Inquilab Logo

فُلر نے جاپان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا

Updated: November 28, 2022, 2:26 PM IST | Agency | Al-Rayyan/Qatar

کوسٹا ریکا نے گزشتہ میچ میں شرمناک شکست سے باہرنکلتے ہوئے جاپان کو ایک صفر سے ہراکر سپر۔۱۶؍میں پہنچنے سے روک دیا

Keysher Fuller scored a decisive goal for Costa Rica against Japan.Picture:INN
کیشر فُلر نے جاپان کے خلاف کوسٹا ریکا کیلئے گول کیا جو فیصلہ کن ثابت ہوا۔ تصویر :پی ٹی آئی

کوسٹاریکا نے اپنے  پہلے میچ میں اسپین کے ہاتھوں ۷۔صفر کی عبرتناک شکست کا سامنا کرنے کے بعد اتوار کو فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۲ءکے گروپ’ ای‘ کے میچ میں جاپان کو  ایک صفرسے شکست دے کر نہ صرف سپر۔۱۶؍میں پہنچنے کی اپنی امید کو زندہ رکھا بلکہ جاپان کی ناک آؤٹ مرحلے  میں پہنچنے  کی امید کو جھٹکا دیا ہے۔احمد بن علی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوسٹاریکا کی جانب سے کیشر فُلر (۸۱؍ویں منٹ) نے گول کیا۔  جرمنی کو  دو ایک سے شکست دے کر ایک بڑا لٹ پھیر کرنے والے جاپان نے  یہاں بھی مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن فلر کا آخری لمحات میں کیا گیا گول فیصلہ کن ثابت ہوا۔میچ کے ابتدائی ۸۰؍ منٹ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے کئی ناکام کوششیں کی گئیں۔ مقررہ   وقت میں جب صرف ۹؍ منٹ باقی تھے تو  فلر نے جاپان کے باکس کے قریب یولسٹن تیجیڈا سے پاس لیا اور گول کی طرف شاٹ لگائی اور گیند گول کیپر شوچی گونڈا سے گزر کر جال میں چلی گئی۔کوسٹاریکا گروپ’ ای‘ کے ۲؍ میچوں میں ۳؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ جاپان اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ گول شمار کی بنیاد پر دوسرے نمبر پر ہے۔ جب تک گول نہیں ہوا تھا تب تک جاپان نے میچ پر دبدبہ بنائے رکھا تھا اور گول کرنے کی کوشش بھی کی لیکن کھلاڑی گول کرنے میں ناکام رہے۔ایک گول سے پچھڑنے کے بعد جاپانی کھلاڑیوں نے اپنے کھیل میں مزید تیزی لاتے ہوئے برابری کا گول کرنے کی کوشش کی اور کوسٹاریکا کے گول پوسٹ پر کئی حملے بھی کئے لیکن گول کیپرکیلور نواس نے جاپانی کھلاڑیوں کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔دونوں ہی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے پہلے ہاف میں ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش کی حالانکہ اس دوران دونوں ہی ٹیم ایک دوسرے کیلئے خطرناک ثابت نہیں ہوئیں۔دوسرے ہاف میں جاپان کے ساتھ ساتھ کوسٹاریکا کے کھلاڑیوں نے بھی اپنے کھیل میں تیزی لائی اور گول کرنے کے کئی مواقع بنائے لیکن کامیابی کھیل کے ۸۱؍ویں منٹ میں کوسٹا ریکا کو ملی اور اس نے یہ مقابلہ ایک صفر سے اپنے نام کر لیا۔ جاپان گروپ میں اپنا آخری میچ اسپین کے خلاف کھیلے گا جبکہ کوسٹاریکا کا مقابلہ جرمنی سے ہوگا۔دونوں ہی ٹیموں کو اگر میچ جیتنا ہے تو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیوںکہ اسپین نے پہلے میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا جبکہ جرمنی اپنا پہلا میچ ہارنے کے بعد کسی زخمی شیر کی طرح مخالف ٹیم پر ٹوٹ پڑنے کےلئے تیار ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK