Inquilab Logo

آج راجستھان اور پنجاب کے مقابلے میں سیمسن اور راہل کی ٹکر

Updated: September 27, 2020, 4:30 AM IST | Agency | Sharja

راجستھان آئی پی ایل ۱۳؍ میں اپنے جیت کے سلسلے کو برقرار رکھنا چاہے گا۔ کنگز الیون پنجاب کو کپتان لوکیشن راہل سے ایک اور بہترکارکردگی کی امید۔سیمسن بھی مقابلے کیلئے تیار

KL Rahul - Pic : PTI
کے ایل راہل ۔ تصویر : پی ٹی آئی

آئی پی ایل میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی راجستھان رائلز اور کنگز الیون پنجاب کی ٹیموں کے درمیان اتوارکو راجستھان کے سلامی  اور وکٹ کیپر بلے باز سنجو سیمسن اور پنجاب کے لوکیش راہل کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
 راجستھان اور پنجاب کی ٹیموں نے اپنے پچھلے میچ جیت لئے ہیں اور دونوں ٹیمیں جیت کے سلسلے کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گی۔ راجستھان نے ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں  رنر اپ چنئی سپر کنگز کو۱۶؍ رن سے ہرادیا تھا جبکہ پنجاب کی ٹیم نے رائل چیلنجرز بنگلور کو۹۷؍ رن  کے بڑے  برق  سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیمیں جیت سے پرجوش ہیں اور اگلے میچ کے لئے تیار ہیں۔
 پنجاب ۲؍ مقابلے میں ایک جیت اور شکست کے ساتھ ۲؍ پوائنٹ حاصل کرکے ٹیبل میں دوسری پوزیشن پر ہے جبکہ راجستھان کی ٹیم ایک جیت کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ پنجاب کا  یہ تیسرا اور راجستھان کا دوسرا میچ ہوگا۔راجستھان کے سیمسن نے چنئی کے خلاف صرف۳۲؍ گیندوں میں ایک چوکے اور ۹؍ چھکوں کی مدد سے زبردست۷۴؍ رن بنائے تھے جبکہ راہل نے بنگلور کے خلاف۶۹؍ گیندوں میں۱۴؍چوکوں اور ۷؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ۱۳۲؍ رن کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی ۔یہ راہل کا بہترین اسکور اور اس آئی پی ایل کی پہلی سنچری تھی۔ 
 راجستھان کے  اپنے دوسرے میچ سے قبل حوصلے بلند ہوگئے ہیں کہ ٹیم کے اسٹار بلے باز جوس بٹلر کی قرنطینہ  کی مدت مکمل ہوچکی ہے اور وہ آئندہ مقابلے میں کھیلنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ راجستھان کی ٹیم انتظامیہ نے بھی اس کی تصدیق کردی ہے۔
 ٹیم میں بٹلر کی موجودگی  سے راجستھان کا بلے بازی آرڈر مضبوط ہوگا جو پنجاب کے لئے سخت چیلنج بن سکتا ہے۔ راجستھان کے برانڈ ایمبیسیڈر اور  مینٹر شین ورن بھی متحدہ عرب امارات  پہنچ گئے ہیں۔ اگرچہ اب وہ کوارنٹین  میں رہیں گے لیکن ان کی موجودگی  سے ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ ورن کی کپتانی  میں  راجستھان نے آئی پی ایل  کا پہلا خطاب اپنے نام کیا تھا۔ 
 دوسری طرف پنجاب اس مقابلے سے پہلے اس گراؤنڈ میں راجستھان کے خلاف ۶؍ سالہ پرانے ریکارڈ سے  تحریک لے سکتا ہے کہ شارجہ میں۲۰۱۴ء میں راجستھان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں اسے کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ پچھلی مرتبہ راجستھان کے خلاف  کھیلے جانے والےمقابلے میں پنجاب کی ٹیم نے۷؍ وکٹ سےکامیابی حاصل کی تھی۔اس میچ میں راجستھان نے ۵؍ وکٹوں پر۱۹۱؍رن بنائے تھے جبکہ پنجاب نے ۳؍ وکٹ پر۱۹۳؍رن بنا کر میچ جیت لیا تھا۔ میچ میں راجستھان کی طرف سے سیمسن نے۵۲؍ اور اسٹیون اسمتھ نے ناٹ آؤٹ ۲۷؍ رن بنائے جبکہ پنجاب  کی طرف سے گلین میکسویل نے۸۹؍ رن کا اسکور کیا تھا ۔ جہاں ایک طرف پنجاب اس ریکارڈ سے  پرجوش ہوگی تو وہیں راجستھان کو اپنی سابقہ شکست کا بدلہ لینے کا موقع ملے گا۔راجستھان کی طرف سے چنئی کے خلاف  پچھلے مقابلے میں کپتان اسمتھ (۶۹؍رن) نے بھی شاندار اننگز کھیلی تھی اور سیمسن کے ساتھ ۱۲۱؍ رن کی بڑی شراکت کی تھی۔ راجستھان کے ٹاپ آرڈر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن ان کا مڈل آرڈرلڑکھڑا گیا تھا۔ اسمتھ کو اپنے مڈل آرڈر کومضبوط کرنا ہوگا۔
 راجستھان کو اپنی گیندبازی کو بہتر بنانا ہوگا جو ۲۱۶؍ رن کے مضبوط اسکور کا دفاع کرتے ہوئے کچھ خاص گیندبازی نہیں کرسکی تھی۔ چنئی کے بلے بازوں نے راجستھان کے گیندبازوں کی جم کر پٹائی کی تھی اور میچ جیتنے کے قریب تک پہنچ گئے تھے۔ چنئی نے۲۰۰؍رن بنائے تھے۔ اگرچہ راہل تیوتیا نے ۳؍ وکٹ لئے تھے۔اگر راجستھان کو پنجاب کے چیلنج پر قابو پانا ہے تو اسے راہل اور مینک اگروال کی جوڑی کو جلد  نمٹانا ہوگا  جنہوں نے بنگلور  کے خلاف طوفانی اننگز کھیلی تھی ۔ پنجاب کو سیمسن ، اسمتھ اور بٹلر کی  تثلیث  کا سامنا کرنا ہے اور انہیں بڑی اننگز کھیلنے سے روکنا ہوگا۔ 
 پنجاب کی طرف سے میکسویل کا بلہ گزشتہ مقابلوں میں خاموش رہا تھا  اور اب وقت آگیا ہے کہ وہ فارم میں واپس آجائے جبکہ نکولس پورن کو بھی مڈل آرڈر میں اپنی ذمہ داری  بخوبی سمجھنی ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK