• Sat, 22 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستانی مکے بازوں نے تاریخ رقم کردی،نکہت زرین اور جیسمین نے بھی طلائی تمغےجیتے

Updated: November 22, 2025, 2:41 PM IST | Agency | Greater Noida

ہندوستان نے گریٹر نوئیڈا میں منعقدہ ورلڈ باکسنگ کپ فائنلز کے آخری دن شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ۹؍ طلائی تمغے جیت کر تاریخ رقم کر دی۔

Nikhat Zareen. Photo: INN
نکہت زرین۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان نے گریٹر نوئیڈا میں منعقدہ ورلڈ باکسنگ کپ فائنلز کے آخری دن شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ۹؍ طلائی تمغے جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ شہید وجے سنگھ  پتھیک اسپورٹس کمپلیکس میں ہندوستانی باکسروں نے گھریلو شائقین کی موجودگی میں زبردست برتری ثابت کی اور مجموعی طور پر ۹؍طلائی،۶؍ چاندی اور ۵؍ کانسے کے تمغوں کے ساتھ مہم مکمل کی۔ خاص بات یہ رہی کہ ۲۰؍ میں سے ہر ہندوستانی باکسر پوڈیم تک پہنچا۔نکہت زرین اور جیسمین  نے بھی شاندار کاکردگی کا  مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے زمرے میںگولڈ میڈل جیت لیا۔ جیسمن نے پیرس اولمپک تمغہ یافتہ وو شِہ یی کو۴۔ایک  سے ہرا کر دن کا سب سے بڑا اپ سیٹ کیا، جبکہ نکہت زرین نے چینی تائپے کی باکسر کو ۵۔صفرسے شکست دی۔مقابلہ کے بعد نکہت نے اپنے بیان میںکہا کہ یہ تمغہ میرے لئے بہت خاص ہے، کافی لمبے عرصے بعد ملا یہ گولڈ میرے سفر میں بڑا کردار ادا کرے گا۔‘‘یہ طلائی تمغہ نکہت زرین کیلئے ۲۰۲۳ء کی عالمی چمپئن شپ کے بعد پہلا بڑا گولڈ میڈل ہے اور یہ کامیابی کندھے کی چوٹ کی وجہ سے ایک سال تک باہر رہنے کے بعد ان کی شاندار واپسی کی نشاندہی کرتی ہے۔
خواتین باکسرز نے اس بار بھی ہندوستان کو سب سے زیادہ کامیابیاں دلائیں۔ دوپہر کے سیشن میں میناکشی (۴۸؍ کلوگرام)، پریتی (۵۴؍کلوگرام)، اروندھتی چودھری (۷۰؍ کلوگرام) اور نوپور (۸۰؍کلوگرام) نے طلائی تمغے جیتے تھے۔ شام کے سیشن میں نکہت زرین (۵۱؍کلوگرام)، جیسمن لیمبوریا (۵۷؍ کلوگرام) اور پروین (۶۰؍ کلوگرام) نے بھی فائنل جیت کر ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔
مرد باکسرز میں سچن (۶۰؍ کلوگرام) اور ہیتیش (۷۰؍ کلوگرام) نے شاندار مقابلوں میں طلائی تمغے اپنے نام کئے۔ سچن نے کرغزستان کے حریف کو۵۔صفرسے ہرایا، جبکہ ہیتیش نے سخت مقابلے میں ۲۔۳؍سے جیت حاصل کی۔ہندوستان نے ۴؍  مرد باکسرز  جدومنی سنگھ، پون برتوال، ابھیناش جموال اور انکوش فنگال  کی شاندار کارکردگی سے  ۶؍ چاندی کے تمغے بھی جیتے۔ خواتین میں پوجا رانی کو سخت مقابلے کے بعد چاندی کے تمغے سے اکتفا کرنا پڑا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK