دہلی کی امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے ممبئی۵۹؍ رنوں سے میچ جیت لیا۔
EPAPER
Updated: May 23, 2025, 12:47 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
دہلی کی امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے ممبئی۵۹؍ رنوں سے میچ جیت لیا۔
ابتدائی میچوں میں خراب کارکردگی کے باوجود ۵؍ بار کی چمپئن ممبئی انڈینس کی ٹیم ایک بار پھر آئی پی ایل کے پلے آف میں پہنچ گئی ہے۔ ممبئی انڈینس نے دہلی کیپٹلز کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر ۵۹؍رنوں سے شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ممبئی کی ٹیم پلے آف میں پہنچ گئی۔ اس سے قبل گجرات ٹائٹنز، رائل چیلنجرز بنگلور اور پنجاب کنگز کی ٹیمیں پلے آف میں پہنچ چکی تھیں۔
ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دہلی کیپٹلز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرنے والی ممبئی کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ لیکن ایسے بہت سے مواقع پر، مسٹر ۳۶۰؍سوریہ کمار یادو ممبئی کے لئے نجات دہندہ کے طور پر ابھرتے ہیں اور بدھ کو وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ایسا ہی ہوا۔ ممبئی ۱۷؍اوور کے بعد ۵؍وکٹ پر ۱۲۶؍ رنوں پر جدوجہد کر رہا تھا لیکن سوریہ کمار (۷۳) نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو ۱۸۱؍رنوں تک پہنچانے میں مدد کی۔
سوریہ نے چمک بکھیری
دہلی کیپٹلز کے ریگولر کپتان اکشر پٹیل اس میچ میں نہیں کھیلے اور ان کی جگہ فاف ڈو پلیسس نے کپتانی کی ذمہ داری نبھائی۔ فاف نے ٹاس جیتا اور بغیر کسی ہچکچاہٹ کے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ پچ بارش کی وجہ سے ۲؍ دن تک ڈھکی ہوئی تھی۔ جب ممبئی کے دیگر بلے باز بلے بازی کے لئے مشکل پچ پر رن بنانے کے لئے جدوجہد کر رہے تھے، سوریہ کمار یادو صبر کے ساتھ کھیل رہے تھے اور دوسرے سرے پر رن بنا رہے تھے۔ وہ خراب گیندوں کو باؤنڈری کے اس پار بھیجنے سے باز نہیں آئے۔ انہیں کلدیپ یادو کے اوور میں اس وقت زندگی ملی جب وہ ۱۱؍ پر بیٹنگ کر رہے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے سیزن کی اپنی چوتھی نصف سنچری ۳۶؍گیندوں میں مکمل کی۔ آخر میں سوریہ نے گیئربدلے اور تیزی سے رن بنائے۔ وہ ۴۳؍گیندوں میں ۷؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے ۷۳؍رن بنانے کے بعد ناقابل شکست واپس لوٹے۔ ممبئی کے لئے سوریہ اور نمن دھیر (۲۴) نے آخری ۲؍ اووروں میں ۴۸؍رن جوڑ کر ٹیم کو اچھی پوزیشن میں پہنچا دیا۔ ان میں سے ۲۷؍رن مکیش کمار کے ۱۹؍ویں اوور میں آئے جس میں نمن دھیر نے آخری ۴؍ گیندوں پر ۲؍ چھکے اور ۲؍ چوکے لگائے۔ اس اننگز کی بنیاد پر سوریہ کمار یادو نے اورنج کیپ کی دوڑ میں اب یشسوی جیسوال کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اب تک وہ ۱۳؍اننگز میں ۱۷۰؍سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ سے ۵۸۳؍رن بنا چکے ہیں۔ اب صرف گجرات ٹائٹنز کے بی سائی سدرشن اور شبھمن گل ان سے آگے ہیں۔
کلدیپ نے وکٹوں کی سنچری مکمل کی
روہت کے آؤٹ ہونے کے بعد ریان رکلٹن اور ول جیکس نے دوسرے وکٹ کے لئے شراکت داری کرنے کی کوشش کی لیکن وہ صرف ۲۵؍رنوں کا اضافہ کر سکے۔ مکیش کمار نے جیکس کو آؤٹ کرتے ہوئے ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی۔ اس کے بعد فاف ڈوپلیسس نے کلدیپ کو لانے میں زیادہ وقت ضائع نہیں کیا اور ساتویں اوور میں کلدیپ نے سوریہ کمار یادو کو اپنے جال میں پھنسا لیا لیکن مکیش کمار پوری کوشش کے باوجود ان کا کیچ پکڑ نہ سکے۔ حالانکہ اگلی ہی گیند پر کلدیپ نے رکلیٹن کو آؤٹ کر کے آئی پی ایل میں اپنا ۱۰۰؍ واں وکٹ لیا۔ کلدیپ نے یہ ہندسہ ۹۷؍ویں میچ میں پار کیا۔ وہ آئی پی ایل میں ۱۰۰؍وکٹیں لینے والے پانچویں ہندوستانی اسپنر ہیں۔ ان سے پہلے ہربھجن سنگھ، یزویندر سنگھ چہل، ورون چکرورتی اور امیت مشرا یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ ان میں سے امیت مشرا اور ورون نے صرف ۸۳؍ میچوں میں یہ کارنامہ انجام دیا۔
دہلی کے بلے باز ناکام
دہلی کیپٹلز ہدف کا تعاقب کرنے کے لئے میدان پر اتری لیکن ۱۸ء۲؍اوور میں ۱۲۱؍رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ دہلی کی بلےبازی بری طرح فلاپ رہی۔ اکشر پٹیل کی غیر موجودگی میں دہلی کی ٹیم فاف ڈو پلیسس کی کپتانی میں میدان پر اتری تھی۔ ڈو پلیسس (۶) بھی کپتانی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ کے ایل راہل (۱۱) بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ اب تک اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے ابھیشیک پورل بھی صرف ۶؍رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ٹیم کی جانب سے سمیر رضوی نے سب سے زیادہ ۳۹؍ رنوں کی اننگز کھیلی۔ اشوتوش (۱۸) بھی بلے سے اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔