آج موہالی میں پہلا یکروزہ میچ، دونوں ہی ٹیمیں اپنی تیاریوں کو آزمانے کی کوشش کریںگی،مہمان ٹیم کو جھٹکا،میکسویل اور اسٹارک پہلے میچ سے باہر
EPAPER
Updated: September 22, 2023, 10:40 AM IST | Agency | Mohali
آج موہالی میں پہلا یکروزہ میچ، دونوں ہی ٹیمیں اپنی تیاریوں کو آزمانے کی کوشش کریںگی،مہمان ٹیم کو جھٹکا،میکسویل اور اسٹارک پہلے میچ سے باہر
کرکٹ کے عالمی کپ سے قبل ہندوستان کی آسٹریلیا کے خلاف ۳؍ یکروزہ میچوں کی سیریز جمعہ سے شروع ہورہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے پاس میگا ایونٹ(ورلڈ کپ) سے قبل اپنی تیاری اور حکمت عملی کو بہتر بنانے کا اچھاموقع رہے گا۔ کپتان روہت شرما، وراٹ کوہلی، کلدیپ یادیو اور ہاردک پانڈیا کو پہلے ۲؍ میچوں کےلئے آرام دیا گیا ہے۔ اس سے ٹیم کو باقی کھلاڑیوں کا آزمانے کا موقع ملے گا۔
ایشیا کپ میں ہندوستانی ٹیم نے شاندار کامیابی درج کی ہے۔ پوری ٹیم مضبوط فارم میں ہے لیکن کچھ شعبے ایسے ہیں جہاں وہ مزید بہتری لانے کی کوشش کریں گے۔اکشر پٹیل چوٹ کی وجہ سے باہر ہیں۔ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ روی چندرن اشون اور واشنگٹن سندر کی آف اسپن جوڑی میں سے ان کی جگہ کون بہتر متبادل ثابت ہوگا۔ بلے بازی کے محاذ پر آسٹریلیا کے خلاف سیریز شریاس ایر اور سوریہ کمار یادیو کو اپنی چھاپ چھوڑنے کا موقع دے گی۔ شریاس ایشیا کپ کے دوران انجری کے باعث باہر ہو گئے تھے۔ایسے میں ان کی فٹنس پر ابھی تک سسپنس برقرار ہے جبکہ سوریہ کمار نے ابھی تک ون ڈے میں اپنی فارم ثابت نہیں کی ہے۔
روہت شرما کی غیر موجودگی میں ایشان کشن کے ساتھ شبھمن گل اننگز کا آغاز کر سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اگر ٹیم انتظامیہ محمد سراج کو آرام دیتی ہے تو محمد سمیع کے کھیلنے کا امکان ہے۔روہت شرما کی غیر موجودگی میں ٹیم کی کمان کے ایل راہل کے ہاتھوں میں ہوگی جنہوں نے ایشیا کپ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا۔جن کھلاڑیوں کو بھی اس یکروزہ سیریز میں موقع ملے گا ان کی یہی کوشش ہوگی کہ وہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی کپ کےلئے اپنا دعویٰ مضبوط کریں۔
آسٹریلیا کو جھٹکا،کئی کھلاڑی اَن فٹ
دوسری جانب آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ سے سیریز میں دو کے مقابلے ۳؍ میچ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ٹیم کے کئی کھلاڑی زخمی ہیں۔ اس لئے اس چمپئن ٹیم کو کافی مسائل کا سامنا ہے۔ تاہم آسٹریلیا کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ کپتان پیٹ کمنز اور اسٹیو اسمتھ جمعہ کو میدان میں اترنے کیلئے فٹ ہیں تاہم مچل اسٹارک اور گلین میکسویل پہلے میچ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ اس کے علاوہ شان ایبٹ، ناتھن ایلس، اسپنر جانسن اور ایشٹن ایگر بھی مسائل سے دوچار ہیں۔ ٹریوس ہیڈ کے بائیں ہاتھ میں فریکچر ہونے کی وجہ سے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا امکان ہے، جس سے مارنس لبوشین اور ٹم ڈیوڈ کو متبادل کھلاڑی کے طور پر ۵۰؍اوور کے مقابلوں میں اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کا مزید موقع مل سکتا ہے۔
کمنز اور اسمتھ کی واپسی سے آسٹریلیا کو تقویت ملی ہے، جو اس ون ڈے سیریز کو ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے ایک مثالی پلیٹ فارم سمجھتے ہیں۔ جہاں ان کے افتتاحی میچ کا حریف بھی ہندوستان ہے۔ جنوبی افریقہ میں مسلسل رن دینے کے بعد، جوش ہیزل ووڈ، ایڈم زمپا اور مارکس اسٹوئنس کا مقصد موہالی کی فلیٹ پچ پر ٹاپ ون ڈے فارم میں واپس آنا ہوگا۔
موہالی میں آسٹریلیا کا پلڑا بھاری
ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ۳؍ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلا میچ موہالی میں کھیلا جائے جہاں آسٹریلیا کے خلاف ہندوستانی ٹیم کا ریکارڈ بہت خراب رہا ہے۔ آج تک ہندوستانی ٹیم ون ڈے فارمیٹ میں یہاں آسٹریلیا کو شکست نہیں دے سکی ہے۔ اس گراؤنڈ پر کنگارو ٹیم نے ہر بار ٹیم انڈیا کو یکروزہ مقابلوں میں شکست دی ہے۔
تاہم ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف موہالی میں اپنے ریکارڈ کو بہتر کرنا چاہے گی ۔ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کیا ہندوستانی ٹیم موہالی میں آسٹریلوی ٹیم کو شکست دینے میں کامیاب ہوتی ہے یا نہیں؟
جہاں تک یکروزہ میچوں کی بات ہے تو آسٹریلیا کو ہندوستان کے خلاف برتری حاصل ہے۔ اب تک ٹیم انڈیا اور آسٹریلیا۱۴۶؍ یکروزہ میچ کھیل چکے ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم نے ہندوستان کو ۸۲؍ میچوں میں شکست دی ہے جبکہ ہندوستانی ٹیم کو صرف ۵۴؍ میچوں میں کامیابی ملی ہے۔ ہندوستان میں دونوں ٹیمیں۶۷؍ بار آمنے سامنے ہو چکی ہیں۔ آسٹریلیا نے ہندوستانی سرزمین پر ٹیم انڈیا کو ۳۲؍بار شکست دی ہے۔ وہیں ٹیم انڈیا آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر ۳۰؍ بار شکست دینے میں کامیاب رہی ہے۔