ٹیم انڈیا کا پلڑا بھاری، اب تک کھیلے گئے تمام ۱۱؍یکروزہ میچوں میں پاکستان کو شکست دی ہے۔
EPAPER
Updated: October 05, 2025, 11:07 AM IST | Colombo
ٹیم انڈیا کا پلڑا بھاری، اب تک کھیلے گئے تمام ۱۱؍یکروزہ میچوں میں پاکستان کو شکست دی ہے۔
ہندوستان اور پاکستان کی مردوں کی ٹیموں کے درمیان گزشتہ ۳؍ اتوار کو ہونے والے سنسنی خیز مقابلوں کے بعداب دونوں ممالک کی خواتین ٹیمیں اتوار کو یہاں یک روزہ عالمی کپ میں آمنے سامنے ہوں گی، جہاں کرکٹ مہارت سے زیادہ جذبات کی جنگ ہوگی اور ایک بار پھر ٹیم انڈیا کا پلڑا بھاری رہنے کا امکان ہے۔
ویمنز بین الاقوامی کرکٹ کے تمام فارمیٹ میں ہندوستان اور پاکستان نے اب تک ۲۷؍ میچ کھیلے ہیں جن میں سے ٹیم انڈیا نے ۲۴؍ اور پاکستان نے ۳؍ جیتے ہیں۔ پاکستان کی تینوں فتح ٹی۔ ۲۰؍فارمیٹ میں آئی ہیں۔ یکروزہ کرکٹ کی بات کریں تو ہندوستان کا کامیابی کا ریکارڈ ۱۰۰؍ فیصد رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے تمام ۱۱؍ میچ ہندوستان نے جیتے ہیں۔
خواتین کے عالمی کپ کے اپنے پہلے میچ میں ہندوستان نے سری لنکا کو ۵۹؍رنوں سے شکست دی تھی جبکہ پاکستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں ۷؍ وکٹوں سے شکست سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستانی بلے باز اسپن اور تیز گیند بازی دونوں کا سامنا کرنے میں ناکام رہے۔ تمام ٹیمیں ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں اور ہندوستان چوتھے نمبر پر ہے۔ ہندوستانی ٹیم کی نظریں اب اپنے نیٹ رن ریٹ کو بہتر بنانے پر مرکوز ہوں گی، جو ٹورنامنٹ کے آخری مراحل میں بہت اہم ہو جاتا ہے۔
ہرمن پریت کور کی ٹیم پورے اعتماد کے ساتھ اس مقابلے میں اترے گی۔ پہلے میچ میں ایک مرحلے پر ۱۲۴؍رنوں پر۶؍ وکٹیں گرنے کے بعد لوور آرڈر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۴۷؍ اوور میں ۲۵۰؍ رنوں سے زیادہ کا ہدف حاصل کیا تھا۔ ہندوستان کی طاقت اس کی بلے بازی ہے لیکن مضبوط ٹیموں کے خلاف بلے بازوں کو بہتر کارکردگی دکھانی ہوگی۔ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے میچ میں کولمبو کی پچ سے گیندبازوں کو کافی سیم مل رہی تھی، لہٰذا ٹیم انڈیا تیز گیند باز رینُوکا سنگھ کو آزما سکتا ہے، جو گزشتہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے ذریعے چوٹ کے بعد واپس آئی ہیں۔ حالانکہ وہ پریکٹس سیشن میں اپنے فارم میں نظر نہیں آئیں۔
دوسری جانب پاکستان کی سب سے بڑی تشویش اس کی بلے بازی ہے۔ پہلے میچ میں اس کے بلے بازوں نے مایوس کیا اور ان کی اننگز تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔ فاطمہ ثنا اور ڈیانا بیگ نے اچھی گیند بازی کی لیکن اسکور ہی بڑا نہیں تھا کہ دفاع کیا جا سکتا۔ پاکستان کو ایک ہی گراؤنڈ پر تمام میچ کھیلنے کا فائدہ ملے گا لیکن ہندوستان جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف اسے جیت کے لئے حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
میچ پر تناؤ اور غیر کرکٹ پہلوکرکٹ کے علاوہ اس میچ کے حوالے سے کافی تناؤ بھی ہے۔ وہ دن اب گزر گئے جب ۲۰۲۲ءکے عالمی کپ میں پاکستانی کی سابق کپتان بسمہ معروف کی بیٹی کے ساتھ ہندوستانی کھلاڑیوں کو کھیلتے دیکھا گیا تھا۔ مردوں کی ٹیم کی طرح، ہندوستانی ویمنز ٹیم بھی پاکستانی کھلاڑیوں سے شاید ہاتھ نہیں ملائیں گی۔
فاطمہ ثناء نے ٹیم انڈیا کو مضبوط قرار دیا
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہائی وولٹیج میچ آج کھیلا جائے گا۔ اس بڑے میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے تسلیم کیا ہے کہ فی الحال ہندوستانی ٹیم زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہے۔ انہوں نے کہا’’ ہم جانتے ہیں کہ ہندوستانی ٹیم مضبوط ہے۔ ہم نے دیکھا ہے کہ انہوں نے گزشتہ سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف کس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسمرتی ماندھنا، جیمیمہ روڈریگز اور ریچا گھوش نے واقعی بہت اچھا کھیلا ہے۔ دونوں ٹیمیں حالات سے واقف ہیں۔ ہم ہندوستان کے خلاف اچھا کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ ہمارے کھلاڑی ہندوستان سے مقابلہ کیلئے تیار ہیں۔ ‘‘