Inquilab Logo

ہندوستان کلین سویپ سے محفوظ، تیسرے یکروزہ میچ میں فاتح

Updated: December 03, 2020, 11:29 AM IST | Agency | Canberra

ٹیم انڈیا نے تیسرا میچ ۱۳؍رن سے جیت لیا۔ یکروزہ سیریز ایک۔۲؍ گنوائی۔ آخری میچ میں مین آف دی میچ ہاردک پانڈیا ، رویندر جڈیجا اور وراٹ کوہلی نے اہم کردارادا کیا

Team India.Picture :INN
ٹیم انڈیا۔ تصویر:آئی این این

 کینبرا(ایجنسی): ہاردک پانڈیا کی (ناٹ آؤٹ۹۲) اور رویندر جڈیجا کی (ناٹ آؤٹ ۶۶) کی  شاندار نصف سنچریوں اور ان کے درمیان چھٹے  وکٹ کیلئے محض۱۰۸؍گیندوں پر ۱۵۰؍ رن کی ناقابل شکست شراکت کی  بدولت  ہندوستان  نے آسٹریلیا کو تیسرے اور آخری یکروزہ  میں بدھ  کو۱۳؍رن سےہرا کر کچھ عزت  بچالی۔ یہ سیریز آسٹریلیا نےایک۔۲؍ سے جیت لی ۔ ہندوستان نے۵۰؍ اوورس میں ۵؍ وکٹ پر۳۰۲؍رن کا  اسکور بنانے کے بعد آسٹریلیا کو۴۹ء۳؍اوورس میں۲۸۹؍ رن پرآؤٹ کردیا۔ وراٹ کوہلی کی ٹیم نے اس جیت سے نہ صرف اپنی عزت بچالی بلکہ آسٹریلیا کو کلین سویپ کرنے سے بھی روک دیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے کپتان ایرون فنچ نے ۷۵؍رن  اور آل راؤنڈر گلین میکسویل نے۵۹؍ رن بنائے تھے۔نصف سنچری بنانے والے ہاردک پانڈیا مین آف دی میچ رہے۔ ہدف کا تعاقب کرنے اتری آسٹریلیا ئی ٹیم کی جانب سےسب سے زیادہ ۷۵؍رن کپتان ایرون فنچ نے بنائے۔ ٹیم کو ڈیوڈ وارنر کی کمی محسوس ہوئی۔ اوپنر مارکس لبوشین نے ۷؍رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ اسٹیون بھی ۷؍رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ ایم ہینرکس نے ۲۲، سی گرین نے ۲۱، اے کیری نے ۳۸؍رن بنائے۔ گلین میکسویل نے ۳۸؍گیندوں پر ۵۹؍رن بنائے۔ ایشٹن ایگر نے ۲۸،سین ایبٹ نے ۴، ایڈم زمپا نے ۴؍ اور جو ش ہیزل ووڈ نے ۷؍رن بنائے۔ ٹیم انڈیا کی جانب سے جسپریت بمراہ اور ٹی نٹراجن نے ۲۔۲؍وکٹ لئے۔ شاردل ٹھاکر کو ۳؍وکٹ ، کلدیپ یادو اور ویندرجڈیجا کو ایک ایک وکٹ ملا۔ مین آف دی سیریز اسٹیون اسمتھ رہے۔   اس سے پہلے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے کپتان کوہلی (۶۳) کی نصف سنچری کے باوجود اپنے ۵؍ وکٹ۱۵۲؍ رن پرہی گنوا دیئے تھے اور اس کی حالت کافی خراب نظر آ رہی تھی لیکن پانڈیا اورجڈیجا نے اس کے بعد مورچہ سنبھالا اور زبردست اننگز کھیلیں جس  کی بدولت ہندوستان۳۰۰؍ رن عبور کر سکا۔ پانڈیا نے اپنا سب سے بڑا اسکور بناتے ہوئے ۷۶؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۹۲؍ رن میں۷؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ جڈیجا نے ۵۰؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۶۶؍رن میں ۵؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگائے۔ دونوں بلے بازوں نے آخری ۵؍ اوور میں۷۶؍ رن بنائے۔ پانڈیا اور جڈیجا نے مشکل صورتحال میں بوجھ اور حملہ انگیزی کا بے جوڑ نمونہ پیش کرتے ہوئے شاندار بلے بازی کی۔ پانڈیا نے اپنی نصف سنچری۵۵؍ گیندوں میں اور جڈیجا نے ۴۳؍ گیندوں میں مکمل کی۔ جڈیجا نے اننگز کے  ۴۸؍ویں اوور میں سین ایبٹ کی گیندوں پر مسلسل ۳؍ چوکے مار کر نصف سنچری مکمل کر لی۔ انہوں نے  اگلی گیند پر چھکا بھی مارا۔ ہندوستان نے اس مقابلے کے لیے ۴؍ تبدیلیاں کی تھیں۔ مینک اگروال کی جگہ شبھمن گل کو، یزویندر چہل کی جگہ کلدیپ یادو کو، محمد سمیع کی جگہ شاردل ٹھاکر کو  اور نودیپ سینی کی جگہ ٹی نٹراجن کو ٹیم میں شامل کیا۔ نٹراجن نے اس طرح ہندوستان کی طرف سےکریئر کا پہلا ون ڈے کھیلا۔  سلامی بلے بازشکھر دھون نے مایوس کیا اور ۲۷؍گیندوں میں۱۶؍ رن بنا کر ایبٹ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ گِل کو لیفٹ آرم اسپنر ایشٹن ایگر نے پویلین بھیجا۔ گل نے۳۹؍ گیندوں پر ۳۳؍رن میں۳؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ شریس ایّر۲۱؍گیندوں پر۱۹؍ رن بنا کر لیگ اسپنر ایڈم زمپا کا شکار ہوئے۔ لوکیش راہل ۵؍ رن بنا کر ایگر کی گیند پر آؤٹ  ہوئے۔ وراٹ نے اپنی نصف سنچری۶۴؍ گیندوں میں مکمل کی۔ وراٹ کو تیز گیندباز جوش ہیزل ووڈ نے سیریز میں تیسری بار اپنا شکار بنایا۔ وراٹ کا وکٹ۱۵۲؍رن کے اسکور پر گرا اور اس وقت ہندوستانی اننگز شدید بحران میں نظر آ رہی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK