Inquilab Logo

ہندوستان ٹی۔۲۰؍ سیریز پر قبضہ جمانے کی کوشش کرےگا

Updated: February 18, 2022, 7:48 AM IST | kolkata

بلند حوصلہ ٹیم انڈیادوسرا میچ جیت کر ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے کیلئے پُرعزم،سیریز میں برقرار رہنے کیلئے ویسٹ انڈیز کو میچ جیتنا ضروری

Team India is ready to beat West Indies in the second match as well. (PTI)
ٹیم انڈیا ویسٹ انڈیز کو دوسرے میچ میں بھی پٹخنی دینے کےلئے تیار ہے۔(پی ٹی آئی)

اس سال آسٹریلیا میں ہونے والے  ٹی ۔۲۰؍ عالمی کپ کے مد نظر ہندوستانی ٹی۔ ۲۰؍ٹیم میںتجربات کا دور شروع ہوگیا ہے۔ کوچ راہل دراوڑ کی رہنمائی میں اور کپتان روہت شرما کی کپتانی میں ویسٹ انڈیز کیخلاف گھریلو ٹی۔۲۰؍ سیریز کے پہلے میچ میں ٹیم انڈیا نے کھلاڑیوں کے انتخاب کے تعلق سے جو تجربہ کیا وہ کامیاب ثابت ہوا اور ٹیم نے پہلا میچ آسانی سے جیت لیا۔ٹیم انڈیا کے نئے کپتان روہت شرما نے ٹی۔۲۰؍ سیریزشروع ہونے سے پہلے کہا تھا کہ وہ سیریز کے دوران کسی قسم کا کوئی تجربہ نہیں کریں گے لیکن انہوںنے پہلے میچ میں ہی کھلاڑیوں کے انتخاب کے تعلق سے شاندار اور کامیاب حکمت عملی اپنائی۔روہت شرما نے تجربہ کار اسپن گیندباز کلدیپ یادو کی موجودگی کے باوجود نئے کھلاڑی روی بشنوئی کو کریئر کا آغاز کرنے کا موقع دیا۔ روہت نے ایشان کشن کیساتھ ایک بار پھر اننگز کا آغاز کیا اور وینکٹیش ایر کو مڈل آرڈر میں بلے بازی کیلئے اتارا۔یہ تمام حکمت کارگر ثابت ہوئیں اور ٹیم انڈیا نے ایڈن گارڈنس میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی۔۲۰؍میچ کو ۶؍ وکٹوں سے جیت لیا۔
 ہٹ مین روہت شرما کی قیادت والی ہندوستان کی کرکٹ ٹیم جمعہ کو یہاں ایڈن گارڈنس کرکٹ گراؤنڈ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی ۔۲۰؍ میچ میں  ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے کے مقصد سے میدان میں اترے گی۔ ہندوستان کو فی الحال  ایک-صفرکی برتری حاصل ہے۔نئے چہروں والی  ٹیم  انڈیا اچھے فارم میں نظر آرہی ہے۔ ون ڈے سیریز میں ویسٹ انڈیز کو تین-صفر  سے کلین سویپ کرنے کے بعد، بدھ کو  ٹی۔۲۰؍ سیریز کے پہلے میچ میں ۶؍ وکٹوں کی شاندار جیت سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ روہت شرما  آگے بڑھ کر  ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اور پہلے ٹی ۔۲۰؍ میچ میں صرف ۱۹؍ گیندوں میں ۴؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۴۰؍رن بنا کر انہوں نے ثابت کر دیا کہ انہیں ہٹ مین کیوں کہا جاتا ہے۔
 نوجوان ایشان کشن حالانکہ کچھ جدوجہد کرتے ہوئے نظرآرہے  لیکن اچھی بات یہ ہے کہ سوریہ کمار یادو مڈل آرڈر میں مسلسل اچھی اننگز کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے پہلے ٹی ۔۲۰؍ میں ۱۸؍گیندوں پر ۳۴؍ رنوں کی طوفانی اننگز کھیلی۔ اس کے ساتھ ہی وینکٹیش ایر نے بھی اس بار موقع نہیں گنوایا اور ۱۳؍ گیندوں میں زبردست ۲۴؍ رن بنائے۔ سابق کپتان وراٹ کوہلی اور وکٹ کیپر رشبھ پنت، تاہم فارم  میں واپسی کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔گیندبازی میں نوجوان لیگ اسپنر روی بشنوئی نے اپنے بین الاقوامی ڈیبیو میں ۲؍وکٹیں لے کر اپنے لئے مزید مواقع کو یقینی بنایا۔
 دریں اثنا  ۲؍ بار کے آئی سی سی ٹی۔۲۰؍  ورلڈ کپ کی فاتح ویسٹ انڈیز کو کمزور تصور نہیں کیاجاسکتا ہے ۔ کریبین کھلاڑیوں کی صلاحیت اور کارکردگی کو کمزور سمجھنا  ہندوستان کی ٹیم کو مہنگا پڑ سکتا ہے۔ ٹیم کے کچھ کھلاڑی اچھے فارم میں ہیں جن میں وکٹ کیپر بلے باز نکولس پورن، کائل میئرز، فیبین ایلن، اوڈن اسمتھ، عقیل حسین اور خود کپتان کیرون پولارڈ شامل ہیں۔ ٹیم کا سب سے بڑا مسئلہ اچھا آغاز نہ ملنا اور پارٹنرشپ کا نہ ہونا دکھائی دیتا ہے۔ کپتان کیرون پولارڈ نے پہلے میچ کے بعد کہا کہ ٹیم پہلے میچ کی غلطیوں سے سبق حاصل کر کے دوسرے میچ میں واپسی کرے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK