Inquilab Logo

سراج کی وجہ سے اُمید روشن ، برسبین میں ٹیم انڈیا کے سامنے مشکل ہدف

Updated: January 19, 2021, 1:26 PM IST | Agency | Brisbane

چوتھے ٹیسٹ کے آخری دن ہندوستان کوجیت کیلئے ۳۲۴؍رن درکار۔ محمد سراج نے ۵؍وکٹ لئے۔ شاردل ٹھاکر نے ۴؍وکٹ لئے۔ اسمتھ کی نصف سنچری۔ وارنر نصف سنچری سے محروم

Team India.Picture :INN
ٹیم انڈیا۔ تصویر:آئی این این

تیز گیندباز وں محمدسراج (۷۳؍رن پر ۵؍وکٹ )اور شاردل ٹھاکر (۶۱؍ رن پر۴؍ وکٹ )کی خطرناک گیندبازی سے ہندوستان نے آسٹریلیاکو چوتھے اور آخری کرکٹ  ٹیسٹ کے چوتھے دن پیرکو دوسری اننگز میں ۲۹۴؍رن پر سمیٹ دیا۔آسٹریلیاکو کل  ۳۲۷؍ رن کی سبقت حاصل ہوئی اور اس نے فیصلہ کن میچ میں ہندوستان کے سامنے جیت کیلئے ۳۲۸؍رن کا انتہائی مشکل ہدف رکھاہے ۔ ہندوستان نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اپنی اننگز کا آغاز کیا اور ۱ء۵؍اوورمیں بغیر کوئی وکٹ گنوائے  ۴؍ رن بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے دن کا باقی کھیل ختم کرنا پڑا ۔روہت شرما نے ایک چوکا لگایا ہے اور وہ ۴؍ رن اور شبھمن گل کھاتہ کھولے بغیر کریز پر ہیں ۔ ہندوستان کومیچ کے۵؍ویں اور آخری دن منگل کو جیت کیلئے ۳۲۴؍رن بنانے ہوںگے ۔دوسری طرف آسٹریلیاکی پوری کوشش رہے گی کہ وہ ہندوستان کے سبھی۱۰؍وکٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔اگر ہندوستان یہ میچ جیتتا ہے یا ڈرا کروا لیتاہے تو بارڈر ۔گاوسکر ٹرافی اپنے پاس رکھے گا کیونکہ ہندوستان ۱۹۔۲۰۱۸ءکے پچھلے دورے میں سیریز ایک۔۲؍سے جیتی تھی ۔ آسٹریلیانے چوتھے دن بغیر کوئی وکٹ گنوائے۲۱؍رن  سے آگے کھیلنا شروع کیالیکن ہندوستان کے تیز گیندبازوں سراج اور ٹھاکرنے اپنا جلوہ دکھاتے ہوئے آسٹریلیائی ٹیم کو  ۷۵ء۵؍ اوور میں۲۹۴؍رن پر آل آؤٹ کر کے  اسے بڑی سبقت لینے سے روک دیا۔ سراج نے ۱۹ء۵؍اوورمیں۷۳؍رن دے کر ۵؍ وکٹ ، ٹھاکر نے۱۹؍اوور میں۶۱؍رن دے کر ۴؍وکٹ اور واشنگٹن سندر نے۱۸؍اوور میں ۸۰؍رن  دے کر ایک وکٹ لیا۔ٹی نٹراجن ۱۴؍اوور میں ۴۱؍ رن جبکہ نودیپ سینی ۵؍ اوور میں۳۲؍رن دیئے اور انہیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔ اس سے قبل صبح سلامی بلے باز مارکس ہیرس نے ایک رن  اور ڈیوڈ وارنر نے۲۰؍رن سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایااور دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے پہلے وکٹ کیلئے ۸۹؍رن بنائے ۔اس وقت ایسا لگ رہاتھا کہ یہ شراکت اور بڑی ہوگی لیکن ٹھاکر نے وکٹ کے پیچھے رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کروا کے ہیرس کو آؤٹ کردیا۔ہیرس نے۸۲؍ گیندوں میں ۸؍ چوکوں کی مددسے۳۸؍رن بنائے ۔
 آسٹریلیاابھی پہلے جھٹکے سے سنبھل ہی نہیں پایاتھاکہ آف اسپنر واشنگٹن سندرنے وارنر کو ایل بی ڈبلیوآؤٹ کرکے ٹیم کو دوسراجھٹکا دے دیا۔ وارنر نصف سنچری بنانے سے چوک گئے  اور انہوں نے  ۷۵؍گیندوں میں ۶؍ چوکوں کی مدد سے ۴۸؍رن بنائے۔۲؍وکٹ گرنے کے بعد مارنس لبوشین نے اسٹیواسمتھ کے ساتھ مل کر آسٹریلیائی اننگز کوسنبھالنے کی کوشش کی اور دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسرے  وکٹ کیلئے۳۲؍رن کی شراکت کی ۔ یہ شراکت حالانکہ اور بڑی ہوتی ، اس سے پہلے ہی سراج نے روہت شرما کے ہاتھوں کیچ کرواکے لبوشین کی اننگز کا خاتمہ کردیا اوریہ شراکت طویل ہونے سے پہلے ہی ٹوٹ گئی ۔ لبوشین نے ۲۲؍گیندوں میں۵؍چوکوں کی مدد سے۵۵؍رن بنائے۔لبوشین کے آؤٹ ہونے کے فوراً بعد ہی سراج نے میتھیوویڈ کوپنت کے ہاتھوں کیچ کروا دیااور آسٹریلیاکو چوتھا جھٹکا دیا۔ ویڈ ۳؍ گیندیں کھیل کر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ۔
 ۴؍جھٹکے لگنے کے بعد اسمتھ نے کیمرون گرین کےساتھ مل کر آسٹریلیائی اننگز کو رفتار دینے کی کوشش کی اور دونوں نے مل کر ۵؍ویں وکٹ کے لیے ۷۳؍رن بنائے۔ اسمتھ اور گرین نے محتاط طریقہ سے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستانی گیندبازوں کو خاصہ پریشان کیا اور اسمتھ نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کریئرکی۳۱؍ویں نصف سنچری بنائی  اسمتھ نصف سنچری بنانے کے بعد زیادہ دیر تک کریز پر نہیں رک سکے  اور سراج کی گیند پر کپتان اجنکیارہانے کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔اسمتھ نے۷۴؍گیندوں میں۷؍چوکوں کی مددسے ۵۵؍ رن بنائے۔اسمتھ کے آؤٹ ہونے کے بعد گرین نے ذمہ داری سنبھالی اور نپی تلی اننگز کھیلی لیکن ٹھاکر نے روہت کے ہاتھوں کیچ کروا کے گرین کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ گرین نے۹۰؍ گیندوں میں ۳؍ چوکوں کی مددسے۳۷؍رن بنائے ۔گرین کے پولین لوٹنے کے بعد کپتان ٹم پین نے پیٹ کمنس کے ساتھ شراکت کی کوشش کی لیکن یہ شراکت بھی زیادہ دیر نہیں چل سکی اور ٹھاکر نے پنت کے ہاتھوں کیچ کراکے  پین کو آؤٹ کردیا۔پین نے۳۷؍گیندوں میں ۳؍ چوکوں کی مددسے۲۷؍رن بنائے۔پین کے آؤٹ ہونے کے کچھ دیر بعد ہی سراج نے نودیپ سینی کے ہاتھوں کیچ کرواکے مشیل اسٹارک کو پویلین بھیج دیا۔اسٹارک نے ۴؍ گیندوں میں ایک  رن بنایا ۔ کمنس نے حالانکہ نچلے آرڈر کے بلے بازوں کےساتھ کچھ رن بنائے اور ٹیم کی سبقت کو ۳۰۰؍ رن  کے پار پہنچا دیا۔کمنس ایک کنارے سے اپنی اننگز آگے بڑھاتے رہے لیکن دوسرے کنارے سے آخرکے دونوں بلے باز ان کا  ساتھ زیادہ دیر نہیں دے سکے ۔ ناتھن لاین  ٹھاکر کی گیندپر مینک اگروال کو کیچ  دے کر آؤٹ ہوگئے جبکہ جوش ہیزل ووڈ کو سراج نے ٹھاکر کے ہاتھوں کیچ کرواکے پویلین بھیجا۔ لاین نے۱۳؍رن، ہیزل ووڈ نے  ۹؍رن بنائے اور کمنس۲۸؍رن بنائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK