Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل ۲۰۲۶ء: کولکاتا بمقابلہ گجرات میچ تاریخی بن گیا

Updated: May 17, 2026, 4:07 PM IST | Kolkata

آئی پی ایل ۲۰۲۶ءمیں سنیچرکو گجرات ٹائٹنز (جی ٹی) اور کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے درمیان کھیلا گیا میچ تاریخی بن گیا۔ اس مقابلے میں چوکوں اور چھکوں کی خوب برسات ہوئی۔

Shubman Gill And Ajinkya Rahane.Photo:X
شبھ من گل اور اجنکیا رہانے۔ تصویر:ایکس

آئی پی ایل ۲۰۲۶ءمیں سنیچرکو گجرات ٹائٹنز (جی ٹی) اور کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے درمیان کھیلا گیا میچ تاریخی بن گیا۔ اس مقابلے میں چوکوں اور چھکوں کی خوب برسات ہوئی اور دونوں اننگز ملا کر مجموعی طور پر ۴۶۵؍ رنز بنے۔ ایڈن گارڈنز کے میدان پر کھیلے گئے اس میچ میں کل چھ بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ٹی۲۰؍ کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب ایک ہی میچ میں چھ بلے بازوں نے ۵۰؍ یا اس سے زیادہ رنز بنائے۔ کے کے آر کی جانب سے فن ایلن نے۹۳؍ رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ انگکرش رگھوونشی ۸۲؍ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
وہیں، کیمرون گرین نے بھی نصف سنچری بنائی اور ناٹ آؤٹ ۵۲؍ رنز اسکور کیے۔ گجرات ٹائٹنز کی طرف سے کپتان شبھ من گل نے ۴۹؍ گیندوں پر۸۵؍ رنز بنائے، جبکہ جوس بٹلر نے ۳۵؍ گیندوں پر ۵۷؍ رنز کی اننگز کھیلی۔ سائی سدرشن نے مسلسل چوتھے میچ میں نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے ۲۸؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۵۳؍ رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھئے:’کمال مولیٰ مسجد پر ہائی کورٹ کا فیصلہ تاریخی حقائق کے خلاف‘


گجرات ٹائٹنز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے کے کے آر کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ایڈن گارڈنز میں اپنے ۱۰۰؍ویں میچ میں کے کے آر کی شروعات اچھی نہیں رہی اور کپتان اجنکیا رہانے صرف ۱۴؍ رنز بنا کر محمد سراج کا شکار بن گئے۔ تاہم، اس کے بعد فن ایلن اور انگکرش رگھوونشی نے اننگز کو سنبھالا اور دوسرے وکٹ کے لیے ۴۱؍ گیندوں پر ۹۵؍ رنز کی شراکت قائم کی۔ ایلن نے ۳۵؍ گیندوں پر ۹۳؍ رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، جس میں ۴؍ چوکے اور ۱۰؍ چھکے شامل تھے۔
دوسری جانب، انگکرش نے۴۴؍ گیندوں پر۴؍ چوکوں اور ۷؍ چھکوں کی مدد سے۸۲؍ رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ آخری اوورز میں کیمرون گرین نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف ۲۸؍ گیندوں پر۵۲؍ رنز بنائے، جس کی بدولت کے کے آر نے ۲۰؍اوور میں ۲؍ وکٹ کے نقصان پر ۲۴۷؍ رنز اسکور کیے۔

یہ بھی پڑھئے:’’ایسا ہے تو میں استعفیٰ دینے کیلئے تیار ہوں‘‘


 ۲۴۸؍ رنز کے ہدف کے تعاقب میں گجرات ٹائٹنز کی ٹیم ۲۰؍ اوور میں۴؍ وکٹ کے نقصان پر صرف ۲۱۸؍ رنز ہی بنا سکی۔ جی ٹی کی جانب سے شبھ من گل نے ۴۹؍ گیندوں پر ۵؍چوکے اور ۷؍ شاندار چھکوں کی مدد سے۸۵؍ رنز بنائے، جبکہ سائی سدرشن نے ۲۸؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۵۳؍ رنز اسکور کیے۔ جوس بٹلر نے ۳۵؍ گیندوں پر ۵۷؍ رنز کی اننگز کھیلی۔ کے کے آر نے یہ مقابلہ ۲۹؍ رنز سے جیت لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK