Inquilab Logo

ہندوستان کو کانپور ٹیسٹ میں فتح کیلئے ۹؍وکٹ درکار

Updated: November 29, 2021, 1:36 PM IST | Agency | Kanpur

ٹیم انڈیا نے دوسری اننگز ۷؍وکٹ پر ۲۳۴؍رن بناکر ڈکلیئر کردی۔ نیوزی لینڈ کو ۲۸۴؍رن کا ہدف دیا۔ کیو ی ٹیم کا ایک کھلاڑی پویلین لوٹا

Shreyas Iye.Picture:INN
شریس ایّر۔ تصویر: آئی این این

 نیوزی لینڈکے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ۵؍ وکٹ محض۵۱؍رن پر گنوانے کے باوجود  ہندوستان نے سنبھل کر کھیلتے ہوئے اتوارکو چوتھے دن ۷؍ وکٹ پر۲۳۴؍ رن بناکر اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا اور مہمان ٹیم کو جیت کے لئے۲۸۴؍ رن کا ہدف دیا جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ایک وکٹ گنوا کر ۴؍ رن بنالئے تھے۔  گرین پارک گراؤنڈ میں ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں۳۴۵؍ رن بنائے تھے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز۲۹۶؍ رن پر سمٹ گئی۔ پہلی اننگز میں ۴۹؍رن کی اہم برتری حاصل کرنے کے بعد ہندوستان نے اتوارکو دوسری اننگز ۷؍ وکٹ پر۲۳۴؍ رن پر ڈکلیئر کردی۔ اتوار کو مہمان ٹیم کی دوسری اننگز کے صرف ۴؍ اوورس میں روی چندرن اشون نے  سلامی بلے باز ول ینگ کو محض ۲؍رن کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو کرکے  اپنا شکار بنایا۔ دن کا کھیل ختم ہونے کے وقت ٹام لاتھم (۲؍رن) اور نائٹ واچ مین کے کردار میں ولیم سومرول بغیر کسی رن کے کریز پر موجود تھے۔ 
 اس سے قبل دوسری اننگز میں ہندوستانی ٹیم نے اپنے سنیچر  کے اسکور میں ایک وکٹ پر۱۴؍ رن سے  آگے کھیلنا شروع کیا اور لنچ تک ایک کے بعد ایک ۴؍ وکٹ گنوادیئے۔ لنچ پر ہندوستان کا اسکور ۵؍ وکٹ پر صرف۸۴؍ رن تھا۔ لنچ کے وقت پہلی اننگز  میں سنچری بنانے والے شریس ایّر  (۱۸؍رن) اور روی چندرن اشون۲۰؍ رن بنا کریز پر جمے ہوئے تھے۔  لنچ کے بعد شریس اور اشون کی جوڑی نے سنبھال کر کھیلتے ہوئے نصف سنچری شراکت کی لیکن اس درمیان  اشون۳۲؍ رن کے نجی اسکور پر کائل جیمیسن کا شکار بنے۔ بعد میں شریس اور نئے بلے باز ردھیمان ساہا (۶۱؍ ناٹ آؤٹ) نے کھیلنا شروع کا اور شریس نے۸؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۶۵؍ رن کی عمدہ اننگز کھیلی۔  پہلی اننگز میں سنچری اور دوسری میں نصف بنانے والے شریس پہلے ہندوستانی ٹیسٹ بلے باز بنے۔ وہ ٹم ساؤدی کی گیند پر وکٹ کیپر بلینڈل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ شریس نے۱۲۵؍ گیندوں پر۶۵؍ رن میں ۸؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ شریس کے آؤٹ ہونے کے وقت ہندوستان کا اسکور ۷؍ وکٹوں پر۱۶۷؍ رن تھا اور ہندوستانی اننگز کے جلد ہی ختم ہونے کی امید تھی لیکن زخمی ساہا نے اکشر پٹیل (۲۸؍ رن ناٹ آؤٹ) کے ساتھ کیوی گیند بازوں  کے سامنے بہادری سے مقابلہ کیا  اور ٹیم کو قابل دفاع اسکور تک پہنچادیا۔میدان پر کم روشنی کے درمیان  ٹیم انڈیا کے کپتان اجنکیا رہانے نے اننگز کے۸۱؍ ویں  اوور کے بعد اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا۔ ساہا۱۲۶؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۶۱؍ رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ یہ ان کی چھٹی نصف سنچری تھی۔ پٹیل نے۶۷؍ گیندوں میں ناٹ آؤٹ۲۸؍ رن میں ۲؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔  نیوزی لینڈ کو اتوارکو پہلی کامیابی چتیشور پجارا (۲۲؍رن) کے وکٹ کی شکل میں ملی جو کائل جیمیسن کے ہاتھوں وکٹ کے پیچھے کیچ ہو گئے۔ اننگز کے  ۱۵؍ویں اوور میں اعجاز پٹیل نے   کپتان اجنکیا رہانے کو صرف ۴؍ رن پر آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK