Inquilab Logo

کے ایل راہل اورشبھمن گل ڈبلیو ٹی سی فائنل میں کھیل سکتے ہیں:رکی پونٹنگ

Updated: March 08, 2023, 12:34 PM IST | Dubai

آسٹریلوی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا: دونوں کو ایک ہی ٹیم میں جگہ مل سکتی ہے ،شبھمن اننگز کا آغاز کر سکتے ہیں اور راہل مڈل آرڈر میں کھیل سکتے ہیں

photo;INN
تصویر :آئی این این

 آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کا ماننا ہے کہ اگر ہندوستان جون میں انگلینڈ کے اوول میں ہونے والی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل میں جگہ بناتا ہے تو اسے شبھمن گل اور کے ایل راہل دونوں کو الیون میں جگہ دی جانی چاہئے۔ واضح رہے کہ راہل طویل عرصے سے خراب فارم  سے پریشان ہیں۔ ہندوستان نے اندور میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے لئے الیون میں راہل کی جگہ گل کو جگہ دی تھی حالانکہ پونٹنگ کا خیال ہے کہ اوول کے حالات ہندوستان سے مختلف ہیں اور ہندوستانی ٹیم کو وہاں راہل کی ضرورت ہوگی۔
 رکی پونٹنگ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے پوڈ کاسٹ `ریویو پر کہاکہ ’’یہ دونوں کھلاڑی (راہل اور گل) تھوڑا بہت ٹیسٹ کرکٹ کھیل چکے ہیں اور آپ ان دونوں کو ایک ہی ٹیم میں رکھ سکتے ہیں۔ شبھمن اننگز کا آغاز کر سکتے ہیں اور راہل مڈل آرڈر میں کھیل سکتے ہیں۔ ٹاپ آرڈر میں بھی لیکن وہ (راہل) انگلش حالات میں کرکٹ کھیل چکے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ راہل نے انگلینڈ میں اپنی ۷؍ٹیسٹ سنچریوں میں سے ۲؍ اسکور کی ہیں۔ انہوں نے رشبھ پنت (۱۱۴؍رن) کے ساتھ۲۰۴؍رن کی شراکت کی،۲۰۱۸ء میں انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں۱۴۹؍ رن بنائے۔ رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں جہاں گیند کافی دیر تک سوئنگ کرتی ہے، راہل مڈل آرڈر میں کارگر ثابت ہو سکتے ہیں۔ پونٹنگ نے کہاکہ ’’ہم انگلینڈ کے بارے میں اتنا جانتے ہیں کہ وہاں گیند کافی دیر تک سوئنگ کرتی ہے۔ اگر ابر آلود ہو تو گیند پوری اننگز میں اسی طرح سوئنگ کرتی ہے۔‘‘
 کے ایل راہل کے علاوہ ہندوستان کے سابق کپتان وراٹ کوہلی بھی کافی عرصے سے خراب فارم میں چل رہے ہیں تاہم، انہوں نے محدود اوورس کے کرکٹ میں اپنا فارم حاصل کرلیاہے، اپنی آخری ۱۰؍ ٹیسٹ اننگز میں ۱۹ء۵۵؍کے اوسط سے۱۷۶؍ رن  بنائے۔ پونٹنگ کوہلی کے خراب فارم سے پریشان نہیں ہیں۔ پونٹنگ نے کہا کہ میں اس سیریز میں کسی کھلاڑی کے فارم کے بارے میں نہیں سوچ رہا ہوں۔ یہ دورہ کسی بھی بلے باز کیلئے ڈراؤنا خواب رہا ہے۔ وراٹ کے لئے میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں اور بار بار کہوں گا۔ چمپئن کھلاڑی ہمیشہ کوئی نہ کوئی راستہ تلاش کرتے ہیں۔ اس وقت ایسا لگتا ہے کہ وہ جدوجہد کر رہے ہیں  اور وہ رن نہیں بنا رہے ہیں جس کی ان سے توقع کی جا رہی ہے۔‘‘
 انہوں نے کہاکہ’’ایک بلے باز کے طور پر جب آپ رن نہیں بنا رہے ہوں اور آپ جدوجہد کر رہے ہوں تو آپ کو کسی کو بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ آپ خود جانتے ہیں۔ میں (پونٹنگ) وراٹ کوہلی کے فارم سے بالکل پریشان نہیں ہوں  کیونکہ میں جانتا ہوں کہ وہ واپس آ ئیں گے۔‘‘ پونٹنگ نے ہندوستان اور آسٹریلیا دونوں پر زور دیا کہ وہ انگلینڈ کے حالات سے ہم آہنگ ہوجائیں اور اسے ذہن میں رکھتے ہوئے ڈبلیو ٹی سی فائنل کے لئے الیون کا انتخاب کریں۔پونٹنگ نے کہاکہ چونکہ یہ صرف ایک ٹیسٹ میچ ہے، اس لئے اس ٹیم کاانتخاب کرنا واقعی اہم ہوگاجو آپ کے خیال میں ان حالات میں سب سے زیادہ کامیاب ہوگی۔ سورج نکلنے پر اوول بلے بازی کے لئے ایک اچھی جگہ ہو سکتی ہے۔ یہ برطانیہ کی اب تک کی بہترین وکٹ ہو سکتی ہے۔ لہذا مجھے لگتا ہے کہ نتیجہ حالات کا جائزہ لینے اور پچھلی (بارڈر-گاوسکر ٹرافی) سیریز کو بھولنے پر منحصر ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK