Inquilab Logo

ہندوستان بڑی فتح کے ساتھ عالمی چمپئن شپ میں پوزیشن بہتر کرنے کیلئے تیار

Updated: December 22, 2022, 2:48 PM IST | Mirapur

آج سے ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کا آغاز۔شبھمن گل موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیں گے۔ اسپنر اور تیز گیندباز پہلے ٹیسٹ کی کارگردگی دُہرانے کیلئے پُرعزم

photo;INN
تصویر :آئی این این

پہلے ٹیسٹ میں شاندار فتح سے پرجوش ہندوستانی کرکٹ ٹیم جمعرات سے یہاں شروع ہونے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل کرنےکی کوشش کرے گی تاکہ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ(ڈبلیو ٹی سی)میں اپنی پوزیشن کو بہتر بنایا جا سکے۔ اسٹینڈ ان کپتان کے ایل راہل بھی اس میچ میں زیر نگرانی رہیں گے کیونکہ وہ بنانے کیلئے  جدوجہد کر رہے ہیں۔ حالانکہ خبریں موصول ہورہی ہیں کہ ان کا کھیلنا مشکوک ہے۔ڈبلیو ٹی سی ٹیبل پر سرفہرست ۲؍ مقامات پر قبضہ کرنے کی دوڑ جاری ہے۔ ہندوستان ۵۵ء۷۷؍ فیصد کیساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
 جنوبی افریقہ کے گابا ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شرمناک شکست کا فائدہ ہندوستان کو ہوا ہے۔ جنوبی افریقہ کا۵۴ء۵۵؍فیصد ہے جبکہ آسٹریلیا۷۶ء۹۲؍فیصدکیساتھ سرفہرست ہے۔ آسٹریلیا کیخلاف اگلی ہوم سیریز ہندوستان کیلئے ڈبلیو ٹی سی ٹیبل پر سرفہرست ۲؍ مقامات کو برقرار رکھنے کیلئے اہم ہو گی لیکن وہ بنگلہ دیش کیخلاف کوئی بھی جوکھم لینے کا متحمل نہیں ہو سکتا جو پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں جلدآؤٹ ہو گیا تھا۔
 مستقل کپتان روہت شرما ابھی تک انگوٹھے کی چوٹ سے مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہوئے ہیں اور ہندوستانی الیون میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ شبھمن گل اور کلدیپ یادو جیسے کھلاڑیوں کو پہلے ٹیسٹ میچ میں سنہری موقع ملا اور انہوں نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا  یہاں تک کہ اگر روہت میچ کیلئے فٹ ہوتے بھی ہیںتو بھی گِل کو ڈراپ کرنا مشکل ہوتا کیونکہ انہوں نے چٹوگرام میں اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری بنائی تھی اس کے باوجود  روہت فٹ نہیں ہیں اور ایسی صورتحال میں گل ایک اور موقع کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیں گے۔
  پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ناکامی کے بعد راہل بھی آگے سے قیادت کرنا چاہیں گے۔ چٹوگرام کی طرح یہاں بھی پچ کی رفتار سست ہونے کی توقع ہے جو بلے بازوں کیلئے بہترین حالات ہوں گے۔ ایسے میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے پہلے فارم میں واپسی کیلئے راہل کیلئے یہ بہترین پلیٹ فارم ہوگا۔
 انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانےوالے واحد ٹیسٹ میچ سے لوٹنے والے تجربہ کار بلے باز چتیشور پجارا نے پہلے ٹیسٹ میں۹۰؍ اور ناٹ آؤٹ ۱۰۲؍رن بنا کر تیسرے نمبر پر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔ پجارا نے دوسری اننگز میں جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے اپنے ناقدین کو منہ توڑ جواب دیا۔ یہ وراٹ کوہلی کیلئے نومبر ۲۰۱۹ء کے بعد اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری بنانے کا ایک مثالی پلیٹ فارم بھی ہوگا۔ ہندوستان نے دوسری اننگز میں ۴؍ رن فی اوور سے زیادہ کی شرح سے اسکورکیا اور یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کیا ہندوستانی ٹیم اسی مثبت رویہ کے ساتھ جاتی ہے۔ حالات کو دیکھتے ہوئے بولرس ایک بار پھر وکٹ کو نشانہ بنانا چاہیں گے اور بولنگ کریں گے چاہے وہ فاسٹ بولر ہو یا اسپنر۔گزشتہ سال فروری کے بعد اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے کلدیپ نے آخری میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK