امریکی صدر ٹرمپ نے ٹروتھ پوسٹ پر دعویٰ کیا کہ دنیا بھرمیں ۹؍جنگیں رکواچکا ہوں، یہ ۱۰؍ویں جنگ ہے۔
EPAPER
Updated: April 17, 2026, 9:50 AM IST | Mumbai
امریکی صدر ٹرمپ نے ٹروتھ پوسٹ پر دعویٰ کیا کہ دنیا بھرمیں ۹؍جنگیں رکواچکا ہوں، یہ ۱۰؍ویں جنگ ہے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان۱۰؍ روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا۔ ٹرمپ نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک۱۰؍ روزہ سیزفائر پر متفق ہوگئے ہیں۔ ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کی لبنانی صدر جوزف عون اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے مثبت گفتگو ہوئی، جس کے بعد دونوں لیڈران نے امن کے لیے باضابطہ طور پر شام۵؍ بجے (ایسٹرن ٹائم) سے۱۰؍ روزہ جنگ بندی شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ منگل کو دونوں ممالک نے۳۴؍ برس بعد پہلی بار واشنگٹن ڈی سی میں ملاقات کی، جہاں مارکو روبیو بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ روبیو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس ڈین کین کو ہدایت دی گئی ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے ساتھ مل کر مستقل امن کیلئے کام کریں۔ ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ وہ دنیا بھر میں۹؍ جنگیں ختم کروا چکے ہیں اور یہ انکی۱۰؍ویں کامیابی ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی ہائی کورٹ میں انتہا پسند وزیربین گویرکی برطرفی کی درخواست پر سماعت شروع
اس سے قبل لبنان کے صدر جوزف عون نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا دیرپا امن و استحکام کیلئے ان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔ اپنے بیان میں جوزف عون نے کہا کہ لبنان جلد از جلد اس آگ کو روکنے کیلئے ان کوششوں کے جاری رہنے کی خواہش کرتا ہے۔
صدارتی آفس کے بیان میں کہا گیا کہ ٹرمپ نے لبنان اور صدر جوزف عون کیلئے اپنی حمایت کا اظہار کیا، انہوں نے لبنان کی جلد جنگ بندی کی درخواست کو پورا کرنے کے اپنے عزم پر زور دیا۔ اس سے پہلے لبنان نے برطانیہ کو یقین دہانی کروائی کہ لبنانی حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اسلحہ صرف ریاست تک محدود رہے گا۔
نیتن یاہو آج لبنانی صدر سے بات چیت کریں گے
اسرائیلی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی گیلا گملیئل کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو آج لبنان کے صدر جوزف عون سے گفتگو کریں گے۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر گیلا گملیئل نے اسرائیلی آرمی ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو آج لبنانی صدر جوزف عون سے گفتگو کریں گے۔ اسرائیلی سیکیورٹی کابینہ کی رکن گیلا گملیئل نے کہا کہ وزیرِ اعظم کئی برسوں بعد پہلی بار لبنان کے صدر سے بات کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت بالآخر خوش حالی کی جانب لے جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: گوگل اے آئی سے سرخیاں بدل رہا ہے؟ آر ایس ایف نے صحافتی آزادی پر حملہ قرار دیا
خیال رہے کہ جنگ بندی کے حوالے سے ڈونالڈ ٹرمپ کی اس پوسٹ کے بعد متعدد میڈیا رپورٹس میں ایک لبنانی عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا کہ لبنان کو ایسے کسی ممکنہ رابطے کے بارے میں علم نہیں۔
اس سے قبل رواں ہفتے واشنگٹن میں اسرائیلی اور لبنانی نمائندوں کے درمیان امریکی حمایت سے ایک اہم ملاقات ہوئی تھی، جسے دونوں ممالک کے درمیان اب تک کا اعلیٰ ترین سطح کا رابطہ قرار دیا جا رہا ہے۔