• Sun, 05 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان نے ونڈیز کو تیسرے ہی روز شکست دے دی

Updated: October 05, 2025, 11:07 AM IST | Ahmedabad

پہلے ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا نے اننگز اور ۱۰؍رنوں سے ویسٹ انڈیز کو ہرادیا، مین ا ٓف دی میچ رویندر جڈیجہ اور تیز گیندباز محمد سراج کی شاندار گیندبازی۔

Indian players congratulating each other after defeating West Indies. Photo: PTI
ویسٹ انڈیز کو شکست دینے کے بعد ہندوستانی کھلاڑی ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

ہندوستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اپنا دبدبہ برقرار رکھتے ہوئے پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور ۱۴۰؍ رنوں سے کامیابی حاصل کر لی۔ ۵؍روزہ ٹیسٹ میچ میں ہندوستانی ٹیم نے تیسرے ہی دن فتح حاصل کی۔ مین آف دی میچ رویندر جڈیجہ (۱۰۴؍ناٹ آؤٹ / ۴؍ وکٹ) اور محمد سراج (۳؍ وکٹ) نے سنیچر کو ہندوستان کو ایک اننگز اور ۱۴۰؍رنوں سے فتح دلانے میں اہم رول ادا کیا۔ دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کو ۱۴۶؍رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔ 
 ہندوستان نے دن کا کھیل شروع ہونے سے قبل اپنی پہلی اننگز ۵؍وکٹ پر ۴۴۸؍رن پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ پہلی اننگز کی بنیاد پر ٹیم انڈیا کو ۲۸۶؍رنوں کی برتری حاصل تھی۔ ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں بھی ناقص بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور دن کے ۲؍سیشن تک بھی بلے بازی نہیں کرسکی۔ مہمان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں ۱۴۶؍ رن بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح ہندوستان نے ۲؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ایک صفرکی برتری حاصل کر لی۔ 
ویسٹ انڈیز کی مایوس کن بلے بازی
رویندر جڈیجہ اور محمد سراج نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو چائے سے قبل سمیٹتے میں اہم رول ادا کیا۔ یہ ۱۷؍واں موقع ہے جب کسی ٹیم نے دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز اننگز کے فرق سے جیتی ہے۔ ان میں سے ویسٹ انڈیز نے۹؍ بار جبکہ ہندوستان نے ۸؍ میچ جیتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ ہندوستان نے آٹھویں بار ویسٹ انڈیز کو اننگز کے فرق سے شکست دی ہے۔ ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ دونوں اننگز میں ناقص رہی۔ پچھلی ۱۵؍ اننگز پر نظر ڈالیں تو ویسٹ انڈیز نے ۲۰۰؍رنوں کا ہندسہ صرف ۲؍ بار ہی عبور کیا ہے۔ 
ہندوستانی سرزمین پر ویسٹ انڈیز کا خراب ریکارڈ
ہندوستانی سرزمین پر ویسٹ انڈیز کا ٹیسٹ ریکارڈ حالیہ برسوں میں خراب رہا ہے۔ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہندوستان میں کھیلے گئے گزشتہ ۵؍ ٹیسٹ میچوں میں ویسٹ انڈیز کو ۴؍ مرتبہ اننگز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ ٹیم انڈیا نے اسے ایک میچ میں ۱۰؍وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ دونوں اننگز میں ناقص رہی اور تینوں دن ہندوستانی کھلاڑی چھائے رہے۔ دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایلیکا اتھانازے نے سب سے زیادہ ۳۸؍رن بنائے، جس کے بعد جسٹن گریوز نے ۲۵، جیڈن سیلز نے ۲۲، جوہان لین نے ۱۴؍، جان کیمبل نے ۱۴، ٹیگنارائن چندرپال نے ۸؍، برینڈن کنگ نے ۵، روسٹن چیس نے ایک ر اور شائی ہوپ نے بھی ایک رن کا اضافہ ہی کیا۔ دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی بلے بازی اتنی خراب تھی کہ ٹیم ہندوستانی گیند بازوں کے خلاف صرف ۴؍ گھنٹے ہی چل سکی۔ پوری اننگز میں ٹیم انڈیا کے گیندباز حاوی رہے۔ 
جڈیجہ کی آل راؤنڈ کارکردگی
ہندوستان کے لئے تجربہ کار آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ نے اس میچ میں گیند کے ساتھ ساتھ بلے سے بھی اپنی طاقت دکھائی۔ جڈیجہ نے پہلی اننگز میں ناقابل شکست سنچری بنائی اور دوسری میں ۴؍ وکٹیں حاصل کیں۔ محمدسراج نے جڈیجہ کا ساتھ دیا اور ۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔ اس دوران اسپن گیندباز کلدیپ یادو نے ۲؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ واشنگٹن سندر نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ جسپریت بمراہ دوسری اننگز میں ایک بھی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ ۱۰؍ اکتوبر سے دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 
کپتان نے خوشی کا اظہار کیا
کپتان شبھ من گل نے ٹاس میں اپنی مسلسل خراب قسمت کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی ٹیم سے ہر شعبے میں ایسی شاندار کارکردگی کے علاوہ کچھ نہیں چاہیے۔ گل نے میچ کے بعد کہاکہ میں مسلسل ۶؍ بار ٹاس ہارا ہوں ، لیکن جب تک ہم میچ جیت رہے ہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ایمانداری سے کہوں تو یہ ہمارے لیے ایک ‘پرفیکٹ’ میچ تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK