• Tue, 25 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان پر گھریلو گراؤنڈ میں وائٹ واش کا خطرہ منڈلانے لگا

Updated: November 25, 2025, 10:01 PM IST | Guwahati

گوہاٹی ٹیسٹ میں ہندوستانی ٹیم مشکلات میں گھر گئی، ایک بار پھر ہوم گراؤنڈ میں وائٹ واش کا خطرہ منڈلانے لگا۔ جنوبی افریقہ نے میچ کے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز پانچ وکٹ پر ۲۶۰؍ رنز پر ڈکلیئر کر کے ہندوستان کو جیت کے لیے ۵۴۹؍ رنز کا انتہائی مشکل ہدف دیا۔

South Africa Team.Photo:PTI
جنوبی افریقہ کی ٹیم۔ تصویر:پی ٹی آئی

گوہاٹی ٹیسٹ میں  ہندوستانی ٹیم مشکلات میں گھر گئی، ایک بار پھر ہوم گراؤنڈ میں وائٹ واش کا خطرہ منڈلانے لگا۔ جنوبی افریقہ نے میچ کے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز پانچ وکٹ پر ۲۶۰؍ رنز پر ڈکلیئر کر کے  ہندوستان کو جیت کے لیے ۵۴۹؍ رنز کا انتہائی مشکل ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں ہندوستان نے دن کے اختتام تک دو وکٹ پر صرف ۲۷؍ رنز بنائے اور اب بھی ۵۲۲؍ رنز دور ہے۔
ہندوستان کی دوسری اننگز کا آغاز بہت خراب رہا۔ پہلی اننگز میں چھ وکٹ لینے والے مارکو جینسن نے یشسوی  جیسوال کو کیچ آؤٹ کرایا، جبکہ اسپنر سائمن ہارمر نے کے ایل راہل کو بولڈ کیا۔ جیسوال نے ۱۳؍ اور راہل نے ۶؍ رنز بنائے۔ اسٹمپ کے وقت سائی سد رشن ۲؍ اور نائٹ واچ مین کلدیپ یادو۴؍ رنز پر کھیل رہے تھے۔جنوبی افریقہ اب فتح سے محض ۸؍ وکٹ دور ہے۔ ہندوستان کی اوپننگ جوڑی کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد سب سے بڑا چیلنج پانچویں دن پورا دن بیٹنگ کرنا ہوگا۔ میچ کا نتیجہ کل ہی سامنے آئے گا، لیکن اب تک کہانی یہی ہے کہ جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو پوری طرح  قابو کررکھا ہے۔
آخری سیشن میں ہندوستان کے دو وکٹ گرے اور میچ میں تین سیشن باقی ہیں۔ جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے آٹھ وکٹ درکار ہیں، جبکہ ہندوستان کو ۵۲۲؍ رنز جو حقیقت میں ممکن نظر نہیں آتے۔ اگرہندوستانی بیٹرز ڈٹے رہے تو وہ میچ ڈرا کرا سکتے ہیں، لیکن جنوبی افریقہ کی تاخیر سے کی گئی ڈکلیریشن نے ماہرین کو حیران کردیا کیونکہ اس سے کچھ قیمتی اوورز ضائع ہوئے جن میں وہ ہندوستان کے مزید وکٹ حاصل کر سکتے تھے۔
پانچویں دن اسپنرز اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ مہاراج، ہارمر، میتھوسامی اور مارکرم کے ساتھ ساتھ، جنوبی افریقہ کے پاس اسپن کا پورا اسلحہ موجود ہے۔ اس کے علاوہ مارکو جینسن اس ٹیسٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک رہے ہیں ،پہلی اننگز میں اہم رنز اور تیز شارٹ گیندوں سےہندوستان بیٹرز کو پریشان کیا۔ جنوبی افریقہ امید کرے گا کہ وہ آخری دن بھی یہی فارم برقرار رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھئے:غیر ملکی شوہر نے سیلینا جیٹلی کو گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا، اداکارہ نے۵۰؍ کروڑ کا دعویٰ دائر کر دیا

یہ صرف دوسری  موقع  ہے کہ ہندوستان کو ہوم ٹیسٹ میں ۵۰۰؍ سے زائد رنز کا ہدف ملا ہے۔ اس سے پہلے۲۰۰۴ء میں ناگپور میں آسٹریلیا نے ۵۴۳؍ رنز کا ہدف دیا تھا، جو ہندوستان ۳۴۲؍ رنز سے ہار گیا تھا،جو ان کی رنز کے حساب سے سب سے بڑی شکست ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ۲۶؍ رنز بغیر نقصان کے اپنی اننگز آگے بڑھائی اور پانچ وکٹ پر ۲۶۰؍رنز پر ڈکلیئر کیا۔ پہلی اننگز میں انہیں ۲۸۸؍ رنز کی سبقت حاصل تھی۔

یہ بھی پڑھئے:نمیبیا: سیاستداں ایڈولف ہٹلر اگلے صدر ہوسکتے ہیں

دوسری اننگز میں  اسٹَبس نے ۱۸۰؍ گیندوں پر ۹۴؍ رنز بنائے، جن میں نو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ انہیں رویندر جڈیجا نے بولڈ کیا، جو ۶۲؍ رنز کے عوض چار وکٹ کے ساتھ ہندوستان کے کامیاب ترین بولر رہے۔رائن ریکلٹن۳۵، ایڈن مارکرم ۲۹، ٹونی ڈی ژورجی ۴۹؍ اور ویان ملڈر ۳۵؍ ناٹ آؤٹ رہے۔ واشنگٹن سندر نے ۶۷؍ رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK