Inquilab Logo

ہندوستان بمقابلہ انگلینڈ:آج جوجیتا وہی سکندر

Updated: March 20, 2021, 12:52 PM IST | Agency | Ahmedabad

ٹی ۲۰؍ سیریز کاآج ۵؍وا ں اور آخری میچ۔ میزبان اور مہمان ٹیمیں فتح کیلئے ایڑی چوٹی کا زورلگا دیں گی۔ہاردک کی بولنگ سے راحت

Team India - Pic : PTI
ٹیم انڈیا ۔ تصویر : پی ٹی آئی

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان سنیچر کو یہاں ہونے والے ۵؍ویں اور آخری ٹی۲۰؍ میچ میں دونوں ممالک کے مابین ۵؍میچوں کی سیریز کا فیصلہ کن مقابلہ کھیلا جائے گا۔
 جمعرات کی رات کھیلے جانےوالے چوتھے میچ میں ہندوستان نے انگلینڈ کے مقابلے میں ہر لحاظ سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستان نے مقررہ ۲۰؍ اوورس میں ۸؍ وکٹوں پر۱۸۵؍ رن  بنانے کے بعد انگلینڈ کو ۸؍ وکٹ پر۱۷۷؍ رن پر روک کر سیریز میں برابری حاصل کرنے والی کامیابی اپنے نام کرلی۔ اس سے قبل انگلینڈ نے تیسرا میچ ۸؍ وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ ہندوستان نے دوسرا میچ ۷؍ وکٹوں سے جیت کر  سیریز میں  ایک۔ ایک سے برابری حاصل کی تھی۔ انگلینڈ نے پہلا میچ ۸؍وکٹوں سے جیتا تھا۔
 ہندوستان نے دونوں ممالک کے مابین ٹیسٹ سیریزایک۔۳؍ سے جیت لی تھی۔ دونوں ممالک کے مابین ۳؍ میچوں کی ون ڈے سیریز ۲۳؍مارچ سے شروع ہوگی اور ہندوستانی ٹیم ون ڈے سیریز میں فاتحانہ انداز میں اترنا چاہے گی، لیکن اس کے لئے اسے آخری ٹی۲۰؍ میچ کوجیتنا ہوگا جو پہلے ۴؍ میچوں کی طرح احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔
 ہندوستان کے چوتھے مقابلے میں سب سے اچھی بات آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کا چار اوورس کی پوری گیندبازی کرنی رہی۔ پانڈیا نے ۴؍ اوور ڈالے اور ۱۴؍ رن دے کر ۲؍وکٹ بھی لئے۔ تجربہ کار فاسٹ بولر شاردل ٹھاکر نے۴۲؍ رن  دے کر۳؍ وکٹ  لئے جبکہ اسپن شعبے میں راہل چاہر نے۳۵؍ رن پر۲ ؍ وکٹ لئے۔ تیز گیندبازبھونیشور کمار نے۳۰؍ رن  دےکر   ایک وکٹ حاصل کیا۔
 اس نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو ہندوستان کی گیندبازی کافی حد تک پانڈیا پر منحصررہی۔ پانڈیا نے اپنے ۴؍ اوورس میں صرف۱۶؍ رن دے کر جیسن رائے  سیم کورین کے وکٹ لئے ۔
 سوریہ کمار نے اپنے پہلے ٹی ۲۰؍میچ میں شاندار نصف سنچری بنائی اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔ ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے میچ کے بعد کہا’’سوریہ کمار نے اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار بیٹنگ کی۔ وہ ایشان کشن کی طرح بغیر کسی خوف کے کھیلے۔ ہمارے پاس اس میچ کے بعد کوئی ٹی۲۰؍ مقابلہ نہیں ہے، لہٰذا میں چاہتا ہوں کہ یہ نوجوان کھلاڑی اپنے آپ پر اعتماد محسوس کریں۔‘‘
 سوریہ کمار نے چوتھے میچ میں۲۸؍ گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور انہوں نے اپنی بلے بازی میں وہ جذبہ دکھایا جس کی وراٹ مسلسل سیریز شروع ہونے کے بعد بات کررہے تھے۔ ہندوستان کو یہ کامیابی اس پچ پر ملی جس پر اس نے پہلا میچ انگلینڈ سے گنوایا تھا۔
 انگلینڈ کے بلے باز آخری اوور تک جاتے جاتے اپنی توانائی گنوابیٹھے تھے۔ انگلینڈ کو جیت کیلئے آخری اوور میں ۲۳؍ رن بنانے تھے، لیکن ٹیم ہدف سے ۸؍ رن پیچھے رہ گئی۔ ایک بڑے ہدف کے سامنے انگلینڈ کی شروعات خراب رہی تھی اوربھونیشور کمار نے پہلا اوور میڈن ڈالا تھا  جبکہ دوسرے ہی اوور میں ہاردک پانڈیا نے صرف ۲؍ رن دیئے تھے۔ ان ۲؍اوورس نے آخر میں انگلینڈ کے بلے بازوں کا کام خراب کیا اور مہمان ٹیم ہدف نے ۸؍ رن دوررہ گئی۔ 
   دوسری طرف انگلینڈ بھی جوس بٹلر اور عالمی نمبر ایک بلے باز ڈیوڈ ملان کے  پرفارمنس میں مستقل مزاجی کی امید کرے گا۔ تیز گیندباز جوفرا آرچر اور مارک ووڈ نے اچھی بولنگ کی ہے اور متاثر کیا ہے لیکن چوتھے ٹی ۲۰؍ میں سب سے زیادہ رن دینے والے کرس جارڈن نے اچھی گیندبازی نہیں کی ہے۔ کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ میں انگلینڈ سیریز جیتنے اور ورلڈ کپ کی تیاری کے خواہاں تھا اوراسے اس میچ میں کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔ حالانکہ اس کے سبھی بلے باز فارم میں ہیں اور وہ اچھا کھیل رہے ہیں۔ 
 خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے پاس ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کی تیاری کا اچھا موقع ہے ۔ یہ ورلڈ کپ ہندوستان کی میزبانی میں ہونےوالا ہے ۔ احمد آباد بھی ورلڈ کپ کے مقامات میں شامل ہوگا اور اس کے موٹیرا میدان پر بھی میچ کھیلے جائیں گے۔ اسی سوچ کے تحت انگلینڈ نے اس ٹی ۲۰؍  سیریز میں اپنی بہترین ٹیم کو موقع دیا تھا اور سنیچر کو وہ ٹیم کامیابی کیلئے ہر داؤکھیلے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK