• Tue, 23 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان سری لنکا کوایک اور پٹخنی دینے کیلئے تیار

Updated: December 23, 2025, 12:40 PM IST | Agency | Visakhapatnam

خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان نے ٹیم کی فیلڈنگ پر تشویش کا اظہار کیا،سری لنکا بھی میچ جیت کر برابری کرنے کی کوشش کرےگی۔

Team India showed an all-round performance and defeated Sri Lanka in the first match. Picture: PTI
ٹیم انڈیانے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو پہلے میچ میں ہرایا تھا۔ تصویر: پی ٹی آئی
پہلے میچ میں شاندار کامیابی سے پُر اعتماد ہندوستان کی خواتین  کرکٹ ٹیم جب منگل کو یہاں سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ۔۲۰؍ انٹرنیشنل میچ کے لئے میدان میں اترے گی تو اس کی کوشش ہوگی کہ فیلڈنگ کے معیار کو بہتر بنا کر اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھے۔ ہندوستانی ٹیم نے گزشتہ ماہ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد بلے بازی اور گیندبازی دونوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سری لنکا کو ۸؍ وکٹوں سے شکست دی۔
ہندوستان نے سری لنکا کو۶؍وکٹ پر صرف ۱۲۱؍رنوں تک محدود کر دیا تھا، تاہم اس دوران ٹیم کی فیلڈنگ توقعات کے مطابق نہیں رہی اور کچھ کیچ بھی ڈراپ ہوئے۔کپتان ہرمن پریت کور نے میچ کے بعد کہا’’ہم اپنی فیلڈنگ پر کام کر رہے ہیں۔ سمجھ نہیں آ رہا کہ ہم بار بار کیچ کیوں چھوڑ رہے ہیں۔ میدان گیلا تھا لیکن یہ کوئی بہانہ نہیں ہے۔ یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس پر ہمیں سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ اگلے میچ میں ہم بہتر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔‘‘ 
ورلڈ کپ کی کامیابی کے بعد ہندوستانی ٹیم کو۶؍ ہفتوں کا وقفہ ملا تھا، جس کے بعد ٹیم نے بنگلور کے سینٹر آف ایکسی لینس میں ایک ہفتے کے تربیتی کیمپ میں حصہ لیا۔ فیلڈنگ میں معمولی کمی کی توقع کی جا رہی تھی اور کپتان کو یقین ہے کہ ٹیم بہت جلد اپنے فارم میں واپس آ جائے گی۔ہرمن پریت نے مزید کہا کہ ’’ہم ایک ماہ کے بعد کھیل رہے ہیں۔ ہم خود کو بلاوجہ چیلنج نہیں کرنا چاہتے، بس ٹیم کیلئے بہترین کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں۔‘‘
کاغذ پر دیکھاجائے تو سری لنکا کے خلاف ہندوستانی ٹیم کافی مضبوط نظر آتی ہے۔ اس کی بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبے مستحکم ہیں۔ بہترین فارم میں موجود جمائمہ روڈریگز نے ورلڈ کپ کی اپنی شاندار کارکردگی کو یہاں بھی برقرار رکھا ہے۔ ٹیم کے لئے سب سے مثبت پہلو ۲۰؍سالہ بائیں ہاتھ کی اسپنر ویشنوی شرما کی ٹیم میں شمولیت رہی، جنہیں حال ہی میں ویمنز پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کی نیلامی میں نظر انداز کر دیا گیا تھا۔ ویشنوی کو اگرچہ کوئی وکٹ نہیں ملالیکن انہوں نے اپنے ۴؍اوور میں صرف ۱۶؍ رن دئیے اور ایک بھی چوکا نہیں لگنے دیا۔شیفالی ورما کے لئے بھی یہ سیریز انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور وہ اس فارمیٹ میں اپنی مستقل مزاجی کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گی۔
وہیں سری لنکا کے ٹیم پہلے میچ میں ملنے والی شکست سے سبق لیتے ہوئے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرےگی۔اس کی کوشش ہوگی کہ وہ ۵؍میچوں کی اس سیریز کے دوسرے میچ کو جیت کر سیریز میں برابری حاصل کر لے اور سیریز جیتنے کے امکان کو برقرار رکھ سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK