Inquilab Logo Happiest Places to Work

دنیا کی امیر ترین اداکارہ کون؟ فوربز فہرست میں کم کارڈیشین سرفہرست

Updated: March 12, 2026, 10:06 PM IST | Los Angeles

فوربز کی تازہ ارب پتیوں کی فہرست میں ٹی وی اسٹار کم کارڈیشین دنیا کی امیر ترین اداکارہ کے طور پر سامنے آئی ہیں۔ تقریباً ۹ء۱؍ بلین ڈالر کی دولت کے ساتھ انہوں نے تفریحی صنعت کی کئی بڑی شخصیات کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

Kim Kardashian. Photo: INN
کم کارڈیشین۔ تصویر: آئی این این

معروف بزنس میگزین فوربز نے حال ہی میں دنیا کے ارب پتیوں کی اپنی سالانہ فہرست جاری کی ہے جس میں دنیا بھر کے تقریباً چار ہزار ارب پتی افراد شامل ہیں۔ اس فہرست میں تفریحی صنعت سے تعلق رکھنے والی کئی نمایاں شخصیات بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ٹیلی ویژن اسٹار اور کاروباری شخصیت کم کارڈیشین دولت کے اعتبار سے دنیا کی امیر ترین اداکارہ بن کر سامنے آئی ہیں۔ فوربز کے مطابق ان کی مجموعی دولت تقریباً ایک اعشاریہ نو بلین ڈالر یعنی تقریباً سترہ ہزار پانچ سو کروڑ روپے کے قریب ہے۔ کم کارڈیشین نے اپنی دولت کا بڑا حصہ اپنے کاروباری منصوبوں اور ریئلٹی ٹی وی شوز کے ذریعے حاصل کیا ہے۔ ان کا مشہور ریئلٹی شو ’’دی کارڈیشینز‘‘ عالمی سطح پر بے حد مقبول رہا ہے اور اس کے کئی سیزن نشر ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: بامعنی سنیما کیلئے فنڈنگ، ناظرین تک رسائی مشکل: وشال بھردواج کا انتباہ

فوربز کے مطابق کم کارڈیشین کے شیپ ویئر برانڈ ’’اسکِمز‘‘ کی مالیت ۲۰۲۵ء میں ایک فنڈنگ راؤنڈ کے بعد تقریباً پانچ بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔ اس برانڈ میں معروف سرمایہ کاروں نے بھی سرمایہ کاری کی ہے۔ کم کارڈیشین کی شہرت میں سوشل میڈیا نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انسٹاگرام پر ان کے ۳۵۳؍ ملین سے زیادہ فالوورز ہیں جہاں وہ اپنے مختلف برانڈز اور مصنوعات کی تشہیر کرتی ہیں۔ واضح رہے کہ کم کارڈیشین مشہور امریکی وکیل رابرٹ کارڈیشین اور کرس جینر کی بیٹی ہیں۔ اپنے ابتدائی کریئر میں انہوں نے ہالی ووڈ سوشلائٹ پیرس ہلٹن کے لیے ذاتی معاون اور اسٹائلسٹ کے طور پر بھی کام کیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: ’’دُھرندھر۲ ‘‘ کی ریلیز سے قبل ’’دُھرندھر‘‘ کی ری ریلیز

کم کارڈیشین کے علاوہ ان کی بہنیں کائلی جینر، کینڈل جینر، کلوئی کارڈیشین اور کورٹنی کارڈیشین بھی امریکہ کی معروف سوشلائٹس اور کاروباری خواتین میں شمار ہوتی ہیں۔ کم کارڈیشین نے اپنے کریئر کے آغاز میں فلموں میں بھی قسمت آزمائی تھی۔ انہوں نے ’’ڈیپ اِن دی ویلی‘‘ اور ’’الیگیٹر بوٹس‘‘ جیسی کم بجٹ فلموں میں کام کیا، تاہم فلمی دنیا میں انہیں خاص کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ بعد ازاں انہوں نے مکمل طور پر ریئلٹی ٹی وی اور کاروبار پر توجہ دی، جس کے نتیجے میں وہ آج تفریحی صنعت کی امیر ترین شخصیات میں شمار کی جاتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK