Updated: February 01, 2026, 11:29 AM IST
| New Delhi
سابق کرکٹ کپتان اور موجودہ صدر پروفیشنل گولف ٹور آف انڈیا (پی جی ٹی آئی) کپل دیو نے کہا ہے کہ ڈی پی ورلڈ کے ساتھ ہونے والی نئی شراکت داری ہندوستانی گولفرس کیلئے نئے دروازے کھولے گی، بالخصوص انہیں بیرون ملک ٹورنامنٹس میں کھیلنے کے زیادہ مواقع میسر آئیں گے۔
کپل دیو۔ تصویر: آئی این این
سابق کرکٹ کپتان اور موجودہ صدر پروفیشنل گولف ٹور آف انڈیا (پی جی ٹی آئی) کپل دیو نے کہا ہے کہ ڈی پی ورلڈ کے ساتھ ہونے والی نئی شراکت داری ہندوستانی گولفرس کیلئے نئے دروازے کھولے گی، بالخصوص انہیں بیرون ملک ٹورنامنٹس میں کھیلنے کے زیادہ مواقع میسر آئیں گے۔ دہلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپل دیو نے کہاکہ ڈی پی ورلڈ کے ساتھ اس شراکت داری کے ذریعے ہمارے کھلاڑی بیرون ملک کئی ٹورنامنٹس میں حصہ لے سکیں گے۔ چاہے یورپ ہو یا کہیں اور ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کو وہاں جا کر کھیلنے کا موقع ملے گا۔ دبئی اور یورپ جیسے مقامات پر جا کر کھیلنا کسی بھی نوجوان گولفر کیلئے بڑی بات ہے، اور اسی لیے ہم اس اسپانسر شپ کیلئے بہت پرجوش ہیں۔
واضح رہے کہ پی جی ٹی آئی نے جمعہ کو ڈی پی ورلڈ کے ساتھ ایک کثیر سالہ تاریخی شراکت داری کا اعلان کیا ہے جس کے تحت عالمی لاجسٹکس کمپنی ہندوستان کے اس پریمیئر گولف ٹور کی ٹائٹل اور آفیشل امبریلا پارٹنر بن گئی ہے۔ کپل دیو نے مزید کہا کہ ڈی پی ورلڈ کا کھیلوں کے ساتھ پرانا رشتہ انہیں ایک بہترین شراکت دار بناتا ہے۔