Inquilab Logo

میدان پر قومی ترانہ پڑھنا اور ٹیم انڈیا کی جرسی پہننا فخر کی بات ہے: جھولن

Updated: September 26, 2022, 2:06 PM IST | Inquilab Desk | London

ہندوستان کی خواتین ٹیم انڈیا کی تیز گیندباز نے کہا:یہ زندگی ہے اور کھیل ہے ، کوئی آتاہے اور کوئی جاتاہے ، یہ سلسلہ یوں ہی جاری رہتاہے۔ مجھے فخرہے کہ میں نے اپنی ٹیم اور ملک کیلئے خدمات انجام دی ہیں

Jhulan Goswami .Picture:INN
جھولن گوسوامی ۔ تصویر:آئی این این

اپنے کرکٹ کا آخری میچ کھیلنے والی تیز گیندباز جھولن گوسوامی نے کہا کہ جب ہم ڈریسنگ سے میدان پر پہنچتے ہیں اور قومی ترانہ  پڑھتے ہیں تو وہ لمحہ بہت یادگار ہوتاہے۔ خیال رہے کہ ہندوستان کی خواتین ٹیم نے تیسرے یکروزہ میچ میں انگلینڈ کو شکست دے کر۳؍ میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کردیا۔  ہندوستان کی تجربہ کار تیز گیندباز جھولن گوسوامی نے مزید کہا کہ ہندوستان کی نیلی جرسی پہن کر میدان پر پہنچنا اور اس میں ملک کی نمائندگی کرنا ، یہ میرے لئے یادگار لمحات ہیں۔ میں اسی کا خواب دیکھتے ہوئے بڑھی ہوئی اور اب جب کرکٹ کو خیرباد کہہ رہی ہوں تو ان ہی لمحات کو ہمیشہ یاد کرتی رہوں گی۔ اس کے ساتھ ہی مجھے ان یادگار پلوں کی ہمیشہ یاد آتی رہےگی لیکن یہ زندگی ہے اور کھیل ہے ، کوئی آتاہے اور کوئی جاتاہے ، یہ سلسلہ یوں ہی جاری رہتاہے۔ مجھے فخرہے کہ میں نے اپنی ٹیم اور ملک کیلئے خدمات انجام دی ہیں۔  جھولن گوسوامی نے مزید کہا کہ میں نے دیانتداری سے ٹیم کی نمائندگی کی  اور ان سبھی لمحات سے لطف اندوز ہوئی جو مجھے میدان پر میسرآئے۔ میں نے ڈریسنگ روم میں  اپنی ساتھیوں کے ساتھ جو بات چیت کی اور جو وقت گزارا وہ سبھی چیزیں اب یاد  آئیں گی۔ انہوںنےمزید کہاکہ کرکٹ کریئر میں اتار چڑھاؤ آئے اور ہم مایوس نہیں ہوئے اور دوبارہ کھڑے ہوکر مقابلہ کرنا سیکھا۔ ان سبھی چیزوں کے باوجود کریئر میں میدان کے درمیان  قومی ترانہ پڑھنا اور ہندوستان کی نیلی جرسی پہننا یہ اعزاز کی بات ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK