آج سے انڈیا ’اے‘ اور انگلینڈ لائنز کے درمیان دوسرے غیر سرکاری ٹیسٹ میچ کا آغاز،کھلاڑی انگلینڈ کے موسم اور وکٹ سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کریں گے۔
EPAPER
Updated: June 06, 2025, 1:48 PM IST | Agency | Northampton
آج سے انڈیا ’اے‘ اور انگلینڈ لائنز کے درمیان دوسرے غیر سرکاری ٹیسٹ میچ کا آغاز،کھلاڑی انگلینڈ کے موسم اور وکٹ سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کریں گے۔
انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے پہلے کے ایل راہل ریڈ بال فارمیٹ میں پریکٹس کریں گے، جب انڈیا’ اے‘ ٹیم جمعہ سے انگلینڈ لائنز کے خلاف دوسرے اور آخری غیر سرکاری ٹیسٹ کھیلے گی۔ ہندوستان کے بیشتر حصوں میں مانسون کی وجہ سے راہل نے ٹیسٹ ٹیم سے پہلے پریکٹس کے لئے برطانیہ پہنچنے کا فیصلہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ پہلا ٹیسٹ ۲۰؍جون سے شروع ہوگا۔ شبھمن گل کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم جمعہ کو ممبئی سے روانہ ہوگی۔ کے ایل راہل، جنہوں نے انگلینڈ میں ۲؍ سنچریاں اسکور کی ہیں، ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے سب سے سینئر رکن ہیں۔ وراٹ کوہلی اور روہت شرما ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔ راہل نے ۵۸؍ٹیسٹ میں ۳۳ء۵۷؍ کے اوسط سے رن بنائے ہیں لیکن انہیں زیادہ تر کامیابی ٹاپ آرڈر میں ملی ہے۔
گل اور سدرشن کو پریکٹس میچ کھیلنے کا موقع
ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان شبھمن گل اور سائی سدرشن کو بھی دوسرا ۴؍ روزہ میچ کھیلنا تھا لیکن آئی پی ایل کی وجہ سے وہ نہیں کھیل سکے۔ دونوں کو لیڈز میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ سے قبل ٹیم کے اندر صرف پریکٹس میچ کھیلنے کا موقع ملے گا۔ ٹیسٹ ٹیم کے۶؍ کھلاڑی نے انگلینڈ لائنز کے خلاف پہلا میچ کھیلا جو ڈرا ہوگیا۔ دریں اثنا تیز گیندباز آکاش دیپ دوسرے میچ میں کھیلیں گے۔ یشسوی جیسوال، ابھیمنیو اور کرونا نائر نے پہلے میچ میں رن بنائے۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رتوراج گائیکواڑ اور ایشان کشن کو دوسرے میچ میں موقع دیا جائے گا۔ تیز گیند باز آل راؤنڈر کے لئے شاردول ٹھاکر اور نتیش ریڈی میں سے کسی ایک کا انتخاب کیا جائیگا۔ دونوں نے پہلا میچ کینٹربری میں کھیلا لیکن ٹھاکر نے ریڈی سے زیادہ بولنگ کی۔ فٹنس وجوہات کے سبب ریڈی آئی پی ایل میں بھی زیادہ نہیں کھیل سکے تھے۔ کُل ملاکر کہہ سکتے ہیں کہ یہ میچ کھلاڑیوں کو موسم اور وکٹ کو سمجھنے میں مدددیگا۔