Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل : بی سی سی آئی نے سخت اصول و ضوابط جاری کئے

Updated: March 25, 2026, 12:08 PM IST | Agency | Mumbai

کھلاڑیوں کے اہل خانہ اور دوست ٹیم بس میں سفر نہیں کر سکیں گے۔ انہیں الگ گاڑی سے اسٹیڈیم پہنچنا ہوگا، ڈریسنگ روم میں بھی ان کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

All Teams Will Have To Follow The BCCI Rules. Rajasthan Team Entering The Hotel. Photo:PTI
بی سی سی آئی کے اصولوں پر سبھی ٹیموں کو عمل کرنا ہو گا۔ راجستھان کی ٹیم ہوٹل میںداخل ہوتے ہوئے۔تصویر:پی ٹی آئی
آئی پی ایل ۲۰۲۶ء شروع ہونے سے قبل ہی بی سی سی آئی نے تمام۱۰؍ فرنچائزی کے لیے نئے اور سخت قوانین جاری  کئے ہیں۔ ان کا مقصد ٹورنامنٹ میں نظم و ضبط میں اضافہ، ٹیم ماحول کو بہتر بنانا اور پچ کے معیار کو محفوظ رکھنا بتایا جا رہا ہے۔
اہل خانہ اور دوستوں کے حوالےسے گائیڈلائن 
اس بار صرف کھلاڑیوں پر ہی نہیں بلکہ ان کے اہل خانہ اور دوستوں کی موجودگی کے حوالے سے بھی واضح گائیڈلائن بنائی گئی ہے۔سب سے بڑی تبدیلی کھلاڑیوں کے سفر کو لے کر کی گئی ہے۔ اب تمام کھلاڑیوں کو پریکٹس سیشن اور میچ کے لئے صرف ٹیم بس سے ہی آنا جانا ہوگا۔ پہلے کچھ کھلاڑی خاص طور سے اپنے آبائی شہروں میں پرائیویٹ گاڑیوں سے یا اپنی گاڑیوں سے پہنچ جاتے تھے، لیکن اب اس کی اجازت نہیں ہوگی۔ بی سی سی آئی کا ماننا ہے اس سے ٹیم متحد رہے گی اور تمام کھلاڑیوں کیلئے ایک جیسے قانون ہوں گے۔نئے قوانین کے مطابق کھلاڑیوں کے اہل خانہ اور دوست ٹیم بس میں سفر نہیں کر سکیں گے۔ انہیں الگ گاڑی سے اسٹیڈیم یا پریکٹس وینیو تک پہنچنا ہوگا۔ اتنا ہی نہیں ڈریسنگ روم میں خاندان کے افراد اور دوستوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، یہ اصول پریکٹس کے دنوں میں بھی نافذ رہے گا۔
پریکٹس دیکھنے کیلئے اصول
 اگر اہل خانہ پریکٹس دیکھنا چاہتے ہیں تو انہیں صرف  پہلے سےطے  کئے گئے ہاسپیٹلٹی ایریا سے ہی دیکھنے کی اجازت ہوگی۔بی سی سی آئی نے میچ والے دن میدان پر پریکٹس سیشن کرانے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کے علاہ پچ کے پاس والے حصے، یعنی مین اسکوائر پر بھی کسی طرح کا فٹ نس ٹیسٹ نہیں کیا جا سکے گا۔ بورڈ کا ماننا ہے کہ ایسا کرنے سے پچ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
آرینج کیپ کیلئے اصول 
اس کے علاوہ ’آرینج کیپ‘ اور ’پرپل کیپ‘ کی ریس میں آگے چل رہے کھلاڑیوں کے  لئے بھی نیا اصول نافذ کیا گیا ہے۔ ایسے کھلاڑیوں کو میچ کے دوران یہ کیپ پہننی ہوگی۔ اگر کوئی کھلاڑی پورے وقت یہ کیپ نہیں پہننا چاہتا تو کم از کم شروع کے۲؍اوورس تک اسے یہ کیپ پہننی پڑے گی، تاکہ براڈکاسٹ ٹیم اسے شائقین کو دکھا سکے۔قابل ذکر ہے کہ پوسٹ میچ پریزنٹیشن کے لیے بھی بی سی سی آئی نے ڈریس کوڈ طے کیا ہے۔ اب کھلاڑی سلیو لیس (بغیر آستین والی جرسی) یا فلاپی ہیٹ پہن کر پریزنٹیشن میں نہیں آ سکیں گے۔ پہلی بار اصول کی خلاف ورزی کرنے پر کھلاڑی کو وارننگ دی جائے گی۔ اس کے بعد بھی ایسا کرنے پر کھلاڑی کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
 
 
آشیش نہرا کا بیان 
دریں اثناءانڈین پریمیئر لیگ  کے باقاعدہ آغاز سے قبل گجرات ٹائٹنس کے ہیڈ کوچ آشیش نہرا نے ٹیم کے عزائم کو واضح کر دیا ہے اور بی سی سی آئی کی نئی گائیڈ لائنس پر کہا کہ یہ ٹیموں کےلئے نہایت ضروری ہیں۔ ان پر عمل درآمد سے ٹیموں کو ہی فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ان گائیڈلائنس کو انہوں نے ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ شیئر کردیا ہے اور سبھی اس پر عمل کریںگے ۔ساتھ ہی انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ان کی ٹیم کا واحد مقصد میدان میں مقابلہ کرنا اور ٹرافی جیتنا ہے۔
 
 
تقریب سے خطاب 
’’شبھ آرمبھ‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، جہاں فرنچائز کے مالکان، کھلاڑی اور مداح ایک بڑی تعداد میں موجود تھے، نہرا نے ٹیم کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔ نہرا کا کہنا تھا کہ اس سیزن میں کچھ مختلف سوچنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہاکہ اصل میں مجھے نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو سوچنا ہے، کیونکہ میدان میں انہوں نے کھیلنا ہے، میں تو باہر بیٹھتا ہوں۔ کوچ نے اس بات پر زور دیا کہ ایک نئی ٹیم ہونے کے ناطے لوگ سمجھ سکتے تھے کہ ہمیں سیٹ ہونے میں وقت لگے گالیکن ہمارا نظریہ پہلے دن سے صاف تھا کہ ہم یہاں جیتنے کے  لئے آئے ہیں اور اب بھی وہی کریںگے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کا مقصد فتح حاصل کرنا ہو تا ، ہمارا بھی وہی مقصدہےاور ہم اسے حاصل کریںگے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK