Inquilab Logo Happiest Places to Work

بارش سے متاثرہ میچ میں راہل اور وراٹ کی طوفانی بلے بازی

Updated: September 12, 2023, 11:37 AM IST | Agency | Colombo

ہندوستان کے اسٹار بلےباز وراٹ کوہلی نے ریکارڈ ساز اننگز کھیلی اور یکروزہ کرکٹ میں ۱۳۰۰۰؍رن مکمل کئے۔ پاکستان کے خلاف ۳۵۶؍رن کا ہمالیائی اسکور بنایا۔

Virat Kohli and KL Rahul. Photo: INN
وراٹ کوہلی اور کے ایل راہل۔ تصویر:آئی این این

وراٹ کوہلی (ناٹ آؤٹ۱۲۲؍رن) اور کے ایل راہل (۱۱۱؍رن) کے درمیان۲۳۳؍ رن کی ناٹ آؤٹ شراکت کی بدولت ہندوستان نے مقررہ ۵۰؍اوورس میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف ایشیا کپ سپرفور مرحلے میں بارش کی رکاوٹ کے دوران ۳۵۶؍رن بنائے۔ پاکستان کو جیتنے کیلئے ۷ء۱۲؍ رن فی اوور کے حساب سے ۳۵۷؍رن بنانے ہوں گے۔
 وراٹ اور راہل پیر کو آر پریماداسا اسٹیڈیم میں پورے جوش و خروش میں نظر آئے۔ دونوں بلے بازوں نے پاکستانی باؤلنگ اٹیک کا سخت مقابلہ کیا اور پورے میدان میں رن کی بارش کردی۔ وراٹ نے اننگز کے۴۸؍ویں اوور کی دوسری گیند پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند کو پل کر کے دنیا کے بہترین پیس اٹیک کو معمولی ثابت کیا اور دو رن لئے اور اس کے ساتھ ہی کوہلی نے ۱۳۰۰۰؍ رن مکمل کر لئے۔ اگلی ہی گیند پر وراٹ نے کور پوائنٹ پر کھیلا اور ایک سنگل چرایا اور ون ڈے کریئر کی۴۷؍ویں سنچری مکمل کی۔
اس سنچری کے ساتھ وراٹ سچن تنیڈولکر کے بعد سب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں بنانے والے دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں ۔ سچن نے اپنے ون ڈے کریئر میں ۴۹؍سنچریاں اسکور کی ہیں ۔ وراٹ اب اس ریکارڈ کو توڑنے میں صرف ۲؍ سنچریاں پیچھے ہیں ۔ وراٹ نے اپنی ناٹ آؤٹ سنچری میں صرف۹۴؍ گیندوں میں ۹؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگائے۔
 دوسری جانب کرناٹک کے کے ایل راہل جو کہ تقریباً ۶؍ ماہ کے طویل وقفے کے بعد ون ڈے ٹیم میں متبادل کھلاڑی کے طور پر جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے، نے پیرکو اپنی فٹنیس کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ انہوں نے وراٹ کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے رن کی رفتار کو تیز رکھا۔ انہوں نے ۴۷؍ویں اوور میں نسیم شاہ کی گیند پر ۲؍ رن لے کرکریئر کی ۵؍ویں سنچری مکمل کی۔
 پاکستان کے اسٹار بولر شاہین شاہ آفریدی مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے، انہوں نے اپنے دس اوور کے اسپیل میں ۷۹؍ رن دے کر شبھمن گل (۵۸؍رن) کا وکٹ حاصل کیا۔ ہندوستانی کپتان روہت شرما (۵۶) کی وکٹ اسپنر شاداب خان کے حصے میں آئی۔
 اتوار کو ہندوستان نے۲؍ وکٹوں پر۱۴۷؍ رن بنائے تھے جب امپائرس نے بارش کی وجہ سے اگلا میچ ریزرو ڈے یعنی پیر کو کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ پیرکو بھی بارش کی وجہ سے میچ ہندوستانی وقت کے مطابق شام۴؍ بجکر۴۰؍منٹ پر شروع ہو سکا۔ وراٹ اور راہل کی جوڑی نے پیر کے کھیل کا آغاز ترتیب وار انداز میں کیا۔
کولمبو میں ۱۳؍ہزاری کا `وراٹ شو 
ہندوستان کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کی ایشیا کپ۲۰۲۳ء کے سپر فور مرحلے کے میچ میں پیر کو پاکستان کے خلاف سنچری ملک اور دنیا کے کروڑوں کھیل شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ اس میچ میں وراٹ نے اپنے ون ڈے کریئر کے۱۳؍ ہزار رن مکمل کئے اور یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے ۵؍ویں بلے باز بن گئے۔ انہوں نے یہ۱۳؍ ہزار رن۲۷۸؍ میچوں کی صرف ۲۶۷؍ اننگز میں مکمل کئے ہیں ۔ سچن تینڈولکر کو۱۳؍ ہزار رن بنانے کیلئے۳۲۱؍ اننگز کھیلنی پڑیں جب کہ رکی پونٹنگ نے ۳۴۱، کمار سنگاکارا نے۳۶۳؍ اور سنت جے سوریا نے۴۱۶؍ میچوں میں ۱۳؍ ہزار رن بنائے۔بڑی اننگز کھیلنے کیلئے مشہور ہندوستان کے اس عظیم بلے باز نے اپنے ون ڈے کریئر کی۴۷؍ویں سنچری بھی مکمل کر لی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK