• Fri, 26 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جموں کشمیر کی ۱۰؍ سالہ فارمولہ ون ریسر عتیقہ میر کی چوطرفہ ستائش

Updated: September 26, 2025, 9:57 AM IST | Agency | Srinagar

سلوواکیہ میں محض ۳۲ء۰؍ سیکنڈ کے فرق سے تاریخ رقم کرنے سے چوک گئیں ، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کشمیر کا فخر قرار دیا.

Atiqa Mir had also won the championship in Dubai recently. Photo: INN
عتیقہ میر نے گزشتہ دنوں دبئی میں بھی چمپئن شپ جیتی تھی۔ تصویر: آئی این این

جموں کشمیر کی پہلی فارمولا ون ریسنگ ٹیلنٹ عتیقہ میرنے سلوواکیہ میں منعقدہ یورپی کارٹنگ  چمپئن شپ میں اپنی شاندار کارکردگی سے سرخیاں بٹوریں۔اگرچہ وہ تمغہ حاصل کرنے سے محروم رہیں لیکن چوتھی پوزیشن پر آکر بھی انہیں بھرپور مبارکباد اور نیک تمناؤں سے نوازا جا رہا ہے۔وہ یہ ریس جیتنے سے محض ۰ء۳۲؍  سیکنڈ پیچھے رہ گئیں لیکن ان کی بہترین کارکردگی کی ستائش ریس جیتنے والے ڈرائیوروں نے بھی کی ۔ 
 جموں کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی عتیقہ میر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اُمید ہے کہ ایک دن وہ فارمولا ون ریسنگ چمپئن شپ میں سب سے آگے ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے ایکس پر لکھاکہ ’’نوجوان عتیقہ کو مبارکباد۔ ریسنگ کے تئیں اس کی فطری صلاحیت اور جذبہ سب کے سامنے ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ دن دور نہیں جب وہ موٹر ریسنگ کی چوٹی یعنی فارمولا ون میں ریس کرنے  والی پہلی کشمیری ہوں گی۔ عتیقہ اسی طرح محنت کرتی رہو، ہمیشہ نیک تمنائیں۔‘‘
 صرف ۱۰؍ برس کی عمر میں سری نگر سے تعلق رکھنے والی عتیقہ میر تاریخ رقم کر رہی ہیں۔ وہ فارمولا ون اکیڈمی کے ’’ڈسکوَر یوَر ڈرائیو‘‘ پروگرام کیلئے منتخب ہونے والی پہلی ہندوستانی اور ایشیائی لڑکی ہیں۔فارمولا ون کی سرپرستی میں انہوں نے حال ہی میں یورپی کارٹنگ چمپئن شپ (سلوواکیہ) میں بہترین ہندوستانی اور بہترین خاتون ڈرائیور کے طور پر نمایاں کارکردگی دکھائی اور چوتھے نمبرپر رہیں۔ عتیقہ کے والد سابق فارمولا ایشیا ڈرائیور ہیں اور انہی سے متاثر ہوکر عتیقہ نے کم عمری میں اس کھیل کا انتخاب کیا۔ وہ فی الوقت یورپ اور مشرقِ وسطیٰ میں بین الاقوامی ڈرائیوروں کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہیں تاکہ جلد فارمولا ون تک پہنچ سکیں۔ کچھ ماہ قبل وہ دبئی کی چمپئن شپ جیت چکی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK