڈ کو صفر ۔ایک گول سے شکست دے کر ۳؍پوائنٹس حاصل کرلئے۔ میچ کے ۱۶؍ ویں منٹ میں ہی  بلجیم کی ٹیم نے صفر۔ ایک کی برتری حاصل کرلی تھی۔ ایم باتشوائی نے ٹیلیمنس کی مدد سے ٹیم کیلئے فیصلہ کن گول کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK