سابق ہندوستانی کرکٹرس اجیت آگرکر، چیتن شرما، منندر سنگھ اور شیو سندر داس اور ابھے کورویلا نے نیشنل سلیکشن کمیٹی میں۳؍ خالی عہدوں کے لئے درخواست دی ہے۔
EPAPER
Updated: November 18, 2020, 11:08 AM IST | Agency | New Delhi
سابق ہندوستانی کرکٹرس اجیت آگرکر، چیتن شرما، منندر سنگھ اور شیو سندر داس اور ابھے کورویلا نے نیشنل سلیکشن کمیٹی میں۳؍ خالی عہدوں کے لئے درخواست دی ہے۔
سابق ہندوستانی کرکٹرس اجیت آگرکر، چیتن شرما، منندر سنگھ اور شیو سندر داس اور ابھے کورویلا نے نیشنل سلیکشن کمیٹی میں۳؍ خالی عہدوں کے لئے درخواست دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی آگرکر اور چیتن کے منتخب ہونے کی صورت میں نیشنل سلیکشن کمیٹی کو نیا صدر مل سکتا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے جتن پرانجپے، دیوانگ گاندھی اور شرن دیپ سنگھ کی ستمبر میں مدت کار ختم ہونے کے بعد یہ عہد جاری کئے تھے۔ درخواست دینے کی آخری تاریخ ۱۵؍ نومبر شام ۶؍ بجے تک تھی۔مغربی بنگال کے رندیو بوس بین الاقوامی تجربہ نہیں ہونے کے باوجود بھی درخواست دہندہ میں شامل ہیں۔ انہوں نے۹۱؍فرسٹ کلاس میچوں میں۳۱۷؍وکٹ لئے تھے اور کم از کم ۳۰؍فرسٹ کلاس میچ کھیلنے کی وجہ سے وہ اس کے اہل تھے۔ وہ حال ہی میں بنگال کے گیند با ز کوچ تھے۔ہندوستانی ٹیم کے سابق اسپنر سنیل جوشی اس وقت چیف سلیکٹر ہیں۔ پرانجپے، دیوانگ گاندھی او رسرن دیپ سنگھ سے سینئر ہونے کی وجہ سے جوشی کو چیف سلیکٹر بنایا گیا تھا۔ سابق تیز گیند باز ہرویندر جوشی اس برس مارچ میں سلیکشن کمیٹی میں شامل کئے گئے دوسرے رکن تھے۔ جوشی او ر ہرویندر کو ایم ایس کے پرساد اور گگن کھوڑا کی فروری میں مدت کار ختم ہونے کے بعد مقرر کیا گیا تھا۔ بی سی سی آئی کے آئین کے مطابق سب سے زیادہ ٹیسٹ میں کھیلنے والے کرکٹر کو ہی کمیٹی کا صدر بنایا جاتا ہے۔ اس سے یہ نتجہ سامنے آتا ہے کہ اگر بی سی سی آئی منندر یا آگرکرمیں سے کسی ایک کو مقرر کرتی ہے تو جوشی کی جگہ نیا چیف سلیکٹر بن سکتا ہے۔ سابق لیفٹ آرم اسپنر۵۵؍سالہ منندر نہ صرف درخواست دہندگان میں سب سے سینئر ہیں بلکہ ان کے پاس سب سے زیادہ۳۵؍ٹیسٹ کھیلنے کاتجربہ بھی ہے جبکہ۴۰؍سالہ آگرکر ممبئی کے چیف سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں اور ان کے پاس بین الاقوامی کھیل کا تجربہ بھی ہے۔ آگرکر نے ۲۶؍ٹیسٹ،۱۹۱؍یکروزہ میچ اور ۴؍ ٹی۲۰؍کھیلے ہیں۔ موجودہ صدر ۵۰؍ سالہ جوشی نے ۱۵؍ٹیسٹ اور۶۹؍ون ڈے کھیلے ہیں۔ بی سی سی آئی نے درخواست کے لئے جو کم از کم قابلیت رکھی ہے اس میں درخواست دہندہ کو کم از کم ۷؍ میچ،۳۰؍ فرسٹ کلاس میچ یا ۱۰؍ ایک روزہ یا پھر۲۰؍ایک روزہ میچ کھیلنے کا تجربہ ہونا چاہئے۔ اس کے علاوہ وہ ۵؍ برس پہلے ریٹائرمنٹ لے چکا ہو درخواست دہندگان کی عمر۶۰؍برس سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔