Inquilab Logo

قسمت نے ساتھ دیا تو شعیب اختر کا ریکارڈ توڑ دوںگا

Updated: January 04, 2023, 12:57 PM IST | Mumbai

ٹیم انڈیا کے تیز گیندباز عمران ملک کا کہنا ہے کہ وہ اپنی فٹنس اور رفتار پر توجہ دے رہے ہیں اور امید ہے کہ تیز ترین گیند کا ریکارڈ توڑ دیںگے

photo;INN
تصویر :آئی این این

اس وقت کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین گیند پھینکنے کا عالمی ریکارڈ پاکستان کے  تیز گیندباز شعیب اختر کے نام ہے۔ اختر نے ۲۰۰۲ء کے ورلڈ کپ میں ۱۶۱ء۳؍ کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے بین الاقوامی کرکٹ میں تیز ترین ڈیلیوری کا  ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ ان کا ریکارڈ توڑنا مشکل ہے لیکن ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز عمران ملک کا موازنہ ہمیشہ اختر سے کیا جاتا ہے۔ جب عمران ملک سے شعیب اختر کا تیز ترین گیند کرنے کے ریکارڈ توڑنے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے معقول جواب دیا۔
  عمران ملک۲۰۲۱ء میں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز سن رائزرز حیدرآباد کے لئے اُس وقت سرخیوں میں آئے جب انہوں نے اپنی تیز رفتاری سے دنیائے کرکٹ میں  طوفان بپا کردیا ۔عمران نے کہا’’ابھی میں صرف ملک کے لئے اچھی کارکردگی  کا مظاہرہ کرنےکے بارے میں سوچ رہا ہوں۔ اگر میں اچھی گیندبازی کرتا رہا  اور اگر میں خوش قسمت رہا تو میں شعیب اختر کی تیز ترین گیندبازی کا ریکارڈ توڑ دوںگا۔ لیکن میں اس کے بارے میں بالکل نہیں سوچتا۔ میدان  پر پتہ نہیں چلتا  کہ میں نے کتنی تیز گیند ڈالی ہے ۔ جب ہم کھیل کے بعد واپس آتے ہیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ  گیند  کتنی تیز تھی۔ میچ کے دوران میرا واحد مقصد صحیح لینتھ اور لائن پر گیندبازی کرنا ہوتا  ہےاور وکٹ لینے پر  توجہ رہتی ہے۔‘‘
 یاد رہے کہ ٹیم انڈیا کے گیندباز عمران ملک  نے نیوزی لینڈ کے خلاف ۱۵۳ء۱؍کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے گیند ڈال کر سب کو حیران کردیا تھا۔ان کی تیز گیندبازی سے یہ کہا جانے لگا کہ بہت جلد وہ شعیب اختر کی تیز ترین گیند کا ریکارڈ توڑ دیںگے۔
   جموں کشمیر کے تیز گیند باز عمران ملک کو ۲۰۲۳ءمیں ہندوستان میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں دیکھا جا رہا ہے۔ اپنے مختصر کریئر میں اب تک عمران ملک نے ۵؍ یکروزہ  اور ۳؍ ٹی۔۲۰؍ میچوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہے اور بالترتیب ۷؍ اور ۲؍ وکٹیں حاصل کی ہیں۔عمران ملک کو آخری بار بنگلہ دیش کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ون ڈے سیریز میں دیکھا گیا تھا۔ وہ سری لنکا کے خلاف ٹی ۔۲۰؍ انٹرنیشنل اور ون ڈے سیریز کا بھی حصہ ہیں، جو  ہندوستان میں جاری ہے ۔
 واضح رہے کہ عمران ملک کی گیندبازی کی تعریف کئی سابق کھلاڑی بھی کر چکے ہیں۔ ٹیم انڈیا کے عظیم بلے باز سنیل گاوسکر نے کہا تھا کہ وہ سچن تینڈولکر کے بعد عمران ملک کو میدان میں دیکھ کر بہت پرجوش ہیں۔ عمران ملک اپنی تیز رفتاری کی وجہ سے مشہور ہو چکے ہیں۔ ان کی رفتار  سے ڈیل اسٹین، بریٹ لی اور وسیم اکرم جیسے لیجنڈ کھلاڑی بھی متاثر ہوئے ہیں ۔
 سنیل گاوسکر کے ذریعے کی جانے والی تعریف کے تعلق سے تیز گیندباز عمران ملک نے  ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔سنیل گاوسکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تیز گیند باز نے کہا’’ `آپ کا شکریہ سر ۔ اگر وہ مجھے دیکھ کر پُرجوش ہوتے  ہیں تو میں ان کا مشکور ہوں۔ مجھے بہت اچھا لگتا ہے جب کوئی میرے لئے کچھ کہتا ہے اور ’سنی سر‘   نے میرے تعلق سے جو کہا ہے وہ   میرے لئے بہت بڑی بات ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK