Inquilab Logo

چنئی سپرکنگز کی فتح کے ساتھ کنگز الیون پنجاب باہر

Updated: November 02, 2020, 9:53 AM IST | Agency | Abu Dhabi

دھونی کی ٹیم نے آئی پی ایل ۱۳؍ کے اپنے آخری میچ میں ۹؍وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ فاف ڈوپلیسس اور رتو راج کی عمدہ کارکردگی

Rituraj Singh.Picture :INN
رتو راج سنگھ ۔ تصویر:آئی این این

گیندبازوں کی عمدہ کارکردگی اور نوجوان اوپنر رتوراج گائیکواڈ کی ۶۲؍رن کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت اتوارکو چنئی سپرکنگز نے کنگز الیون پنجاب کو ۹؍ وکٹوں سے شکست دے کر آئی پی ایل ۱۳؍سے فاتحانہ وداعی لی ہے اور پنجاب کو ٹورنامنٹ سے باہر کردیا ۔ پلے آف ریس میں برقرار رہنے کے لئے پنجاب کو میچ جیتنا لازمی تھا لیکن پنجاب کو بیٹنگ کے سبب مایوس کن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دیپک ہڈا (۶۲؍ ناٹ آؤٹ) کی شاندار نصف سنچری کی مدد سے پنجاب نے۲۰؍ اوورس میں ۶؍ وکٹوں پر۱۵۳؍ رن کا مشکل اسکور بنایا لیکن یہ کوئی ایسا اسکور نہیں تھا جس کی وجہ سے چنئی کو کوئی پریشانی ہوتی۔ چنئی نے گائیکواڈ کی ناٹ آؤٹ نصف سنچری سے۱۸ء۵؍ اوورس میں ایک وکٹ پر۱۵۴؍ رن بنا کر میچ جیت لیا۔ چنئی کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹورنامنٹ سے فاتحانہ وداعی لی، اس طرح اشارہ دیا کہ وہ اگلے سال بھی آئی پی ایل میں چنئی کے لئے کھیلیں گے ۔ چنئی نے پلے آف ریس سے باہر ہونے کے بعد مسلسل ۳؍ میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ چنئی نے اس دوران بنگلور ، کولکاتا اور پنجاب کو شکست دی۔ چنئی نے ٹورنامنٹ کا اختتام ۶؍ جیت ،۸؍ شکست اور۱۲؍ پوائنٹس کے ساتھ کیا۔ دوسری جانب پنجاب نے۱۴؍ میچوں میں ۶؍ جیت ، ۸؍ شکست اور۱۲؍پوائنٹس کے ساتھ باہر ہوگئی۔ پنجاب نے اپنے پہلے ۷؍ میچوں میں صرف ایک کامیابی حاصل کی تھی جبکہ اس  نے اگلے ۵؍میچوں میں کامیابی سے ایک بار پھر حیرت انگیز مظاہرہ کیا تھا لیکن جب ضرورت پڑی تو ٹیم مسلسل دو میچ ہار گئی اور پلے آف ریس سے باہر ہوگئی۔
 چنئی نےاچھی شروعات کرتے ہوئے ہدف کا تعاقب کیا۔ فاف ڈو پلیسس ۳۴؍ گیندوں میں ۴؍ چوکوں اور ۲؍چھکوں کی مدد سے۴۸؍رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ چنئی کا پہلا وکٹ۸۲؍رن  کے اسکور پر گرا۔ اس کے بعد گائیکواڈ نے امباتی رائیڈو کے ساتھ مل کر ٹیم کو ۹؍وکٹوں سے جیت دلادی ۔گائیکواڈ نے۴۹؍ گیندوں میں ۶۲؍رن کیلئے ۶؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ رائیڈو نے ۳۰؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۳۰؍ رن میں ۲؍ چوکے لگائے۔ یہ گائیکواڈ کی لگاتار تیسری نصف سنچری ہے۔
 اس سے قبل چنئی کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے اس آئی پی ایل کے اپنے آخری میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور ان کے بولرس نے اپنے کپتان کے فیصلے کو ۱۷؍ اوورس میں درست قرار دیا تھا لیکن اس کے بعد ہڈا نے زبردست شاٹس کھیلے۔ آئی پی ایل کا اپنا بہترین اسکور بنایا اور ایک پنجاب کو۶؍ وکٹوں پر۱۱۳؍رن کی نازک پوزیشن سے نکال کر قابل دفاع اسکور تک پہنچادیا ۔ لیکن آخر میں یہ اسکور کافی نہیں رہا۔ ہڈا نے ناٹ آؤٹ ۶۲؍ رن  میں صرف۳۰؍ گیندوں میں ۳؍چوکے اور۴؍چھکے لگائے۔ یہ آئی پی ایل میں ہڈا کی دوسری نصف سنچری تھی۔ چھٹے نمبر پر بیٹسمین دیپک ہڈا نے آخری اوورس میں کچھ زبردست شاٹس کھیلے۔ ہڈا نے۱۸؍ ویں اوور میں لونگی اینگیڈی کے اوور میں ۲؍چھکے لگائے۔ انہوں نے اگلے ہی اوور میں شاردل ٹھاکر کو ایک چوکا لگایا۔ ہڈا نے آخری اوور میں اینگیڈی کو ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا جس سے پنجاب کو ڈیڑھ سو کے اسکور تک  لے گئے۔ پنجاب کی شروعات۴۸؍ رن کے ساتھ ہوئی لیکن اس کے بعد اس کی اننگز لڑکھڑاگئی۔ ۱۵؍ گیندوں میں ۵؍ چوکوں کی مدد سے۲۶؍رن بنانے والے مینک اگروال کو   لونگی نے بولڈ کیا۔ پنجاب کے کپتان لوکیش راہل کو بھی اینگیڈی نے بولڈ کیا۔ راہل نے ۲۷؍ گیندوں میں ۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۲۹؍ رن بنائے۔ نکولس پورن کو شاردل ٹھاکر نے وکٹ کیپر دھونی کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ پورن ۲؍ رن بناسکے۔ آخری میچ میں۹۹؍رن  بنانے والے کرس گیل اس بار۱۲؍ رن بنانے کے بعد آف اسپنر عمران طاہر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ گیل نے ڈی آر ایس لیا لیکن فائدہ نہیں ہوا۔مندیپ سنگھ کو بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجا نے بولڈ کیا۔ مندیپ نے۱۵؍ گیندوں پر۱۴؍رن بنائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK