Inquilab Logo

ٹی ۲۰؍سیریز میں ہندوستانی ٹیم نے آئر لینڈ کو کلین سویپ کردیا

Updated: June 30, 2022, 2:02 PM IST | Agency | Dublin

دوسرے ٹی ۲۰؍ میں ہندوستانی ٹیم نے ۴؍رن سے دلچسپ کامیابی حاصل کرلی۔ دیپک ہڈا نے سنچری بنائی۔ عمران ملک نے آخری اوورپھینکا

The Indian team that defeated the Irish team on the same field.Picture:INN
آئرش ٹیم کو اس کے ہی میدان پر شکست دینے والی ہندوستانی ٹیم ۔ تصویر: آئی این این

ٹیم انڈیا نے آئرلینڈ کے خلاف دوسرےٹی ۲۰؍ میچ میں۴؍ رن سے کامیابی  حاصل کی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم انڈیا نے ۷؍ وکٹوں کے نقصان پر۲۲۵؍ رن کا بڑا اسکور بنایا۔ جواب میں ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی ٹیم۵؍ وکٹوں پر۲۲۱؍رن ہی بنا سکی۔ ٹیم انڈیا نے ۲؍ میچوں کی ٹی ۲۰؍ سیریز صفر۔۲؍ سے جیت لی۔ ہاردک پانڈیا نے اپنی کپتانی میں پہلی سیریز بھی جیت لی۔   آئرلینڈ کی ٹیم نے ہدف کا تعاقب بہت اچھے طریقے سے شروع کیا۔ پال اسٹرلنگ اور اینڈریو نے پہلے وکٹ کیلئے۷۲؍ رن بنائے۔پال اسٹرلنگ نے۴۰؍رن اور اینڈریو نے۶۰؍ رن  بنائے۔ اس کے بعد آئرلینڈ کو کچھ بڑے دھچکے لگے۔ بشنوئی، ہرشل پٹیل اور عمران ملک نےایک ۔ ایک وکٹ لے کر آئرلینڈ کی کمر توڑ دی۔ اس کے بعد ہیری ٹیکٹر اور جارج ڈوکریل نے بلے بازی کی۔ ٹیکٹر۳۹؍رن اور ڈوکریل ۳۴؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں نے ہدف تک پہنچنے کی بہت کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ آخری اوور میں بھی کافی جوش و خروش تھا۔ آئرلینڈ کو جیت کیلئے آخری اوور میں۱۷؍ رن درکار تھے۔ عمران ملک نے پہلی ۲؍ گیندیں اچھی کی لیکن پھر نو بال  کے بعد ۲؍ چوکےدیئے۔ خیر ملک نے آخری ۲؍ گیندوں کو اچھا کیا اور ٹیم انڈیا کو زبردست جیت دلائی۔ ٹیم انڈیا کی جانب سے بھونیشور کمار، ہرشل پٹیل، روی بشنوئی اور عمران ملک نے ۱۔۱؍ وکٹ حاصل کیا۔  اس سے قبل ٹاپ آرڈر بلے باز دیپک ہڈا (۱۰۴؍رن) کی طوفانی سنچری کی بدولت ہندوستان نے منگل کی دیر رات کو آئرلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ۲۰؍میچ میں مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۷؍ وکٹ کے نقصان پر۲۲۷؍ رن بنائے۔
 دیپک نے صرف۵۷؍ گیندوں پر ۹؍ چوکوں اور۶؍چھکوں کی مدد سے۱۰۴؍رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ ایشان کشن (۳؍رن) کا وکٹ صرف۱۳؍ رن  کے اسکور پر گرنے کے بعد دیپک نے سنجو سیمسن کے ساتھ دوسرے وکٹ کیلئے ۱۷۶؍ رن کی بڑی شراکت کی۔ سیمسن نے۴۲؍ گیندوں پر ۹؍چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے ۷۷؍ رن بنائے۔ سوریہ کمار یادو ۵؍گیندوں پر ۱۵؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سوریہ نے اپنی اننگز میں ۲؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
 دنیش کارتک اور اکشر پٹیل۱۹؍ویں اوور میں کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ انہیں اپنا ۵۰؍ واں میچ کھیلنے والے کریگ ینگ نے آؤٹ کیا۔ ہرشل پٹیل کا بھی کھاتہ نہیں کھلا اور وہ آخری اوور کی ۵؍ ویں گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان ہاردک پانڈیا نے ۹؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۱۳؍ رن بنائے۔ آئرلینڈ کی جانب سے مارک ایڈر نے ۳؍ وکٹ لئے لیکن ۴؍ اوورس میں۴۴؍ رن دئیے۔
 اس میچ کیلئے ہندوستانی ٹیم میں ۳؍ تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ زخمی رتوراج گائیکواڈ کی جگہ سنجو سیمسن، اویس خان کی جگہ ہرشل پٹیل اور یزویندر چہل کی جگہ روی بشنوئی کو شامل کیا گیاتھا۔ راہل ترپاٹھی کو بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے ڈیبیوکیلئے تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا۔ آئرش ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK