Inquilab Logo

ہندوستان نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں سب سے کم اسکور کا دفاع کیا

Updated: June 11, 2024, 10:33 AM IST | Agency | New York

ٹیم انڈیا نے پاکستان کو ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں ۶؍رن سے شکست دی۔ تجربہ کار جسپریت بمراہ نے اپنی حکمت عملی سے میچ کا رخ بدل دیا ۔پانڈیا نے بھی ریکارڈ بنایا۔

Jasprit Bumrah. Photo: INN
جسپریت بمراہ۔ تصویر : آئی این این

ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں ہندوستان نے پاکستان کو۶؍ رن سے سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔ نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس ہارنے کے بعد بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم انڈیا نے۱۱۹؍ رن بنائے۔ جواب میں پاکستانی ٹیم ۲۰؍ اوورس میں ۷؍ وکٹ پر۱۱۳؍ رن ہی بنا سکی۔ اس میچ میں ٹیم انڈیا نےٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میں اپنے سب سے کم اسکور کا دفاع کیا۔ ۲۰۱۶ء میں ٹیم انڈیا نے ہرارے میں زمبابوے کے خلاف۱۳۸؍ رن کا دفاع کیا تھا۔ ہندوستانی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ وکٹ لینے والے ہندوستانی  گیندبازی بن گئے۔ ہندوستان اور پاکستان کے میچ میں بننے ۶؍ریکارڈس درج ذیل ہیں۔ 
(۱) ہندوستان نے اپنے سب سے چھوٹے ہدف کا دفاع کیا:ہندوستانی ٹیم نے ٹی ۲۰؍ کرکٹ میں اپنے کم ترین اسکور کا دفاع کیا ہے۔ ٹیم نے پہلی اننگز میں ۱۱۹؍ رن بنائے اور پاکستان کو۱۲۰؍ رن کا ہدف دیا اور جیت گئی۔ ہندوستان نے۲۰۱۶ء میں ہرارے میں زمبابوے کے خلاف۱۳۸؍ رن کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔ ٹیم نے زمبابوے کو۱۳۹؍ رن کا ہدف دے کر ہدف تک پہنچنے سے روک دیا۔ 
(۲):ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں دوسری بار سب سے کم اسکور کا دفاع کیا گیا:ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں دوسری بار ۱۱۹؍ رن یا اس سے کم کے اسکور کا دفاع کیا گیا۔ ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کے خلاف۱۲۰؍ رن کے ہدف کا دفاع کیا۔ سری لنکا نے۲۰۱۴ء ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف۱۲۰؍ رن کے ہدف کا دفاع کیا ہے۔ یہ میچ چٹوگرام میں ہوا تھا۔ سری لنکا نے اس سال ورلڈ کپ بھی جیتا تھا۔ 
(۳)ہندوستان پہلی بار پاکستان کے خلاف آل آؤٹ ہوا:ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میں ہندوستان پہلی بار پاکستان کے خلاف آل آؤٹ ہوا۔ یہی نہیں، ٹیم انڈیا نے پاکستان کے سامنے ٹی ۲۰؍ میں سب سے کم اسکور بنایالیکن ٹیم جیت گئی۔ اس سے قبل ٹیم نے ۲۰۱۲ء میں سب سے کم اسکور بنایا تھا۔ تب ہندوستانی ٹیم نے بنگلور کے گراؤنڈ پر پاکستان کے خلاف۹؍ وکٹ پر۱۳۳؍ رن بنائے تھے لیکن پھر ہندوستانی ٹیم کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ 
(۴) ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں پہلی بار شاہین کے پہلے ہی اوور میں چھکا: میچ کے پہلے ہی اوور میں روہت شرما نے شاہین آفریدی کے خلاف چھکا لگایا۔ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں پہلی بار جب شاہین آفریدی پہلا اوور کرنے آئے تو انہیں چھکا لگا۔ ورلڈ کپ کے۱۴؍ میچوں میں جب بھی شاہین نے پہلا اوور پھینکا تو کوئی دوسرا بلے باز انہیں چھکا نہیں لگا سکا۔ 
 (۵) پاکستان دوسرے کم ترین اسکور کا تعاقب نہ کر سکا: پاکستان کرکٹ ٹیم دوسرے کم ترین اسکور کا تعاقب نہ کر سکی۔ ہندوستان نے۱۲۰؍ رن کا ہدف دیا تھا لیکن پاکستان صرف۱۱۳؍ رن بنا سکا۔ اس ریکارڈ میں زمبابوے سرفہرست ہے۔ ۲۰۲۱ء میں زمبابوے نے پاکستان کے خلاف۱۱۹؍ رن کے ہدف کا دفاع کیا تھا۔ 
(۶)پانڈیا وہ ہندوستانی ہیں جنہوں نے پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ ٹی ۲۰؍ وکٹ حاصل کئے: ہندوستانی ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا ٹی ۲۰؍ کرکٹ میں پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ وکٹ لینے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے بھونیشور کمار کو پیچھے چھوڑ دیا۔ تیز گیندبازبھونیشور کمار نے ٹی ۲۰؍ کرکٹ میں ۱۱؍ پاکستانی بلے بازوں کو آؤٹ کیا تھا۔ ہاردک پانڈیا نے پاکستان کے خلاف میچ میں ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے پاکستان کی ٹیم کی اننگز کے ۱۳؍ویں اوور میں اسٹار بلے بازفخر زمان کا وکٹ لے کر بھووی کا ریکارڈ توڑ دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK