Inquilab Logo

ہندوستان انگلینڈ کیخلاف یکروزہ سیریز پربھی قبضہ کرنے کی کوشش کریگا

Updated: March 26, 2021, 12:20 PM IST | Agency | Pune

ٹیم انڈیاناقابل تسخیر سبقت حاصل کرنے کی کوشش کرےگی جبکہ انگلینڈ کے سامنےیکروزہ سیریز میں برقرار رہنے کا چیلنج ہوگا،میزبان ٹیم ۳؍میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے آگے ہے

Virat Kohli. Picture:INN
وراٹ کوہلی ۔تصویر:آئی این این

 ہندوستان کی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف جمعہ کو یہاں ہونے والے دوسرے  یکروزہ میچ میں جیت حاصل کرنے اور سیریز پر قبضہ کرنے کے ارادے سے اترے گی۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے پہلا ون ڈے ٹاپ آرڈر کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ۵؍ وکٹوں سے جیتا تھا۔ ون ڈے سیریز سے پہلے پہلی ۲؍ سیریز میں انگلینڈ نے ٹیسٹ میں اور پھر ٹی ۔۲۰؍ میں فاتح  آغاز کیا تھا لیکن آخر میں مقابلہ ہندوستان کے حق میں رہا۔ ہندوستان نے ٹیسٹ سیریز ایک۔۳؍اور ٹی ۔۲۰؍ سیریز۲۔۳؍ سے اپنے نام کی تھی۔ اب اس کی کوشش ہوگی کہ وہ یکروزہ سیریز بھی اپنے نام کر لے۔ ہندوستان نے ون ڈے سیریز کا پہلا میچ جیت لیا ہے اور وہ  ۳؍ میچوں کی سیریز کےدوسرے میچ میں ہی قبضہ کرنا  چاہے گا۔  ہندوستان کے کپتان وراٹ کوہلی انگلینڈ کی ٹیم کو دوسرے مقابلے میں کوئی موقع نہیں دینا چاہیں گے حالانکہ ہندوستان کے مڈل آرڈر کے بلے باز شریس ایر بائیں کندھے کی چوٹ کی وجہ سے  سیریز کے باقی ۲؍ میچوں سے باہر ہوچکے ہیں لیکن ہندوستان کے پاس بینچ پر کئی ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔
 ہندوستانی ٹیم فی الحال وکٹ کیپر بلے باز لوکیش راہل کی مکمل حمایت کررہی ہے۔ پہلے میچ میں  کے ایل راہل نے نصف سنچری بنائی تھی۔ اگرچہ پہلے میچ میں ٹیم انڈیا کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت باہر تھے لیکن ایر کی انجری کے بعدپنت کے الیون میں شامل ہونے کا قوی امکان ہے۔
 انگلینڈ کے پاس بھی زخمی کھلاڑیوں کی ایک بڑی فہرست ہے۔ انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن اور سیم بلنگ فی الحال زخمی ہیں اور ہوسکتا ہے کہ دوسرے میچ سے وہ باہر رہیں ۔ ان کی جگہ لیام لیونگ اسٹون کو  آخری ۱۱؍ میں جگہ مل سکتی ہے ۔ اگر انگلینڈ اپنی گیندبازی حملہ  میں بہتری لانا چاہتا ہے تو وہ  بائیں ہاتھ کے تیزگیندباز ریس ٹاپلے کو ٹیم میں شامل کرسکتا ہے۔
  اس میچ میںہندوستان کو اپنے کپتان وراٹ سے سنچری کی امید  رہےگی ۔ ون ڈے کرکٹ میں وراٹ نے اگست ۲۰۱۹ءسے اب تک کوئی بین الاقوامی سنچری اسکور نہیں کی ہے۔ وراٹ نے پہلے ون ڈے میں ۵۶؍ رنوں کی شاندار اننگز کھیلی اور ان سے  دوسرے میچ میں بھی اسی طرح کی ایک بڑی اننگز کی توقع ہے۔ ۳۲؍ سالہ وراٹ نے اپنے ۲۵۲؍ون ڈے میچوں میں ۴۳؍سنچریاں اسکور کی ہیں اور وہ  کرکٹ  لیجنڈ سچن تینڈولکر کے ۴۹؍سنچریوں کے عالمی ریکارڈ سے ۶؍ سنچری دور ہیں۔ وراٹ  نے اپنی آخری ون ڈے سنچری ۱۴؍اگست ۲۰۱۹ءکو پورٹ آف اسپین میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ناٹ آؤٹ  ۱۱۴؍رن بناکر کی تھی  لیکن اس کے بعد سے ان کے بلے سے کوئی سنچری نہیں بنی ہے ، حالانکہ اس دوران وہ ۳؍ مرتبہ  ۸۰؍سے زیادہ رن  بناچکے ہیں۔
 ہندوستانی ٹیم نے ون ڈے سیریز میں راہل پر مکمل اعتماد ظاہر کیا ہے جبکہ ٹیسٹ اور ٹی ۔۲۰؍ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے رشبھ پنت کو باہر بیٹھنا پڑا ہے۔ دوسرے مقابلے میں پنت الیون میں جگہ بنائیں یا نہیں یہ ایک دلچسپ سوال ہوگا ۔ ہندوستان کے پاس ایر کی جگہ لینے کیلئے پنت کے علاوہ سوریہ کمار یادو اور شبھمن گل کے طور پر متبادل ہیں۔
 کُل ملکا کر یہ کہا جا سکتا ہے کہ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان جمعہ کو کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے یکروزہ میچ میں شائقین کو دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملےگا۔میز بان ہندوستان جہاں اس میچ کو جیت کر ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے کی کوشش کرےگی تو دوسری جانب انگلینڈ کی کوشش ہوگی کہ وہ اس میچ کو جیت کر سیریز میں برقرار رہے۔جہاں تک موجودہ فارم کا سوال ہے تو اس میں ٹیم انڈیا کا پلڑا بھاری نظر آرہا ہے۔یہ میچ پونے کے اسٹیڈیم میں شائقین کے بغیر کھیلا جائےگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK