Inquilab Logo

ہندوستانی خواتین ٹیم کلین سویپ سے محروم ، سری لنکا نے تیسرا ٹی ۲۰؍ میچ جیت لیا

Updated: June 28, 2022, 1:48 PM IST | Agency | Dambulla

تیسرا ٹی ۲۰؍ لنکا کی ٹیم نے ۷؍وکٹ سے جیت لیا۔ مہمان ٹیم انڈیا نے سیریز پر ایک۔۲؍ سے قبضہ کرلیا۔ چماری اٹاپٹو کی نصف سنچری

Sri Lankan captain Chamari Atapattu shakes hands with teammate Harshita after scoring a half-century.Picture:INN
سری لنکا کی کپتان چماری اٹاپٹو نصف سنچری بنانے کے بعد اپنی ساتھی کھلاڑی ہرشیتا سے ہاتھ ملا رہی ہیں۔ تصویر: آئی این این

 ہندوستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے سری لنکا پر کلین سویپ کا سنہرا موقع گنوا دیا۔ پیر کو ہونے والے تیسرے ٹی ۲۰؍ میچ میں میزبان ٹیم سری لنکا نے ہندوستانی خواتین کو ۷؍وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں ایک  میچ جیت لیا۔ خیال رہے کہ ہندوستانی ٹیم نے  دوسرے میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی سیریز پر قبضہ کرلیا تھا۔ اس طرح ہندوستان اور سری لنکا کی خواتین ٹیموں کی ٹی ۲۰؍ سیریز کا خاتمہ ایک۔۲؍ پر ہوا۔ اس میچ میں چماری اٹاپٹو نےشاندار نصف سنچری بنائی۔ پیر کو ہونے والے میچ میں ہندوستانی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۲۰؍ اوور میں ۵؍ وکٹ پر ۱۳۸؍رن بنائے جس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم نے تیزی سے بلے بازی کرتے ہوئے ۱۷؍اوور میں ۳؍وکٹ کے نقصان پر ۱۴۱؍رن بناکر میچ جیت لیا۔  ہندوستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیاتاہم ٹیم انڈیا کی شروعات اچھی نہیں رہی اور ۷؍ رن پر اس کا پہلا وکٹ شفالی ورما کی شکل میں گرا۔ شفالی نے ۴؍گیندو ں کا سامنا کیا اور ایک چوکے کی مدد سے ۵؍ رن بناکر پویلین کا رخ کیا۔اس کے بعد اسمرتی مندھا نا اور سبھی نینی میگھنا کے درمیان ۴۱؍رن کی پارٹنر شپ ہوئی۔ ان دونوں نے ٹیم کی اننگز کو سنبھالا لیکن ۴۸؍ رن کے مجموعی اسکورپرمندھانا ۲۲؍رن بنانے کے بعد رانا سنگھے کا شکار ہوگئی۔ اسمرتی نے ۲۱؍گیندوں پر۳؍چوکوں کی مدد سے مذکورہ رن بنائے۔ اس کے فوراً بعد میگھنا نے بھی اپنا وکٹ گنوا دیا۔ وہ ۲۶؍ گیندوں پر ۳؍چوکوں کی مدد سے ۲۲؍رن بناکر آؤٹ ہوگئیں۔ اس کے بعد کپتان ہرمن پریت کور اور جمائما راڈریگیزنے ہندوستانی ٹیم کے رنوں کی رفتارکو تیزی بخشی ۔ ان دونوں نے ہندوستانی اسکور کو ۱۰۰؍ رن کے پار پہنچا دیا۔ ہندوستان کا چوتھا وکٹ ۱۱۵؍رن کے مجموعی اسکور پر گر ا۔ جمائما نے  ۳۰؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں کی مدد سے ۳۳؍ رن بنائے۔پوجا وسترکر نے ۱۳؍ رن کا تعاون دیا۔ رن آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے ۶؍گیندوں کا سامنا کیا اور ۲؍ چوکے لگانے میں کامیاب رہیں۔ کپتان ہرمن پریت کور ۳۳؍ گیندوںپر ۳؍چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۳۹؍ رن بنائے۔ سری لنکاکی جانب سے سگندھا کماری، اما کنچنا ، اوشاڈی رانا سنگھے اور انوکا رانا ویرا نے ایک ایک وکٹ لیا۔ ۱۳۹؍رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری سری لنکاکی ٹیم کا پہلا وکٹ ۶؍رن کے مجموعی اسکورپر گرا۔ وشمی گنارتنے ۵؍رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد چماری اٹاپٹو نے کپتانی اننگز کھیلی۔ سری لنکا کا دوسرا وکٹ ۳۷؍رن کے مجموعی اسکور پر گرا۔ ہرشیتا سمر وکرما نے ۱۳؍رن کا تعاون دیا۔ سری لنکا کا چوتھا وکٹ ۱۱۴؍رن کے اسکور پر گرا۔ نیلاکشی ڈی سلوا ۳۰؍ رن کا تعاون کرنے کے بعد رن آؤٹ ہوگئی۔ ۳؍ وکٹ گر جانے کے بعد چماری اور کاویشا دلہاری نے ٹیم کو فتح کی منزل تک پہنچادیا۔ کاویشا نے ناٹ آؤٹ ۷؍رن بنائے۔ کپتان چماری  اٹاپٹو نے ۴۸؍  گیندوں پر۱۴؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۸۰؍رن بنائے۔ انہیں کپتانی اننگز کیلئے پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا۔ ہندوستانی  کپتان ہرمن پریت کور کو پلیئر آف دی سیریز منتخب کیا گیا۔ انہوں نے سیریز میں ۹۲؍ رن  بنائے اورایک  وکٹ لیا۔ہندوستان نے ٹی ۲۰؍ سیریز ۱۔۲؍ سے جیت لی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK