Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل: رائل چیلنجرز بنگلور آئی پی ایل کا نیا چمپئن

Updated: June 03, 2025, 11:40 PM IST | Ahmedabad

وراٹ کوہلی اور ان کی ٹیم بنگلور نے پہلی بار آئی پی ایل کا خطاب جیت لیا۔ فائنل میں کوہلی نے ۴۳؍رن بنائے۔ گیندبازوں نے پنجاب کے بلے بازوں کو ڈھیر کردیا

Royal Challengers Bangalore  Team. Photo:INN
رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم۔ (تصویر:آئی این این)

منگل کو انڈین پریمیر لیگ ۲۰۲۵ء کے فائنل میں رائل چیلنجرزبنگلور میں بالآخر آئی پی ایل کا خطاب جیت لیا۔ ہندوستانی ٹی ۲۰؍ لیگ کے ۱۸؍ ویں سال میں بنگلور کی ٹیم نے ٹرافی اٹھائی۔ اسی کے ساتھ ہی آئی پی ایل کے سب سے بہترین کھلاڑی  وراٹ کوہلی بھی پہلی اس لیگ کے چمپئن بننے میں کامیاب رہے۔بنگلور نےپہلے کھیلتے ہوئے ۲۰؍ اوور میں ۹؍وکٹ پر ۱۹۰؍رن بنائے جس کے جواب میں پنجاب کنگز کی ٹیم ۲۰؍اوور میں ۷؍وکٹ پر ۱۸۴؍رن ہی بناسکی۔ بنگلور نے فائنل ۶؍رن سے جیت لیا۔ 
بنگلور کی جانب سے دیئے جانے والے ۱۹۱؍رن کے ہدف کے تعاقب میں پنجاب نے اچھی شروعات کی لیکن یکے بعد دیگرے اس کے وکٹ گرتے رہے اور ٹیم کیلئے ہدف مشکل ہوگیا۔ اوپنر پریانش آریہ نے ۲۴؍رن ، پربھسمرن  سنگھ نے ۲۶؍رن کا تعاون کیا۔ وکٹ کیپر جوش انگلس نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن وہ ۳۹؍رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ ان کے جانے کے بعد پنجاب کے کھلاڑی زیادہ دیرٹک نہیں سکے۔ کپتان شریاس ایّر ایک رن، نہال ودھیرا ۱۵؍رن  مارکس اسٹوئنس ۶؍رن اور عظمت اللہ عمرزئی ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ششانک سنگھ نے آخری اوور تک ٹیم کو جتانے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔ انہوں نے ناٹ آؤٹ ۶۱؍رن بنائے۔ پنجاب کی ٹیم ۲۰؍ اوور میں ۷؍وکٹ ۱۸۴؍رن بنائے۔ بنگلور نے ۶؍رن سے میچ جیت لیا۔ بھونیشور کمار نے ۲، کرونال پانڈیا نے ۲، یش دیال ، جوش ہیزل ووڈ اور روماریو شیفرڈ نے ایک ایک وکٹ لیا۔   
اس سے قبل  وراٹ کوہلی (۴۳؍رن)، کپتان رجت پاٹیدار (۲۶؍رن)، جتیش شرما (۲۴؍رن)، مینک اگروال (۲۴؍رن) اور لیام لیونگ اسٹون (۲۵؍رن) کی اننگز کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور نے منگل کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل ) ۲۰۲۵ء کے فائنل  میں پنجاب کنگز کو جیتنے کیلئے ۱۹۱؍رن کا ہدف دیا۔
منگل کو  پنجاب کنگز کے کپتان شریاس ایّر نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کیلئے  آنے والی رائل چیلنجرز بنگلور کی شروعات اچھی نہیں رہی اور دوسرے ہی اوور میں اوپنر فل سالٹ  (۱۶؍رن) کا وکٹ گنوا بیٹھا۔ انہیں کائل جیمیسن نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بلے بازی کیلئے آنے والے  مینک اگروال زیادہ دیر تک وراٹ کوہلی کا ساتھ نہ دے سکے اور۱۸؍ گیندوں پر۲۴؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ کپتان رجت پاٹیدارنے ۲؍ چھکے اور ایک چوکا لگا کر ۲۶؍رن  بنائے۔ وہ کائل جیمیسن کے ہاتھوں وکٹ کے پیچھے آؤٹ ہوئے۔ اپنی نصف سنچری کی جانب بڑھ رہے وراٹ کوہلی ۱۵؍ویں اوور میں  عظمت اللہ عمرزئی کی گیند پر ان کے ہی ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین  لوٹ گئے۔ وراٹ کوہلی نے۳۵؍ گیندوں پر۳؍ چوکے لگا کر ۴۳؍ رن کی اننگز کھیلی۔ کائل جیمیسن نے لیام لیونگ اسٹون (۲۵؍رن) کو بھی۱۵؍ گیندوں پر آؤٹ کیا۔ جتیش شرما نے۱۰؍ گیندوں پر۲؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۲۴؍ رن بنائے۔ وہ۱۸؍ویں اوور میں وجے کمار ویشک کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ روماریو شیفرڈ نے ۹؍ گیندوں پر۱۷؍ رن بنائے اور ۲۰؍ویں اوور میں عرشدیپ سنگھ کے ہاتھوں وکٹ کے  پیچھے آؤٹ ہوئے۔ عرشدیپ سنگھ نے ایک ہی اوور میں رائل چیلنجرز بنگلور کے ۳؍ وکٹ لیے اور انہیں۲۰۰؍ رن تک پہنچنے نہیں دیا۔ رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۹؍ وکٹ  کے نقصان پر صرف ۱۹۰؍ رن بنا سکی۔ عرشدیپ سنگھ اور کائل جیمیسن نے ۳۔۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ وجے کمار ویشک، عظمت اللہ عمرزئی اور یزویندر چہل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK