Updated: June 19, 2026, 10:14 AM IST
|
Agency
| New Delhi
میچ تین ایک سے جیت لیا،من پریت سنگھ نے ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
من پریت سنگھ نے دلیپ ٹرکی کا ریکارڈ توڑ دیا۔ تصویر:آئی این این
ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے موجودہ عالمی چمپئن جرمنی کو ایک کے مقابلے ۳؍ گول سے شکست دے کر ایف آئی ایچ پرو لیگ میں اپنی پہلی جیت درج کی۔ ہاکی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر موجود ہندوستان کیلئے مندیپ سنگھ (۷)، شیلانند لاکڑا (۱۳) اور نیلاکانتا شرما (۳۵) نے گول کئے جبکہ دنیا کی پانچویں نمبر کی ٹیم جرمنی کیلئے واحد گول رافیل ہارٹ کوف (۴۵) نے کیا۔یہ میچ تجربہ کار مڈفیلڈر من پریت سنگھ کیلئے ایک یادگار موقع تھا۔ اپنے ۴۱۳؍ ویں بین الاقوامی میچ کے ساتھ وہ ہندوستان کے سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے ہاکی کھلاڑی بن گئے اور انہوں نے سابق کپتان دلیپ ٹرکی کا ریکارڈ توڑ دیا۔ من پریت سنگھ اب دنیا کے ان چند ممتاز کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے سینئر بین الاقوامی سطح پر ۴۰۰؍سے زائد میچ کھیلے ہیں جبکہ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے واحد فعال ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔انہوں نے اپنے کریئر میں اولمپکس، ہاکی ورلڈ کپ، ایشیائی کھیلوں اور چمپئن ٹرافی سمیت کئی بڑے عالمی مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہے۔ وہ ٹوکیو اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کے بھی اہم رکن تھے، جس نے ہاکی میں اولمپک تمغے کا کئی دہائیوں پر محیط انتظار ختم کیا تھا۔
میچ کی بات کریں توہندوستان نے شاندار آغاز کیا اور جرمن سرکل کے اندر مسلسل دباؤ بناتے ہوئے ابتدائی کوارٹر میں برتری حاصل کر لی۔ گول کے سامنے مچی افراتفری کے درمیان دلپریت سنگھ نے بہترین سوجھ بوجھ دکھاتے ہوئے گیند پر قبضہ برقرار رکھا جس کے بعد مندیپ سنگھ نے چابکدستی سے گھومتے ہوئے گول کر کے اسکورایک صفر کر دیا۔ ہندوستانی ٹیم نے جرمنی پر دباؤ برقرار رکھا اور ۶؍ منٹ بعد اپنی برتری کو دوگنا کر دیا۔ شیلانند لاکڑا نے سرکل کے اندر جگہ بنائی اور گول کر کے ٹیم کی پوزیشن مضبوط کر دی۔ ہاف ٹائم وقفے کے بعد عالمی چمپئن ٹیم نے واپسی کی کوشش کی لیکن تیسرے کوارٹر کے وسط میں ہندوستان نے اپنی برتری مزید بڑھا دی۔ نیلاکانتا شرما نے دفاع کی غلطی کا فائدہ اٹھایا، سرکل میں گیند لے کر آگے بڑھے اور ڈائیو لگا کر گول کرتے ہوئے اسکور تین صفر کر دیا۔
تیسرے کوارٹر کے آخر میں جرمنی نے رافیل ہارٹ کوف کے ذریعے ایک گول کیا۔ انہوں نے تیز پاسنگ موو کے ذریعے ہندوستان کے دفاع کو کمزور کر دیا۔ آخری کوارٹر میں جرمنی نے ایک اور گول کرنے کیلئے زور لگایا لیکن ہندوستان نے انہیں کوئی موقع نہیں دیا۔ اس جیت کے بعد ہندوستان کے ۷؍ پوائنٹس ہو گئے اور ٹیم ایف آئی ایچ پرو لیگ اسٹینڈنگ میں آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔