Updated: March 01, 2026, 8:02 PM IST
| New Delhi
دہلی ہائی کورٹ نے سنجے کپور کی۳۰؍ ہزار کروڑ روپے کی متنازع وصیت کی فارینسک جانچ کی اجازت دے دی ہے۔ یہ فیصلہ کرشمہ کپور کے بچوں اور سنجے کی والدہ رانی کپور کی درخواست پر آیا ہے، جنہوں نے وصیت کی صداقت کو چیلنج کیا تھا۔ عدالت کے حکم کے مطابق ۱۰؍ مارچ کو ماہرین اس اصل دستاویز کی جانچ کریں گے۔ تاہم سنجے کپور کی بیوہ پریا کپور نے اس جانچ کی مخالفت کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ فی الحال یہ وصیت عدالت کی محفوظ تحویل میں ہے اور جانچ کے دوران اس کی تصویر یا نقل لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
کرشمہ اور ان کا خاندان۔ تصویر:آئی این این
کرشمہ کپور کے بچوں اور آنجہانی تاجر سنجے کپور کی والدہ رانی کپور کو دہلی ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ معاملہ تقریباً ۳۰؍ ہزار کروڑ روپے کی بھاری جائیداد اور سنجے کپور کی وصیت سے متعلق ہے، جس پر خاندان میں قانونی تنازع جاری ہے۔ فی الحال سنجے کپور کی مبینہ وصیت عدالت کی رجسٹری میں ایک مہر بند لفافے میں محفوظ رکھی گئی ہے۔ عدالت نے اب اس متنازع وصیت کی فارینسک جانچ کی اجازت دے دی ہے تاکہ اس کی حقیقت معلوم کی جا سکے۔
کرشمہ کپور اور سنجے کپور کی دوسری بیوی پریا کپور کے درمیان تنازع مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے۔’’ای ٹائمز‘‘ نے ’’بار اینڈ بینچ‘‘ کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ جوائنٹ رجسٹرار گگن دیپ جندل نے۲۶؍ فروری کو حکم دیا کہ کرشمہ اور رانی کپور اپنے ہینڈ رائٹنگ ماہرین کے ساتھ ۱۰؍ مارچ کو دوپہر ۳؍ بجے اس اصل وصیت کی جانچ کر سکتی ہیں تاہم پریا کپور (سنجے کی بیوہ) کے وکلاء نے اس جانچ کی سخت مخالفت کی اور کہا کہ اس مرحلے پر فارینسک جانچ کی ضرورت نہیں ہے۔ عدالت نے ان کے دلائل کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ جانچ کے دوران پریا کے وکلاء بھی وہاں موجود رہ سکتے ہیں لیکن وصیت کی کوئی تصویر یا نقل لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے:فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے انعقاد میں اب صرف ۱۰۰؍ دن باقی،۴۸؍ ٹیمیں مدمقابل
۱۰؍ مارچ کو ماہرین وصیت کی جانچ کریں گے
تنازع اس وصیت کو لے کر ہے جس میں مبینہ طور پر سنجے کپور کی تمام جائیداد ان کی بیوی پریا اور ان کے بچے کے نام کر دی گئی ہے۔ کرشمہ کپور کے دونوں بچوں اور سنجے کی والدہ نے اس دعوے کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ دستاویز کی باریک بینی سے فارینسک جانچ ضروری ہے تاکہ اس کی صداقت ثابت ہو سکے۔ اب سب کی نظریں ۱۰؍ مارچ پر مرکوز ہیں جب ماہرین اس اربوں روپے کی وصیت کا تفصیلی معائنہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے:سونل چوہان دبئی ایئرپورٹ پر پھنس گئیں، وزیراعظم مودی سے مدد کی اپیل
کرشمہ کپور نے ۲۰۰۳ء میں سنجے کپور سے شادی کی تھی
ابھیشیک بچن سے منگنی ٹوٹنے کے بعد کرشمہ کپور نے ۲۰۰۳ء میں تاجر سنجے کپور سے شادی کی تھی۔ دونوں کے دو بچے ہیں۔ ۲۰۱۶ء میں دونوں الگ ہو گئے تھے۔ کرشمہ کپور نے شوہر کے ساتھ تنازع پر کھل کر بیانات دیے تھے، جس کے بعد ان کا جھگڑا میڈیا میں نمایاں ہو گیا تھا۔ اداکاری سے کچھ عرصہ وقفہ لینے کے بعد کرشمہ کپور ایک بار پھر اسکرین پر سرگرم ہیں اور اسٹیج شوز میں بھی حصہ لیتی رہتی ہیں۔