• Thu, 29 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کریتی کھربندا نے سنجیدہ سے مزاحیہ تک مختلف قسم کے رول نبھائے

Updated: October 29, 2026, 1:28 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ہندوستانی فلمی دنیا میں کچھ اداکارائیں ایسی ہیں جو اپنی خوب صورتی اور دلکش شخصیت کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں، جب کہ کچھ اپنی اداکاری اور مختلف کرداروں کو نبھانے کی صلاحیت سے ناظرین کے دلوں میں جگہ بناتی ہیں۔

Kriti Kharbanda. Photo: INN
کریتی کھربندا۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی فلمی دنیا میں کچھ اداکارائیں ایسی ہیں جو اپنی خوب صورتی اور دلکش شخصیت کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں، جب کہ کچھ اپنی اداکاری اور مختلف کرداروں کو نبھانے کی صلاحیت سے ناظرین کے دلوں میں جگہ بناتی ہیں۔ کریتی کھربندا ان اداکاراؤں میں شامل ہیں جنہوں نے اپنے فلمی سفر کا آغاز جنوبی ہند کی فلموں سے کیا اور پھر ہندی سنیما میں بھی اپنی شناخت قائم کرنے کی کوشش کی۔ رومانوی فلموں سے لے کر مزاحیہ کہانیوں اور سنجیدہ کرداروں تک، انہوں نے مختلف قسم کی فلموں میں کام کرکے اپنی صلاحیتوں کو آزمایا ہے۔

کریتی کھربندا کی پیدائش ۲۹؍اکتوبر ۱۹۸۸ءکو نئی دہلی میں ہوئی۔ ان کا تعلق پنجابی خاندان سے ہے۔ ان کی پرورش بنگلورو میں ہوئی، جہاں انہوں نے اپنی تعلیم حاصل کی۔انہیں زیورات کی ڈیزائننگ میں بھی دلچسپی تھی اور انہوں نے اس شعبے میں ڈپلومہ حاصل کیا۔کریتی کا فلموں سے تعلق قائم ہونے سے پہلے اشتہارات اور ماڈلنگ کی دنیا سے واسطہ پڑا۔ انہوں نے کم عمری ہی میں اشتہارات میں کام کرنا شروع کردیا تھا اور کالج کے زمانے میں بھی ماڈلنگ جاری رکھی۔ مختلف مصنوعات کے اشتہارات میں کام کرنے کے دوران انہیں کیمرے کے سامنے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملا۔ بھیما جیولرس اور اسپار جیسے برانڈز کے اشتہارات ان کے ابتدائی کام میں شامل رہے۔کریتی کھربندا نے۲۰۰۹ءمیںتیلگو فلم ’بونی‘ سے اداکاری کی دنیامیں قدم رکھا۔اگرچہ فلم کو باکس آفس پر بڑی کامیابی نہیں ملی، لیکن اس تجربے نے انہیں فلمی صنعت میں کام کرنے کا موقع فراہم کیا۔ کریتی نے اپنے کریئرکے ابتدائی برسوں میں صرف ایک کامیاب فلم پر انحصار کرنے کے بجائے مسلسل کام کرنے کو ترجیح دی۔ اس دور میں ان کی کئی فلمیں ریلیز ہوئیں اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا موقع ملتا رہا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’جیلر ۲‘‘: رجنی کانت نے اپنی ہی فلم کو پیچھے چھوڑدیا

کریتی کھربندا نے ۲۰۱۶ءمیںوکرم بھٹ کی ہدایت کاری میںبننے والی ہندی فلم ’راز ریبوٹ‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ یہ ایک ہارر تھرلر فلم تھی، جس میں عمران ہاشمی مرکزی کردار میں تھے۔ کریتی کے لیے ہندی سنیما میں کام کرنے کا یہ پہلا بڑا موقع تھا۔ ۲۰۱۷ء میںکریتی نے فلم ’گیسٹ اِن لندن‘ میں کام کیا۔ اس فلم میں کارتک آرین اور پریش راول جیسے اداکار بھی شامل تھے۔ اسی سال ان کے کریئر میں ایک ایسی فلم آئی جس نے انہیں ہندی سنیما کے ناظرین میں خاصی پہچان دلائی۔ یہ فلم تھی ’شادی میں ضرور آنا‘۔  ۲۰۱۹ء میں وہ کامیڈی فلم ’ہاؤس فل۴؍‘ میں نظر آئیں۔ اس فلم میں اکشے کمار، رتیش دیشمکھ، بوبی دیول،کریتی سینن اور پوجا ہیگڑے سمیت کئی معروف اداکار شامل تھے۔۲۰۱۹ءمیںانہیں لوک مت اسٹائلش ایوارڈز میں ابھرتی ہوئی خاتون اسٹارکےطورپر اعزاز دیاگیا۔ ۲۰۲۰ءمیں ’ہاؤس فل۴؍‘ کیلئےمزاحیہ کردار میں بہترین اداکارہ کا لائنس گولڈ ایوارڈ ان کے نام رہا۔ ’تائیش‘ کے لیے او ٹی ٹی اداکارہ کی نامزدگی بھی ان کے کیریئر کی قابل ذکر کامیابیوں میں شامل ہے۔ اس سے قبل بھی جنوبی ہند کی فلموں کیلئے بھی انہیں کئی اعزازات مل چکے تھے۔

ان کی فلمی فہرست میں ’شادی میں ضرور آنا‘ جیسی جذباتی کہانی، ’ہاؤس فل۴؍‘ جیسی تجارتی کامیڈی، ’تائیش‘ جیسی سنجیدہ فلم اور ۱۴؍پھیرے‘ جیسی سماجی موضوعات سے جڑی کہانی شامل ہے۔ ان فلموں سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے اپنے کرداروں میں تنوع پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK