Inquilab Logo

آئی پی ایل: پنجاب کنگز اور ممبئی انڈینس میں آج معرکہ آرائی

Updated: April 18, 2024, 10:08 AM IST | Milanpur

۶؍ میچوں کے بعد دونوں ٹیموں کے ۴۔ ۴؍ پوائنٹس ہیں۔ شکھر دھون کے باہر ہونے سے پنجاب کیلئے چیلنج بڑھ گیا ہے۔ ہاردک پانڈیا سے بہتر کپتانی کی امید۔

Rohit Sharma will be expected to bat well. Photo: INN
روہت شرما سے اچھی بلے بازی کی امید ہوگی۔ تصویر: آئی این این

پنجاب کنگز اور ممبئی انڈینس جمعرات کو یہاں آمنے سامنے ہوں گے تو دونوں ہی انڈین پریمیر لیگ میں اپنی ناکام مہم کو دوبارہ پٹری پر لانے کیلئے بے چین ہوں گے۔ ۶؍ میچوں کے بعد دونوں ٹیموں کے ۴۔ ۴؍ پوائنٹس برابر ہیں۔ دونوں کی طرف سے بنائے جانے والے نیٹ رن ریٹ میں اعشاریہ پوائنٹس کا فرق ہے۔ پنجاب ۰ء۲۱۸- کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ ۷؍ویں پوزیشن پر ہے جبکہ ممبئی انڈینس(۰ء۲۳۴-) ۸؍ویں پوزیشن پر ہے۔ 
پنجاب اور ممبئی دونوں ۴۔ ۴؍ میچ ہار چکے ہیں۔ دونوں اپنے پچھلے میچ ہار چکے ہیں اور اس میچ میں جیت کے ساتھ ٹورنامنٹ میں لوٹنے کی کوشش کریں گے۔ پنجاب کے لئے چیلنج بڑھ گیا ہے کہ وہ اپنے ٹاپ آرڈر سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے، باقاعدہ کپتان شکھر دھون کندھے کی چوٹ کی وجہ سے ۷؍ سے۱۰؍ دن کیلئے باہر ہوگئے ہیں۔ غیرمعروف ہندوستانی کھلاڑی ششانک سنگھ اور آشوتوش شرما نے اس سیزن میں پنجاب کی ٹیم کے لئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان دونوں نے نچلے آرڈر میں بیٹنگ کی اور ٹیم کے ٹاپ آرڈر کی خراب کارکردگی کی تلافی ایک سے زائد مرتبہ کی ہے۔ پربھسمرن سنگھ کی کارکردگی تشویشناک ہے۔ وہ ۶؍ میچوں میں ۱۹ء۸۳؍ کے اوسط سے صرف۱۱۹؍ رن ہی بنا سکے ہیں۔ ہندوستان کے وکٹ کیپر بلے باز جیتیش شرما کے بارے میں بھی یہی کہا جا سکتا ہے۔ 
ورلڈ کپ ٹیم کا انتخاب قریب آنے کے ساتھ جیتیش اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے پرجوش ہوں گے، انہوں نے اب تک ۶؍ میچوں میں ۱۷ء۶۶؍ کے اوسط سے صرف۱۰۶؍ رن بنائے ہیں۔ پنجاب کو سیم کورین (۱۲۶؍ رن اور ۸؍ وکٹ) اور کگیسو ربادا (۹؍ وکٹ) کی اپنی غیر ملکی بولنگ جوڑی کیلئے مزید سہارا تلاش کرنا ہوگا۔ ارشدیپ سنگھ (۹؍ وکٹ) اور ہرشل پٹیل (۷؍ وکٹ) کی ہندوستانی تیز گیند باز جوڑی بلے بازوں کیلئے آسان شکار رہی ہے۔ 
ممبئی انڈینس جانتے ہیں کہ ان میں صورتحال کا رخ موڑنے کی کافی صلاحیت ہے لیکن انہیں مسلسل کارکردگی پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ دہلی کیپٹلس اور رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف گھر پر ان کی دو جیت نے مسلسل ۳؍ ہارکے سلسلے کوتوڑ دیا ہے لیکن روہت شرما کی سنچری کے باوجود ٹیم چنئی سپر کنگز کے خلاف آخری میچ میں ہار گئی۔ ہاردک پانڈیا کے فارم اور ٹیم میں ان کے کردار پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ آل راؤنڈر نے گیندبازی کے شعبے میں ذمہ داریاں تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ان کا اکانومی ریٹ۱۲؍ تشویشناک ہے۔ جیرالڈ کوٹزی (۹؍ وکٹ) اور آکاش مدھوال (۴؍ وکٹ) نے بھی۱۰؍ رن فی اوور سے زیادہ کی شرح سے رن دیئے ہیں۔ بلے سے بھی پانڈیا ٹیم کو مضبوط کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پانڈیا کو اس سیزن میں اب تک کھیلے جانے والے تمام میچوں میں مختلف اسٹیڈیم میں منفی ماحول کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کا کسی بھی کھلاڑی پر برا اثر پڑ سکتا ہے۔ ایسے میں روہت اور ایشان کشن کا فارم ممبئی انڈینس کے لئے اہم ہو گیا ہے۔ سوریہ کمار یادو نے صحتیابی کے بعد میدان پر واپس آتے ہوئے اب تک ملے جلے نتائج پیش کئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK