Inquilab Logo

ہمیں پورے ۵۰؍اووربلے بازی نہ کرنے کا خمیازہ بھگتنا پڑا: جھولن

Updated: March 17, 2022, 12:34 PM IST

تجربہ کار تیز گیندباز نے کہا:ہمیں یقیناً۳۰۰؍ گیندیں کھیلنا چاہئے تھیں اور ہم انگلینڈ کو روک بھی سکتے تھے

Jhulan Goswami .Picture:INN
جھولن گوسوامی۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی تیز گیند باز جھولن گوسوامی کا خیال ہے کہ ہندوستان کو انگلینڈ کے خلاف پورے ۵۰؍اووربلے بازی نہ کرنے کا خمیازہ بھگتنا پڑا تاہم۴؍ وکٹوں کی اس شکست کے باوجود انہوں نے بقیہ میچوں میں اچھی کارکردگی کیلئے بیٹنگ آرڈر کی حمایت کی ہے۔۱۳۴؍ رن  کے چھوٹے ہدف کا دفاع کرتے ہوئے ہندوستان  نے گیند کے ساتھ کمال کا مظاہرہ کیا۔ اس نے پہلے انگلینڈ کو ۴؍رن پر ۲؍ وکٹ اور پھر۳۰؍ اوورس کے اندر ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۲۸؍رن  پرلاکھڑاکیاتھا۔ انگلینڈ کی اننگز کو۳۲؍ویں اوور تک کھینچ کر انہوں نے یہ یقینی بنایا کہ نیٹ رن ریٹ میں بڑی کمی نہ آئے لیکن ایک قابل احترام اسکور نہ بنانے کا مطلب یہ تھا کہ ہندوستان صرف جیت کوٹالنے کی کوشش کر رہا تھا۔ خواتین کی ایک روزہ کرکٹ میں۲۵۰؍ وکٹ لینے والی پہلی خاتون بننے پر جھولن نے بدھ کو کہا’’ہم یقینی طور پر۳۰۰؍ گیندیں کھیلنا چاہتے تھے لیکن ہم پورے۵۰؍ اوور نہیں کھیل سکے۔ ہمیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑا کیونکہ ہمارا ہدف۲۴۰۔۲۵۰؍رن تک پہنچنے کا تھا جو اس گراؤنڈ پر اچھا اسکور ہوتا۔ اگر ہم ایسا کرتے تو ہم انہیں (انگلینڈ) کو روک سکتے۔‘‘جھولن نے آگے کہا’’کرکٹ میں کسی دن آپ اچھی منصوبہ بندی کرتے ہیں لیکن یہ آپ کے حق میں نہیں جاتا  اور آپ کو سمجھنا پڑتاہے کہ آپ ورلڈ کرکٹ کی ایک بہترین ٹیم کاسامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ چند برسوں میں اچھاکھیل دکھایا ہے۔ بدقسمتی سے آج ہم اپنے منصوبے پر صحیح طریقے سے عمل نہیں کرسکے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK