Inquilab Logo

لالیگامیں بارسلونا نے ریئل میڈرڈ پر دباؤ ڈالا

Updated: June 25, 2020, 12:22 PM IST | Agency | Madrid

میچ میں بارسلونا نے ایتھلیٹک بلباؤ کو صفر۔ ایک سے شکست دی۔ ایوان راکیٹچ نے میچ کا واحد گول کرنے میں کامیابی حاصل کی

Croatian Footballer
کروشیا سے تعلق رکھنے والے بارسلونا کے کھلاڑی ایوان راکیٹچ گیند کو کک لگاتے ہوئے

اسپینش لیگ لالیگا میں خطاب کیلئے زبردست مقابلہ آرائی دیکھنے کو مل رہی ہے اور بارسلونا اور ریئل میڈرڈ ایک دوسرے کو پیچھے کرنے کیلئے زور آزمائی کررہے ہیں۔ منگل کی رات ہونے والے میچ میں بارسلونا فٹبال کلب نے ایتھلیٹک بلباؤ کو شکست دے کر دوبارہ ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔ بارسلونا کی فتح کے بعدریئل میڈرڈ فٹبال کلب پر دباؤ بڑھ گیا ہے اور وہ بھی کوشش کرے گا کہ اگلے میچ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے بارسلونا پر دباؤ ڈالے۔ 
 منگل کی دیر رات ہونے والے میچ میں واحد گول فٹبال کلب کے کروشیائی کھلاڑی ایوان راکیٹچ نے کیا۔ ریئل کا اگلا مقابلہ لیگ سے باہر ہونے والی ٹیم میورکا فٹبال کلب کے ساتھ ہے اور اس کے کھلاڑی کوشش کریں گے کہ اس کمزور ٹیم کو زیادہ سے زیادہ گول سے شکست دیں۔ معطلی کے بعد جب لالیگا کے سیزن کا آغاز ہوا تھاتوبارسلونا فٹبال کلب نے اپنے پہلے میچ میں میورکا کو صفر۔۴؍ سے شکست دی تھی۔ 
 منگل کے میچ میں بارسلوناکلب  کے اسٹار کھلاڑیوں لیونل میسی، انٹوئین گریزمین اور لوئیس سواریز کو گول کرنے کیلئے جدوجہد کرنی پڑی۔ میچ کا واحد گول بھی دوسرے ہاف میں ہوا۔ ۷۱؍ویں منٹ میں ایوان راکیٹچ نے ایتھلیٹک کی ناکہ بندی توڑتے ہوئے گول کیا اور اپنی ٹیم کو ریئل پر ۳؍پوائنٹس کی برتری دلائی۔ 
 منگل کے بعد لالیگا کے پوائنٹ ٹیبل میں بارسلونا فٹبال کلب کے ۳۱؍میچوں میں ۶۶؍ پوائنٹس ہیں جبکہ ریئل میڈرڈ کے ۳۰؍ میچوں میں ۶۵؍پوائنٹس ہیں۔بارسلونافٹبال کلب اس وقت ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن پر ہے لیکن اس نے ایک میچ زیادہ کھیلا ہے اور زین الدین زیدان کی ٹیم ریئل میڈرڈ نے ایک میچ کم کھیلا ہے۔ تیسری پوزیشن پر ایٹلیٹیکو میڈرڈ برقرار ہے اور وہ چمپئن لیگ کے اگلے سیزن کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔
 میچ کے بعد بارسلونا فٹبال کلب کے کوچ کیوکیو سیٹین نے کہاکہ ہم اپنے روایتی حریف سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ ہم نے اپنا مقابلہ جیت لیا ہے اور اب ہماری نظران کے مقابلے پر  ہےکہ وہ کیا کرتے ہیں۔ 
 مقابلے میں فاتحانہ گول کرنے والے ایوان راکیٹچ نے کہاکہ یہ مشکل میچ تھا لیکن ہماری کامیابی اس میں بہت ضروری تھی۔ اپنی طرف سے پوری طاقت جھونک دی تھی کیونکہ وہ بہت اچھا کھیل رہے تھے اور ہمیں گول کرنے کے مواقع فراہم نہیں کررہے تھے۔ یا درہے کہ کروشیائی کھلاڑی  ایوان راکیٹج بینچ پر تھے اور انہیں دوسرے ہاف میں میدان پر بلایا گیا تھا اور انہو ںنے لیونل میسی کی مدد سے ٹیم کیلئے اہم گول کیا۔ 
 بارسلونا کے کھلاڑی ایوان راکیٹچ نے کہاکہ سیزن کے ۳۱؍راؤنڈ  ہوچکے ہیں اور میں نے منگل کو اپنا پہلا گول کیا۔ دوسری طرف میسی نے کہا کہ مجھے حیرانی ہوتی ہے کہ راکیٹچ نے سیزن میں گول کرنے کیلئے اتنا وقت لیا۔ اس میچ میں میسی بھی ۲؍بار گول کرنے کے قریب پہنچے تھے لیکن وہ ناکام رہے۔ اس لئے انہیں اپنے ۷۰۰؍واںگول کرنے کیلئے ابھی انتظار کرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK