لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے خواتین کے پہلے ٹیسٹ میں ہندوستان کا پرچم بلند، ٹیم انڈیا نے انگلینڈ کو ۲۷۰؍رنوں کے بڑے فرق سے ہرادیا۔
EPAPER
Updated: July 14, 2026, 5:06 PM IST | London
لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے خواتین کے پہلے ٹیسٹ میں ہندوستان کا پرچم بلند، ٹیم انڈیا نے انگلینڈ کو ۲۷۰؍رنوں کے بڑے فرق سے ہرادیا۔
یستیکا بھاٹیہ کی شاندار سنچری، دونوں اننگز میں اسمرتی مندھانا کی نصف سنچریوں اور کرانتی گوڑ کی خطرناک گیند بازی (۵؍ وکٹ)کی بدولت ہندوستان نے تاریخی لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو پیر کے روز ۲۷۰؍ رنوں کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔میچ کے چوتھے دن جب کھیل کا آغاز ہوا تو ہندوستانی ٹیم تاریخی فتح سے محض ۴؍ وکٹ دور تھی۔ اسنیہ رانا نے نصف سنچری بنانے والی ایمی جونز کو آؤٹ کر کے دن کی پہلی کامیابی حاصل کی جس کے بعد دیپتی شرما نے یکے بعد دیگرے اسی وونگ اور لارین بیل کو بولڈ کر کے انگلینڈ کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔ایک اینڈ پر صوفی ایکلسٹن ڈٹی ہوئی تھیں اورہندوستان جیت سے صرف ایک وکٹ دوری پر تھا۔ جب ایکلسٹن ۲۷؍ رن پر کھیل رہی تھیں، تو شری چرنی کی گیند پر ان کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل کی گئی۔ امپائر نے اسے ناٹ آؤٹ قرار دیا تاہم کپتان ہرمن پریت کور نے ریویو لیا، لیکن امپائرز کال ہونے کی وجہ سے ایکلسٹن بچ گئیں۔
یہ بھی پڑھئے: انگلینڈ کے نئے ٹیسٹ کوچ کو آئی پی ایل میں کام کرنے کی اجازت مل سکتی ہے: رچرڈ گولڈ
ایکلسٹن نے اپنے ٹیسٹ کریئر کا بہترین اسکور بنایا۔ جب وہ ۴۴؍ رن پر تھیں، تو دیپتی شرما کی گیند پر امپائر نے انہیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ دے دیا۔ ایکلسٹن نے سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش کی تھی، اس لئے انہوں نے فوراً ریویو لیا۔ ٹی وی امپائر نے الٹرا ایج میں دیکھا کہ گیند پہلے بلے کے اندرونی حصے سے ٹکرائی اور پھر پیڈ پر لگی تھی جس کی وجہ سے وہ ایک بار پھر ناٹ آؤٹ رہیں اورہندوستان کا انتظار طویل ہو گیا۔
اس کے بعد، اسنیہ رانا کی گیند پر لارین فائلر کے خلاف بھی ہندوستان نے ایک ریویو گنوایا جہاں امپائر نے ایل بی ڈبلیو کی اپیل مسترد کر دی تھی۔ اس وقت ایکلسٹن ۴۹؍رن پر کھیل رہی تھیں جبکہ فائلر کا ابھی کھاتہ بھی نہیں کھلا تھا۔بالآخر اسنیہ رانا نے صوفی ایکلسٹن کو ۵۰؍رن کے انفرادی اسکور پر بولڈ کر کے انگلینڈ کی آخری وکٹ گرائی اورہندوستان کو ۲۷۰؍رنوں کی تاریخی اور یادگار فتح دلا دی۔ انگلینڈ کی جانب سے ایکلسٹن نے مزاحمت دکھائی، جنہوں نے نصف سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ دوسری اننگز میں ۵؍ وکٹیں بھی حاصل کیں۔ہندوستان نے انگلینڈ کو جیت کیلئے ۴۵۷رنوں کا پہاڑ جیسا ہدف دیا تھا۔ جواب میں تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ نے ۱۳۰؍رن پر ۶؍وکٹیں گنوا دی تھیں۔ انگلینڈ کی اسٹار کھلاڑی ٹیمی بیومونٹ اور ہیدر نائٹ اپنے انٹرنیشنل کریئر کا آخری میچ کھیل رہی تھیں اور دونوں کو ان کی آخری اننگز میں کرانتی گوڑ نے اپنا شکار بنایا۔
یہ بھی پڑھئے: انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے روہت، کوہلی اور بمراہ کی ٹیم میں واپسی
میچ کے بعد کرانتی گوڑ نے اپنی گیندبازی پر خوشی کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اس تاریخی میدان کی آنرس لسٹ میں میرا نام لکھا جائے گا۔انگلینڈ کے اس تاریخی میدان پر کھیلے جانے والے خواتین کے پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی ٹیم کی جیت بھی چھوٹا سا رول ادا کرکے خوش ہوں۔اس کامیابی کےلئے تمام کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔