Inquilab Logo

دو گول کی برتری کے باوجود یووینٹس کی شکست

Updated: July 09, 2020, 6:04 AM IST | Agency | Milan

میلان کی اٹلی کی لیگ میں ۲۔۴؍  سےکامیابی ۔یووینٹس ہار کے باوجود ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن پر ۔رونالڈو نے ایک گول کیا

Juventus
کرسٹیانو رونالڈو (سفید و سیاہ جرسی میں) اے سی میلان کے کھلاڑیوں کو فٹبال کا سبق سکھاتے ہوئے

منگل کی دیر رات ہونے والے میچ میں صفر۔۲؍ سے آگے ہونے کے باوجود یووینٹس فٹبال کلب کو۲۔۴؍ سے شکست برداشت کرنی پڑی۔ اٹلی کی گھریلو لیگ سیری اے میں اے سی میلان فٹبال کلب نے یووینٹس کو شکست دے کر۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ اس میچ میں یووینٹس کی جانب سے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے بھی گول کیا۔
 میچ کے پہلے ہاف میں اٹلی کے دونوں مضبوط کلبوں نے ایک دوسرے کے کھیل کو سمجھنے میں ختم کردیا۔ میچ کے دوسرے ہاف کے آغاز  ہی سے گول کرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ پہلا گول یووینٹس کی جانب سے ایڈرین ریبیٹ ۴۷؍ ویں  منٹ میں کیا۔ ۵۳؍ویں منٹ میں یووینٹس فٹبال کلب کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے جوآن کواڈ راڈو کی مدد سے ٹیم کا دوسرا گول کیا۔ اس کے بعداے سیمیلان نے اپنے گھریلو میدان پر یکے بعد دیگرے ۴؍گول کردئیے۔ 
 اے سی میلان کے اسٹار زلاتن ابراہیمووچ نے ۶۲؍ویں منٹ میں پنالٹی پر ایک گول کیا جس سے اسکور ایک۔۲؍ ہوگیا۔ اس کے بعد ۶۶؍ویں منٹ میں زلاتن ابراہیمووچ کے پاس پرفرینک کسیے نے برابری کا گول کرتے ہوئے اسکور ۲۔۲؍کردیا۔ اس گول کے ۳؍ منٹ بعد ہی اے سی میلان کو برتری مل گئی۔ رافیل  لیونے ۶۷؍ ویں منٹ میں اینٹے ریبیچ کی مدد سےٹیم کا تیسرا گول کیا۔ ۸۰؍ویں منٹ میں میلان نے اپنی برتری دُگنی کردی ۔ اینٹے ریبیچ نے گیاکوما بوناوینتورا کی مدد سے ٹیم کا چوتھا گول کیا اور اسکور ۲۔۴؍ کر دیا ۔ 
 اس شکست کے بعد یووینٹس فٹبال کلب کے ۳۱؍ میچوں میں ۷۵؍پوائنٹس ہوگئے ہیں جبکہ لازیوفٹبال کلب کو بھی شکست ہوئی تھی۔ اس کے ۳۱؍میچوں میں ۶۸؍پوائنٹس ہیں۔ اے سی میلان کو اس فتح سے ۳؍پوائنٹس ملے ہیں اور وہ ۵؍ویں پوزیشن پر ہے۔ اس کے ۳۱؍میچوں میں ۴۹؍پوائنٹس ہوگئے ہیں۔       
 میچ کے بعد یووینٹس کے کوچ موریزیو سری نے کہاکہ اس شکست سے ہمیں ۳؍ پوائنٹس کا نقصان ہوا ہے لیکن ہمیں ٹیبل میں جس ٹیم سے ٹکر مل رہی ہے اسے بھی شکست ہوئی ہے۔ اس لئے ہم زیادہ پریشان نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی ۷؍میچ راؤنڈ باقی ہیں اور امید کرتے ہیں اگلے  میچوں میں کامیابی حاصل کریں۔
 میچ میں گول کرنے والے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے کہاکہ ہماری طرف سے ہم نے اچھی کوشش کی لیکن ۶۰؍منٹ کے بعد وہ انہوں نے بہت اچھا فٹبال کھیلا اور ہم پر حاوی ہوگئے۔  رونالڈونے اس سیزن میں لیگ میں ۲۶؍گول کئے ہیں اور وہ لازیو کے کھلاڑی سائرو اموبائل سے ۳؍گول پیچھے ہیں۔ ان کے ٹاپ پر پہنچنے کے امکانات ہیں۔ انہو ںنے کہاکہ میں ٹیم کیلئے گول کرنا چاہتا ہوں۔  میری کوشش یہی ہے کہ میں زیادہ سے زیادہ گول کروں اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردارادا کروں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK