Inquilab Logo

اسپینش لیگ میں کریم بینزیما کی ہیٹ ٹرک ، ریئل میڈرڈ کی سیلٹا ویگو پر فتح

Updated: September 14, 2021, 2:01 PM IST | Agency

ریئل میڈرڈنے سیلٹا کو ۲۔۵؍ سے شکست دے دی۔کریم بینزیما کے ساتھ ساتھ وینشیس جونیئر اور ایڈورڈو نے بھی ایک ایک گول کیا

Karim Benzema. Picture:INN
کریم بینزیما ۔ تصویر: آئی این این

اسپینش لیگ لالیگا میں اتوار کی دیر رات ہونے والے میچ میں ریئل میڈرڈ فٹبال کلب نے سیلٹا ویگو کو ۲۔۵؍ گول سے شکست دےکر ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ اس میچ کے ہیرو کریم بینزیما رہے جنہوںنے اپنی ٹیم کی جانب سے ہیٹ ٹرک کی ۔ اس فتح کے بعد ریئل میڈرڈفٹبال کلب  نے اپنے گھریلو میدان سنٹیاگو برنابیو میں شاندار واپسی کی ۔ اس میچ کو دیکھنے کیلئے میڈرڈ کے کلب کے میدان پر شائقین کی خاصی تعداد موجود تھی اورریئل کے کھلاڑی  ونیشیس جونیئر گول کرنے کے بعد سیدھے اسٹینڈ میں داخل ہوگئے۔ یہ منظر تقریباً ۱۸؍ماہ کے بعد دیکھنے کو ملا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ ڈیڑھ سال سےشائقین کا اسٹیڈیم میں داخلہ ممنوع تھا اور اتوار کا میچ دیکھنے کیلئے سنٹیاگو برنابیو میں ہزاروں کی تعداد میں شائقین موجود تھے۔  میچ کی بات کریں تو ریئل میڈرڈ کی شروعات اچھی نہیں ہوئی اور چوتھے منٹ میں حریف ٹیم کی جانب سے پہلا گول ہوا۔ سیلٹا ویگو کے کھلاڑی سینٹی مینا نے آئیگو ایسپاس کی مدد سے ٹیم کو برتری دلائی۔ اس گول کے ۲۰؍منٹ بعد ریئل میڈرڈ کی جانب سے کریم بینزیما نے برابری کا گول کیا۔ ۲۴؍ویں منٹ میں انہوں نے فیڈریکو والورڈی کی مدد سے ٹیم کا پہلا گول کیا۔ ۳۱؍ویں منٹ میں سیلٹا نے دوبارہ برتری حاصل کرلی۔ اس کے کھلاڑی فرینکو سیور ی نے اس ٹیم کی جانب سے دوسرا گول کیا اور اسکور ایک۔۲؍  کردیا۔ میچ کے فرسٹ ہاف تک یہی اسکوربرقراررہا اور دوسرے ہاف میں مقابلہ ہوا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں ریئل میڈرڈ نے اپنے گھریلو میدان پر زبردست حملہ شروع کردیا اور سیلٹاکو پیچھے دھکیل دیا۔ ۴۶؍ویں منٹ میں کریم بینزیما نے میگوئل گوتیریز کی مدد سے ٹیم کیلئے برابری کا گول کیا۔ ۵۴؍ویں منٹ میں وینشیس جونیئر نے کریم بینزیما کی مدد سے ٹیم کو برتری دلائی اور اسکور ۲۔۳؍ کردیا۔ ۷۲؍ ویں منٹ میں ریئل میڈرڈ کی جانب سے پہلا میچ کھیلنے والے ایڈورڈو کاما ونگا نے ٹیم کی برتر ی کودُگنا کردیا اور اسکور ۲۔۴؍ کردیا۔ اس گول سے سیلٹا ویگو کے حوصلے پست ہوگئے ۔میچ کے آخری لمحات میں کریم بینزیما نے بھی ایک اور گول کرکے سیلٹا کی شکست کے فرق کو زیادہ کردیا۔ ۸۷؍ویں منٹ میں کریم بینزیما نے پنالٹی پر گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور میچ کا اسکور ۲۔۵؍ گول کردیا۔ اس فتح کے بعد ریئل میڈرڈ لالیگا کے ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر ہے اور اس کے ۴؍ میچوں میں پوائنٹس ہیں۔ ویلنشیا فٹبال کلب کے ۴؍میچوںمیں ۱۰؍پوائنٹس ہیں۔ ایٹلیٹیکو  میڈرڈ کے بھی اتنے ہی میچو ںمیں ۱۰؍پوائنٹس ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK