Inquilab Logo

پہلے انڈر ۱۹؍ خواتین عالمی کپ پر ہندوستان کا قبضہ

Updated: January 30, 2023, 3:35 PM IST | Potchefstroom

پہلی بار ہونے والے انڈر ۱۹؍ ویمنزورلڈ کپ میں ہندوستان نے انگلینڈ کو ۷؍وکٹ سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی

The Indian team is in celebration
ہندوستانی ٹیم جشن میں ڈوبی ہوئی ہے

ہندوستانی خواتین نے پہلی بار آئی سی سی انڈر۱۹؍ ویمنز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۳ء جیت لیا ۔ فائنل میچ میں ٹیم انڈیا کا مقابلہ انگلینڈ سے تھا لیکن انگلینڈ پہلے کھیلتے ہوئے صرف۶۸؍ رن پر آل آؤٹ ہو گئی۔ جواب میں سومیہ تیواری کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستانی ٹیم آسانی سے میچ جیت گئی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے  پہلی بار خطاب جیت کر تاریخ رقم کردی ہے۔ 
 ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم انڈیا کی شروعات بھی خراب رہی۔ شیفالی  ورما ۱۵؍ اور شویتا سہراوت ۵؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔لیکن سومیہ تیواری اور تریشا نے ایک سرے پر اسکور کو آگے بڑھاتے ہوئے ہندوستان کو فتح دلائی۔سومیہ نے ناٹ آؤٹ ۲۴؍ اور تریشا نے ۲۴؍رن بنائے۔ 
 اس سے قبل  ہندوستان نے جارح گیند بازی اورچست فیلڈنگ کی بدولت پہلے ویمنز انڈر ۱۹؍ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں اتوار کو انگلینڈ کو محض۶۸؍ رن پر آؤٹ کر دیا۔ ہندوستان کو خطاب جیتنے کیلئے۲۰؍ اوورس میں۶۹؍ رن درکار تھے ۔ انگلش ٹیم کی خواتین  تیتاس سادھو ( ۶؍ رن پر ۲؍ وکٹ)، ارچنا دیوی (۱۷؍ رن پر ۲؍ وکٹ ) اور پارشوی چوپڑا (۱۳؍ رن پر ۲؍وکٹ) کی تثلیث کے سامنے  پانی بھرتی نظر آئیں۔ اس کے ساتھ ہی منت کشیپ، شیفالی ورما اور سونم یادو نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا اور مقررہ اوور سے پہلے۱۷؍ گیندوں پر انگلینڈ کا بسترگول کرنے  میں اہم کردار ادا کیا۔
 ٹیم انڈیا کی کپتان شیفالی ورما نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جسے صحیح ثابت کرتے ہوئے سادھو نے انگلینڈ کے اوپنر لبرٹی ہیپ کو اپنے پہلے ہی اوور میں صفر پر آؤٹ کر دیا۔ بعد ازاں نیمہ ہالینڈنے رن ریٹ کو تیز کرنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکیں۔
 وقفے وقفے سے وکٹ گرنے کی وجہ سے پہلے۱۰؍ اوورس میں انگلینڈ کی آدھی ٹیم۳۹؍ رن کا اضافہ کر کے پویلین لوٹ چکی تھی۔ ہندوستانی گیند بازوں نے اس حد تک تباہی مچائی کہ ۶؍ انگلش کھلاڑی دُہرا ہندسہ بھی نہ بنا سکیں۔ ریان میکڈونلڈ گی (۱۹؍رن)، الیکسا اسٹون ہاؤس (۱۱؍ رن)، صوفیہ اسمیل (۱۱؍رن) اور نیمہ ہالینڈ (۱۰؍ رن ) ہی کچھ دیر کریز پر ٹھہری رہیں۔ انگلینڈ نے۱۷ء۱؍ اوورس میں۶۸؍ رن بنائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK