Inquilab Logo

کریم بینزیما کی ہیٹ ٹرک،ریئل میڈرڈ نے پی ایس جی کو چمپئن لیگ سے باہر کردیا

Updated: March 11, 2022, 2:03 PM IST | Agency | Madrid

چمپئن لیگ کے راؤنڈ آف ۱۶؍کے دوسرے مرحلے کے مقابلے میں بدھ کی دیر رات کھیلے جانے والے دلچسپ مقابلے میں ریئل میڈرڈ نے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین(پی ایس جی) کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے ہراکر کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ محفوظ کر لی۔

Karim Benzema. Picture:INN
ریئل میڈرڈ کے کپتان کریم بینزیما گول کرنےکے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے۔۔ تصویر: آئی این این

چمپئن لیگ کے راؤنڈ آف ۱۶؍کے دوسرے مرحلے کے مقابلے میں بدھ کی دیر رات کھیلے جانے والے دلچسپ مقابلے میں ریئل میڈرڈ نے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین(پی ایس جی) کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے ہراکر کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ محفوظ کر لی۔ واضح رہے کہ پی ایس جی نے پہلا مرحلہ ایک صفر سے جیتا تھا۔گزشتہ رات ریئل میڈرڈ کے ذریعے کئے جانے والے ۳؍گول کی بدولت ٹیم نے پی ایس جی کے خلاف مجموعی طور پر ۲۔۳؍ سے مقابلہ جیت لیا ۔اس شکست کے ساتھ ہی پی ایس جی چمپئن لیگ  ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی اور اس کا چمپئن لیگ خطاب جیتنے کا خواب ایک بار پھر چکنا چور ہوگیا۔ چمپئن لیگ کی تاریخ میں پی ایس جی کی ٹیم ویسے تو کئی بار خطاب کے دعویدار کے طور پر اتری ہے اور اس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ بھی کیا لیکن اہم مقابلوں میں اسے ہر بار شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔لیونل میسی،نیمار اور کائلین ایمباپے کی موجودگی میں ایسا لگ رہا تھا کہ ٹیم شاید پہلی بار خطاب جیتنے میں کامیابی حاصل کر لے لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔پی ایس جی کی امیدوں پر ریئل میڈرڈ کے کپتان کریم بینزیما نے پانی پھیرتے ہوئے نہ صرف میچ میں ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ اسٹار کھلاڑیوں سے مزین پی ایس جی کو ٹورنامنٹ سے باہر کا راستہ دکھا دیا۔ راؤنڈ آف ۱۶؍کے دوسرے مرحلے کے مقابلے میں پی ایس جی کو ایک صفر کی برتری حاصل تھی۔گزشتہ مقابلے میں ٹیم کےلئے واحد گول کرنے والے ایمباپے نے دوسرے لیگ کے پہلے ہاف کے ۳۹؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے ٹیم کی مجموعی برتری کو دوصفر کردیا اور ایسا لگنے لگا کہ ٹیم آسانی سے کوارٹر فائنل میں پہنچ جائےگی۔لیکن ریئل میڈرڈ کے کپتان کریم بینزیما کے ارادے کچھ اور ہی تھے۔دوسرے ہاف میں انہوںنے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ۱۷؍منٹوں میں ہیٹ ٹرک بناتے ہوئے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ان کی اس شاندار کارکردگی کا پی ایس جی کے اسٹار کھلاڑیوں نیمار،ایمباپے اور میسی کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔
 کریم بینزیما نے دوسرے ہاف میں ۳؍ گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم ریئل میڈرڈ کو شاندار جیت دلائی۔بینزیما نے کھیل کے ۶۱؍ویں منٹ میں پی ایس جی کے گول کیپر جیانلوگی ڈو انرو م کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا اور اپنی ٹیم کا پہلا گول کر دیا۔پہلا گول  ہونےکے بعد ریئل میڈرڈ کی ٹیم میں جیسے نئی جان پڑ گئی۔ٹیم نے پی ایس جی کے خلاف لگاتار کئی حملے کئے۔۷۶؍ ویں منٹ میں تجربہ کار کھلاڑی لوکا موڈرک کے پاس پر کریم بینزیمانے دوسرا گول کرکے جہاں اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں میں جوش پیدا کردیا وہیں مخالف ٹیم پی ایس جی کے کھلاڑی دباؤ میں نظر آئے۔اس گول سے دونوں ٹیموں کا مجموعی اسکور ۲۔۲؍ہوگیا تھا۔کریم بینزیما اتنے پر ہی نہیں رکے  اور انہوں نے دوسرے گول کے ۱۰۶؍ سیکنڈ بعد یعنی کھیل کے ۷۸؍ویں منٹ میںتیسرا گول کرتے ہوئے نہ صرف ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں اہم رول ادا کیا۔کریم بینزیما نے چمپئن لیگ کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک مکمل کرنے والے سب سے عمر دراز کھلاڑی ہونے کا بھی اعزاز حاصل کر لیا۔انہوںنے اس معاملےمیں اولیور گیرارڈ کا ریکارڈ توڑ دیا۔
 ٹیم کی شاندار جیت کے بعد کپتان کریم بینزیما نے کہا کہ ’’چمپئن لیگ اور لا لیگا میں ہمارے لئے ہر میچ فائنل جیسا ہے۔ہم نے آج ثابت کردیا کہ ریئل میڈرڈ زندہ ہے۔‘‘پی ایس جی کی بات کی جائے تو اسے چمپئن لیگ میں ایک بار پھر الٹ پھیر کاسامنا کرنا پڑا۔
مانچسٹر سٹی بھی کوارٹر فائنل میں
 ریئل میڈرڈ کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کے کلب مانچسٹر سٹی نے بھی کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ محفوظ کر لی ہے۔اسپورٹنگ کے خلاف بغیر گول کے ڈرا کھیلنے کے باوجود مانچسٹر سٹی نے مجموعی طور پر پانچ صفر کی برتری کے ساتھ کوارٹر فائنل میں قدم رکھا۔واضح رہے کہ سٹی نے پہلے مرحلے کا میچ پانچ صفر سے جیتا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK