Inquilab Logo

فائنل میں جگہ بنانے کیلئے لیورپول اور ویلاریئل میں مقابلہ

Updated: May 03, 2022, 12:19 PM IST | Agency | Madrid

چمپئن لیگ کے سیمی فائنل کا دوسرا مرحلہ ویلا ریئل کے گھریلو میدان پر۔ لیورپول نے پہلا مرحلہ جیتا تھا

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

:چمپئن لیگ کے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے کے میچ میں منگل کی دیر رات لیورپول کی ٹیم ، ویلا ریئل کی میزبانی میں کھیلے گی۔ سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں لیورپول کو صفر۔۲؍ گول کی برتری حاصل رہے گی۔ لیورپول فٹبال کلب نے اپنے گھریلو میدان  اینفیلڈ پر صفر۔۲؍ سے کامیابی حاصل کی تھی اور وہ ویلا ریئل کے میدان پر بھی کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنانا چاہے گا۔
 لیورپول کے پاس اس وقت مضبوط ٹیم ہے اور اس کے سبھی کھلاڑی گول کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس لئے اس میچ میں لیورپول کا پلڑا بھاری رہے گا۔لیورپول اس وقت ای پی ایل کے ٹیبل پردوسرے نمبرپر ہے اور وہ ٹاپ پر موجود مانچسٹر سٹی سے ایک پوائنٹ پیچھےہے۔ امسال لیورپول کی ٹیم نے اچھا مظاہرہ کیاہے۔ ا س سیزن میں اس  نے لیگ کپ جیتاہے، ایف اے کپ کے فائنل میں ہے ، انگلش لیگ کے ٹیبل پر دوسرے نمبرپر ہے اور چمپئن لیگ کے سیمی فائنل میں کھیل رہا ہے۔پریمیر لیگ کے گزشتہ میچ میں اسے نیوکیسل یونائٹیڈ فٹبال کلب کو شکست دینے کیلئے جدوجہد کرنی پڑی تھی حالانکہ اس نے یہ میچ صفر۔ ایک گول سے جیت لیا تھا۔ 
 دوسری  طرف ویلا ریئل لالیگا کے ٹیبل پر ۷؍ویں نمبر پر ہے اور اس کے کھیل میں تسلسل نہیں ہے۔اسپینش فٹبال کلب کبھی اچھا کھیل رہا ہے اور کبھی خراب۔ گزشتہ ہفتے اسے لالیگا کے میچ میں ڈیپورٹیو الویس فٹبال کلب کے ہاتھوں ۱۔۲؍ گول سے شکست کا سامنا کرناپڑا تھا۔ اس شکست کی وجہ سے اسے ۲؍پوائنٹس کا نقصان ہواہے۔ اس کی کوشش ہوگی کہ وہ دوسرے مرحلے کے میچ میں لیورپول کو ہرا دے ۔ 
 لیورپول اور ویلا ریئل کے درمیان ۴؍ میچ ہوئے ہیں اوران میں سے ۲؍میچ لیورپول نے جیتے ہیں۔ ویلا ریئل کو ایک میچ میں کامیابی نصیب ہوئی ہے۔ ان دونوںکے درمیان گزشتہ مقابلہ اینفیلڈکے میدان پر چمپئن لیگ کے سیمی فائنل کا پہلا مرحلہ تھا۔ مجموعی طورپر دیکھیں تو گزشتہ ۵؍میچوںمیں ویلا ریئل نے ۲؍میچ ہارے ہیں، ۲؍ میچ جیتے ہیں اور ایک میچ ڈرا کیاہے۔ لیورپول نے گزشتہ ۵؍ میچ جیتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK